• Wed, 21 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

غزہ میں اسرائیل کے حملے میں ۵؍ افراد جاں بحق

Updated: October 21, 2026, 1:31 PM IST | Agency | Gaza

متوفیوں میں ایک بچہ اور میاں بیوی شامل۔ بمباری سے عمارتیں تباہ کرنے اور فائرنگ کا سلسلہ جاری۔

The Israeli military is continuously violating the ceasefire in Gaza. Photo: INN
غزہ میں اسرائیلی فوج جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیاں کررہی ہیں۔ تصویر: آئی این این

مختلف علاقوں پر  اسرائیلی بمباری اور فائرنگ کے نتیجے میں منگل کو۵؍ افراد جاں بحق ہوگئے جن میں  ایک بچہ،ایک شہری اور اس کی اہلیہ بھی شامل ہیں جبکہ متعدد دیگر زخمی ہو گئے۔ جنگ بندی معاہدے کی مسلسل خلاف ورزیوں کے تناظر میں زبردست فائرنگ اور عمارتوں کو دھماکوں سے تباہ کرنے کی  کارروائیاں کی گئیں۔

مرکز اطلاعات فلسطین  کے مطابق  غزہ کے جنوب میں واقع خان یونس شہر کے جنوب میں ’ہیپی سٹی‘ ریسورٹ کے قریب اسرائیلی فورسیز کی فائرنگ سے   مجدی محمد فخری حسن  نامی بچہ جاں بحق ہو گیا  جبکہ شہر کے مغرب میں نمساوی کے علاقے میں   فائرنگ سے ایک شہری زخمی ہوا  اور اس کے جنوب میں الاقلیمی کے علاقے میں ایک اور بچہ زخمی ہو گیا۔غزہ شہر میں الشفاء میڈیکل کمپلیکس کے اطراف میں ایک رہائشی اپارٹمنٹ کواسرائیلی  طیاروں کی جانب سے نشانہ بنائے جانے کے نتیجے میں ایک شہری اور اس کی اہلیہ شہید ہو گئے۔

یہ بھی پڑھئے: کنیڈا سےعلاحدگی کی تجویز البرٹا کے عوام نے اکثریت سے مسترد کردی

خان یونس میں اسرائیل فوج کی بختر بند گاڑیوں نے شہر کے شمال مشرق میں شارع صلاح الدین پر العبارہ اسٹریٹ کے پاس شدید فائرنگ کی جبکہ  اس نے شہر کے مشرق اور جنوب میں عمارتوں کو دھماکوں سے تباہ کرنے کی ۲؍ بڑی کارروائیاںبھی کیں۔ اس کے ساتھ ساتھ جنوبی علاقوں کو نشانہ بنا کر  گولہ باری کی گئی اور المواصی کے علاقے میں زبردست فائرنگ کی گئی۔

اسی طرح  اسرائیلی فوج  نے غزہ شہر کے شمال مشرق میں التفاح محلے کے مشرقی حصوں کو نشانہ بنایا  جبکہ  فوجی گاڑیوں سے شدید فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا  اور اس  کی جنگی کشتیوں نے شہر کے سمندر میں زبردست فائرنگ کی۔

اسرائیلی فورسیز جنگ بندی معاہدے کی  لگاتار خلاف ورزی کر رہی ہیں ۔ قطاع کے متفرق علاقوں میں بمباری، فائرنگ اور مکانات و تنصیبات کو دھماکوں سے تباہ کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK