Inquilab Logo

انٹرن شپ کیا ہوتی ہے اور اس کے فوائد کیا ہیں؟ 

Updated: January 23, 2020, 1:24 PM IST | Zulekha Awais

انٹرن شپ، وہ تربیتی پروگرام ہےجو ملازمت/کاروبار کی شروعات کرنے سے قبل کالج /یونیورسٹی طلبہ کی تربیت کیلئے ہوتا ہے۔ اس کا بنیادی مقصد طلبہ کو ان کی انتظامی اور تکنیکی مہارت نکھارنے میں مدد دینا ہے۔ یہ کہا جائے تو بیجا نہ ہوگا کہ انٹرن شپ ہنر مند افرادی قوت کی بنیاد ہے ۔انٹرن شپ ملازمت کاوہ تجرباتی دورانیہ ہے جس سے گزرے بغیر کوئی نوجوان عملی زندگی میں کامیاب نہیں ہوسکتا۔

علامتی تصویر۔ تصویر: آئی این این
علامتی تصویر۔ تصویر: آئی این این

انٹرن شپ، وہ تربیتی پروگرام ہےجو ملازمت/کاروبار کی شروعات کرنے سے قبل کالج /یونیورسٹی طلبہ کی تربیت کیلئے ہوتا ہے۔ اس کا بنیادی مقصد طلبہ کو ان کی انتظامی اور تکنیکی مہارت نکھارنے میں مدد دینا ہے۔ یہ کہا جائے تو بیجا نہ ہوگا کہ انٹرن شپ ہنر مند افرادی قوت کی بنیاد ہے ۔انٹرن شپ ملازمت کاوہ تجرباتی دورانیہ ہے جس سے گزرے بغیر کوئی نوجوان عملی زندگی میں کامیاب نہیں ہو سکتا کیونکہ عملی زندگی میں کسی بھی شعبے میں کام کو بہتر انداز میں کرنے کیلئے تجربہ ضروری ہوتا ہے۔ جب طلبہ و طالبات اپنی تعلیم مکمل کر کے عملی زندگی میں قدم رکھتے ہیں تو ان کو انڈسٹری کے مطابق کام کرنا نہیں آتا۔ اس کی بہت سے وجوہات ہیں ۔ خیرکسی بھی مارکیٹ کو سمجھنے کیلئے کم از کم ۳؍ ماہ سے ایک سال کا عرصہ درکار ہوتا ہے۔ ایسے بہت سے تعلیمی شعبہ جات ایسے ہیں جن میں انٹرن شپ تعلیمی کورس کا لازمی جزو ہے، جیسے صحافت، میڈیکل، وکالت، چارٹرڈ اکاؤنٹنسی وغیرہ۔ اکثر ان شعبہ جات کے طلبہ کو ڈگری کے بعد مزید ایک سال انٹرن شپ کرنا لازمی ہوتی ہے اور انٹرن شپ کی تکمیل کے بعد ہی ان کو جاب یا پریکٹس کرنے کی اجازت ہوتی ہے۔ 
انٹرن شپ کے فائدے
  نوجوان گریجویشن /پوسٹ گریجویشن کے بعد جب عملی زندگی میں قدم رکھتے ہیں تو اس وقت ان کی عمر۲۰؍ سے۲۵؍ سال کے درمیان ہوتی ہے۔عملی زندگی کے آغاز سے پہلے وہ ایک خیالی دنیا میں رہتے ہیں ۔ مثلاً ان کے ذہن میں خیال ہوتا ہے کہ میں نے بہت نامور تعلیمی ادارے سے یہ بہت بڑی ڈگری/کورس مکمل کیا ہے، میرا تعلیمی ریکارڈ بھی بہت شاندار ہے، لہٰذا اب کمپنیاں میرا نہیں بلکہ میں کمپنی کا انتخاب کروں  گالیکن جب انٹرن شپ شروع کرتے ہیں تو ان کو حقیقت کا انداز ہوتا ہے کہ تعلیمی اداروں کی انتظامیہ نے داخلے کے وقت جو خواب ان کو دکھائے تھے، وہ سب کے سب سچ نہیں ہوسکتے۔ اچھی نوکری کا حصول ہرایک کیلئے ممکن نہیں ، اچھی نوکری کیلئے صرف اچھی تعلیم اور اچھے گریڈ ہی کافی نہیں ، مارکیٹ میں جن مہارتوں کا زیادہ معاوضہ دیا جاتا ہے اس کی تعلیم و تربیت تو نصاب میں شامل ہی نہیں تھی۔
 ہر فیلڈ سے متعلق کچھ ایسی معلومات ہوتی ہیں جو نہ تو میڈیا میں آتی ہیں ، نہ ہی یہ تعلیمی نصاب میں شامل ہوتی ہے، بلکہ یہ معلومات آپ کو صرف اور صرف اس فیلڈ میں جا کر ہی حاصل ہوسکتی ہیں ۔ کون سی کمپنی اپنے ملازمین کا زیادہ خیال رکھتی ہے، کون سی کمپنی تنخواہ اور دیگر مراعات وقت پر ادا نہیں کرتی، وغیرہ وغیرہ۔ انٹرن شپ کی بدولت آپ کو ان سب باتوں کا علم پہلے سے ہو جاتا ہے جس سے آپ کا مستقبل میں کافی قیمتی ٹائم بچ جاتا ہے اور آپ کی فیصلہ سازی کی صلاحیت میں اضافہ ہوتا ہے۔
 انٹرن شپ کے دوران آپ کو یہ بھی معلوم ہوجاتا ہے کہ کس فیلڈ میں نوکریوں کی گنجائش زیادہ ہے، یا مارکیٹ میں کس قسم کی صلاحیتوں کے لوگوں کو زیادہ معاوضہ اور مراعات دی جاتی ہے۔ نیز یہ بھی کہ اس وقت آپ کی ذات کے اندر کن صلاحیتوں کی کمی ہے، کون سا کورس یا مہارت حاصل کرنا اس فیلڈ میں کامیابی کے لیے لازمی ہے، یا آپ کے پاس جو ڈگری یا مہارت موجود ہے اس کا مستقبل کتنا روشن ہے۔ یہ سب باتیں آپ کو مارکیٹ میں انٹرن شپ کرکے ہی معلوم ہوسکتی ہیں ۔ تعلیمی ادارے میں یا گھر میں دوستوں کے ساتھ بیٹھ کر آپ کو کبھی بھی ان باتوں کا درست علم حاصل نہیں ہوسکتا۔
 پرائیویٹ سیکٹر میں عموماً ملازمین کی آمد و رفت سارا سال جاری رہتی ہے۔ اس کی وجہ یہ ہوتی ہے کہ سینئر افراد بہتر تنخواہ، سہولیات، اور اونچی پوزیشن کی خاطر ایک کمپنی چھوڑ کر دوسری کمپنی جوائن کر لیتے ہیں ۔ ایسے مواقع پر مینجمنٹ عموماً نئے سینئر کے بجائے کمپنی کے اندر کسی جونیئر کو سینئر کی جگہ ترقی دے دیتی ہے، اور جونیئر کی سیٹ پر انٹرن شپ والے کو نوکری دے دی جاتی ہے۔اس کی سب سے بڑی وجہ یہ ہوتی ہے کہ نئے شخص کو کمپنی کے ماحول اور طریقہ کار سمجھنے اور اس کے مطابق کام کرنے میں کچھ وقت لگتا ہے جبکہ انٹرن شپ کرنے والا کمپنی کے کام کرنے کے لیے طریقہ کار سے آگاہ ہوچکا ہوتا ہے۔اسلئے انٹرن شپ کی صورت میں آپ کو اچھی کمپنی میں زیادہ آسانی سے مستقل جاب مل سکتی ہے، ورنہ دوسری صورت میں ایک جاب پر کئی امیدواروں کے درمیان سخت مقابلہ ہوتا ہے۔
 انٹرن شپ کے دوران تنخواہ کے بجائے ماہانہ وظیفہ دیا جاتا ہے، لیکن بہت سی جگہوں پر بہت ہی کم وظیفہ ملتا ہے۔ اتنا کم کہ اس سے صرف دوپہر کا کھانا اور آفس آنے جانے کا کرایہ ہی بمشکل پورا ہوتا ہے، جبکہ زیادہ تر کمپنیاں تو صاف صاف کہہ دیتی ہیں کہ’’یہاں انٹرن شپ کے دوران تنخواہ/وظیفے کا کوئی چکر نہیں ‘‘۔اس سلسلے میں مالکان کا مؤقف ہوتا ہے کہ یہ ناتجربہ کار افراد ہیں ، انٹرن شپ کے دوران یہ کوئی ایسی خدمات یا مفید کام سر انجام نہیں دیتے جو فروخت کے قابل ہو، لہٰذا انہیں معاوضہ نہیں دیا جاسکتا۔ ایک حد تک یہ موقف درست ہے کیونکہ مارکیٹ میں صرف ان مہارتوں کا معاوضہ دیا جاتا ہے جن کو کمپنی آگے فروخت کرکے منافع کما سکے۔
 بہرحال انٹرن شپ کے دوران تنخواہ کے مسئلے پر زیادہ پریشان نہیں ہونا چاہیے۔ اگر آپ کا وظیفہ کم ہےیا نہیں ہے، لیکن آپ کو کام سیکھنے کے مواقع مل رہے ہیں تو فکر کی کوئی بات نہیں ۔ اچھی کمپنیاں اور ترقی پسند مالکان کبھی بھی کسی انسان کی حق تلافی نہیں کرتے۔ جیسے ہی کمپنی یا مالکان آپ کی کارکردگی سے مطمئن ہوں گے تو لازماً آپ کو آپ کے کام کے مطابق تنخواہ دینی شروع کر دیں گے۔ اس کے برعکس اگر آپ کو کسی وجہ سے معقول معاوضہ نہیں ملتا، تو بھی آپ کو جو تجربہ حاصل ہو رہا ہے، وہ بہت قیمتی ہوتا ہے۔ 
 اپنی تعلیم مکمل کرنے کے بعد اگر آپ کو کسی وجہ سے ملازمت نہیں مل رہی تو آپ کو فارغ گھر میں نہیں بیٹھنا چاہیے۔ انٹرن شپ یا کسی بھی شکل میں اپنی فیلڈ کے ساتھ لازماً منسلک رہنا چاہیے تاکہ آپ کی کام کرنے کی صلاحیتوں میں اضافہ ہوتا رہے، اور جب بھی کبھی کسی اچھی ملازمت کا اشتہار دیا جائے، تو آپ کے پاس اس کے لئے مطلوب مہارت اور تجربہ پہلے سے موجود ہو۔
 انٹرن شپ کے دوران کافی ساری مشکلات ہوتی ہیں ۔ کارپوریٹ ماحول تعلیمی اداروں اور گھروں کے ماحول سے کافی مختلف ہوتے ہے۔ یہاں پر اچھے لوگ بھی ہوتے ہیں اور برے لوگ بھی۔ یہ سب مشکلات جو اوپر تحریر کی گئی ہیں ، ضروری نہیں کہ ہر انٹرن شپ کرنے والے کو پیش آئیں ۔ یہاں ان سب کا ذکر اس لیے کیا گیا ہے تاکہ آپ پہلے سے ذہنی طور پر تیار ہوں اور جب آپ کو مشکل حالات کا سامنا کرنا پڑے تو آپ بروقت بہتر فیصلہ کرسکیں ۔

youth Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK