Inquilab Logo

ہندوستان اور یورپی تجارتی گروپ میں ۱۵؍سالہ معاہدہ

Updated: March 11, 2024, 3:42 PM IST | Agency | New Dehli

ای ایف ٹی اے سے ۱۰۰؍بلین ڈالرس کی ڈیل۔ یہ معاہدہ ہندوستان کیلئے اہم کامیابی ہے اور اس سے معیشت بھی مضبوط ہوگی.

Piyush Goyal with European Trade Group representatives. Photo: PTI
پیوش گوئل یورپی تجارتی گروپ کے نمائندوں کے ساتھ۔ تصویر: پی ٹی آئی

ہندوستان اور ۴؍ یورپی ممالک کے تجارتی گروپ (ای ایف ٹی اے) نے اتوار کو تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لئے ایک تجارتی معاہدے پر دستخط کئے ہیں۔ مرکزی وزیر تجارت پیوش گوئل نے کہا کہ تقریباً ۱۶؍ سال کی بات چیت کے بعد طے پانے والے اس معاہدے کا مقصد ملکوں کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانا ہے۔ 
گوئل نے کہا کہ یہ معاہدہ سوئزرلینڈ، ناروے، آئس لینڈ اور لیچٹن اسٹائن کے درمیان ۱۵؍برسوں میں ۱۰۰؍ بلین ڈالرس کی سرمایہ کاری کا ایک مضبوط معاہدہ ہے، جو کہ۱ء۴؍ بلین افراد کی تیزی سے ترقی کرتی ہوئی مارکیٹ ہے۔ 
مرکزی وزیر پیوش گوئل نے پی ایم نریندر مودی کے حوالے سے کہا کہ ہماری معیشتوں میں اختلافات کے باوجود باہمی فائدے کے مواقع موجود ہیں۔ تجارتی معاہدے کا مقصد منصفانہ اور کھلی تجارت کو فروغ دینا، نوجوانوں کیلئے ترقی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ’’ہندوستان ای ایف ٹی اے ممالک اور کاروباروں کو ان کے اہداف تک پہنچنے اور یہاں تک کہ اس سے تجاوز کرنے میں مدد کرے گا۔ اس معاہدے کو ہم سب کیلئے ایک بہتر مستقبل کا آغاز ہونے دیں۔ ‘‘وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ ہندوستان-ای ایف ٹی اے تجارتی معاہدہ منصفانہ تجارت کے تئیں ہماری وابستگی کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی نوٹ کیا کہ ای ایف ٹی اے ممالک ڈیجیٹل تجارت، بینکنگ، فائنانس اور فارماسیوٹیکل میں جدت اور تحقیق میں سب سے آگے ہیں، تعاون کے دروازے کھول رہے ہیں۔ 
مودی نے لکھا’’انڈیا-ای ایف ٹی اے تجارتی اور اقتصادی شراکت کے معاہدے (ٹیپا) میں شامل تمام اراکین کو مبارکباد۔ ‘‘ وزیر تجارت پیوش گوئل نے ای ایف ٹی اے ممالک کے وزراء اور عہدیداروں کے سامنے پی ایم مودی کا بیان پڑھ کر سنایا۔ پی ایم مودی نے کہا’’گزشتہ ۱۰؍ برسوں میں ہندوستان کی معیشت تیزی سے ترقی کی ہے، جو اب عالمی سطح پر پانچویں سب سے بڑی معیشت ہے۔ ہمارا مقصد ہندوستان کی عالمی اقتصادی پوزیشن کو مستحکم کرنا جاری رکھنا ہے۔ ‘‘ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK