Inquilab Logo Happiest Places to Work

۱۵؍جون تک ریاست میں مانسون شروع ہونے کا امکان نہیں ہے

Updated: June 08, 2026, 12:07 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

محکمہ موسمیات نے اتوار کو پیش گوئی کی ہے کہ ریاست میں ۱۵؍ جون تک مانسون کی بارش ہونے کا امکان کم ہے۔ اس دوران درجہ حرارت میں بھی اضافہ ہوگا اور یہ ۳۵؍ سے ۴۰؍ ڈگری تک پہنچ سکتا ہے۔

Parts of Mumbai have been receiving rain in recent days. Photo: PTI
گزشتہ دنوں  ممبئی کے کچھ حصوں میں  بارش ہوئی تھی۔ تصویر: پی ٹی آئی

ممبئی، تھانے اور ریاست کے عوام کو اب مزید چند دنوں تک شدید گرمی اور پانی کی قلت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے کیونکہ محکمہ موسمیات نے اتوار کو پیش گوئی کی ہے کہ ریاست میں ۱۵؍ جون تک مانسون کی بارش ہونے کا امکان کم ہے۔ اس دوران درجہ حرارت میں بھی اضافہ ہوگا اور یہ ۳۵؍ سے ۴۰؍ ڈگری تک پہنچ سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات نے کسانوں کو بھی مشورہ دیا ہے کہ وہ بوائی میں جلد بازی نہ کریں۔ اس ضمن میں منترالیہ سے ایک پریس ریلیز جاری کرتے ہوئےکہا گیا ہے کہ مانسون جنوبی کوکن میں داخل ہو گیا ہے اور سندھو درگ اور رتناگیری اضلاع کے کچھ حصوں میں ۹؍ جون تک درمیانے درجے سے بھاری بارش ہونے کی توقع ہے۔ تاہم موسم کی موجودہ صورتحال سے پتہ چلتا ہے کہ ریاست میں بارش کی مجموعی شدت اور مانسون کی رفتار میں کم از کم ۱۵؍جون تک کمی واقع ہوگی۔ اس لئے اس پورے عرصے میں پوری ریاست میں بارش کا امکان بہت کم ہے۔ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق کم از کم ۱۵؍جون تک ودربھ، مراٹھواڑہ، خاندیش اور وسطی مہاراشٹر کے کچھ حصوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ تاہم یہ ابھی تک نہیں دیکھا گیا ہے کہ یہ بارش وسیع علاقے میں بوائی کیلئے سازگار ثابت ہوگی۔ 

یہ بھی پڑھئے: بی کے سی میں ’ویکلی پبلک ٹرانسپورٹ ڈے‘ منانے کا اعلان

دریں اثناء ریاست کے کئی حصوں میں کم از کم ۱۲؍ جون تک گرمی میں اضافہ ہونے کا امکان ہے۔ ودربھ اور خاندیش میں زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت ۴۰ ؍ڈگری سیلسیس سے زیادہ رہنے کا امکان ہے، جبکہ مراٹھواڑہ میں یہ ۳۵؍سے ۴۰؍ ڈگری سیلسیس کے درمیان رہنے کا اندیشہ ہے۔ 
محکمہ زراعت اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کسانوں اور شہریوں سے مندرجہ ذیل اپیل کر رہا ہے:
۱۔   آنے والی طوفانی بارش پر بھروسہ کرکے بوائی میں جلدی نہ کریں۔ 
۲۔   اسی طرح گھن گرج کی بارش کے دوران درختوں، ٹین شیڈ، بجلی کے ٹرانسفارمرز، بجلی کے کھمبوں اور بجلی کی لائنوں کے قریب کھڑے ہونے سے گریز کریں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK