Inquilab Logo Happiest Places to Work

نو پارکنگ اور فٹ پاتھوں پر گاڑی پارک کرنے والوں پر ٹریفک پولیس کا شکنجہ

Updated: June 08, 2026, 3:09 PM IST | Nadeem Asran | Mumbai

شہر اور مضافات میں ۸۴؍ہزار سے زائد ۲؍ اور ۴؍ پہیہ گاڑی مالکان کے خلاف کارروائی اور لاکھوں روپے جرمانہ وصول، کارروائی کا سلسلہ جاری رکھنے کی وارننگ ۔

A view of the no-parking zone in Byculla. Photo: INN
بائیکلہ کے نوپارکنگ زون کا ایک منظر۔ تصویر: آئی این این

شہر اور مضافات کے کئی علاقوں میں ٹریفک پولیس کی بارہا ہدایت کے باوجود فٹ پاتھوں اور نو پارکنگ زون میں گاڑیاں پارک کی جارہی ہیں ۔ ہدایت پر عمل نہ کرنے پر ٹریفک پولیس نے خلاف ورزی کرنے والوں پر شکنجہ کستے ہوئے ہزاروں دو چار پہیہ گاڑی چلانے والوں کے خلاف نہ صرف کارروائی کی ہے بلکہ لاکھوں روپے جرمانہ بھی وصول کیاہے۔ اس مہم کو جاری رکھنے کی وارننگ دیتے ہوئے ٹریفک پولیس کے جوائنٹ کمشنر نے فٹ پاتھوں اور نو پارکنگ زون میں گاڑی پار ک نہ کرنے کی اپیل بھی کی ہے۔ 
شہر اور مضافات کے اکثر رہائشی علاقوں میں رہنے والوں نے ٹریفک پولیس میں جفت اور طاق عدد کے مطابق گاڑیاں پارک نہ کرنے اورنو پارکنگ کے علاوہ فٹ پاتھوں پر گاڑیاں پارک کرنے کی شکایتیں کی تھیں ۔ مذکورہ شکایتوں پر ٹریفک پولیس کے جوائنٹ کمشنر ستیہ نارائن چودھری نے فٹ پاتھوں اور نو پارکنگ زون میں گاڑیاں پارک کرنے والوں کے خلاف خصوصی مہم چلانے کی ہدایت جاری کی تھی۔ جوائنٹ کمشنر کی ہدایت پر شہر اور مضافات میں ٹریفک پولیس نے فٹ پاتھ اور نو پارکنگ زون میں پارکنگ کرنے والوں کے خلاف۱۵؍ دنوں تک چلائی گئی خصوصی مہم کے دوران سو یا ۵؍ سو نہیں بلکہ ۸۴؍ ہزار ۸۵۵؍ دو اور چار پہیہ گاڑی چلانے والوں کے خلاف کارروائی کی ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: ۱۵؍جون تک ریاست میں مانسون شروع ہونے کا امکان نہیں ہے

مذکورہ کارروائی کے دوران گاڑی مالکان سے لاکھوں روپے جرمانہ بھی وصول کیا گیا ہے۔ ٹریفک پولیس کے مطابق اس مہم کے دوران سب سے زیادہ نو پارکنگ زون میں گاڑی پارک کرنے والے ۷۱؍ ہزار ۶۱؍ گاڑی مالکان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ای چالان جاری کیا گیا۔ اسی طرح ڈبل پارکنگ کرنے والے اور ٹریفک کا سبب بننے والے ۵؍ ہزار ۹۶۵؍افراد پر جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ فٹ پاتھوں پر گاڑی پارک کرنے کے سبب راہگیروں کو چلنے میں دشواری پیدا کرنے والے ۳؍ ہزار ۴۵۹؍ افراد کے خلاف بھی کارروائی کی گئی ہے اور جرمانہ بھی وصول کیا گیا ہے۔ اس مہم کے دوران میٹرو اسٹیشن کے اطراف نو پارکنگ زون میں کی گئی کارروائی بھی شامل ہے۔ 
فٹ پاتھوں پر گاڑی پار ک کرنے والوں کے خلاف کارروائی کئے جانے سے متعلق جوائنٹ کمشنر ٹریفک ستیہ نارائن چودھری کا کہنا تھا کہ ’’فٹ پاتھوں پر ہاکروں کے قبضہ کرنے سے شہری پہلے ہی پریشان ہیں ، فٹ پاتھوں کو راہگیروں اور مسافروں سے پاک کرنے کے لئے بی ایم سی نے جو مہم چلائی ہے، اسی طرز پر ٹریفک پولیس نے بھی اس کارروائی کو انجام دیا ہے۔ اکثر علاقوں میں دو پہیہ کے علاوہ چار پہیہ گاڑی مالکان بھی اپنی گاڑیاں فٹ پاتھوں پرپارک کرتے ہیں جس سے نہ صرف راہگیروں بلکہ علاقے میں رہنے والوں کو بھی چلنے پھرنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ فٹ پاتھوں پر گاڑی پارک کرنے سے مکینوں ، مسافروں یا راہگیروں کو مجبوراً سڑک پر چلنا پڑتا ہے اور سڑک پر چلنےسے حادثہ کا شکار ہونے کا خدشہ برقرار رہتا ہے اس لئے یہ مہم چلائی گئی ہے اور اسے ابھی جاری رکھا جائے گا۔ ‘‘ ساتھ ہی جوائنٹ کمشنر نے گاڑی چلانے والوں سے اپیل کی ہے کہ وہ فٹ پاتھوں پر گاڑیاں پارک کرکے دوسروں کیلئے رکاوٹ پیدا نہ کریں ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK