قانون نافذ کرنےو الے اداروں نے اسے ’ حادثہ‘ قراردیا جبکہ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ڈرائیور نے جان بوجھ کر گاڑی چڑھائی
EPAPER
Updated: May 09, 2023, 12:01 PM IST | texas
قانون نافذ کرنےو الے اداروں نے اسے ’ حادثہ‘ قراردیا جبکہ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ڈرائیور نے جان بوجھ کر گاڑی چڑھائی
امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر براؤنسویل میں ایک کار نے تارکین وطن کو کچل دیا جس کے سبب۸؍ افراد ہلاک ہوگئے جبکہ۱۲؍ افراد زخمی ہوگئے۔
میڈیارپورٹس کےمطابق اے بی سی نیوز چینل نے پولیس کے حوالے سے بتایا کہ مقامی وقت کے مطابق اتوار کو صبح۸؍ بج کر ۳۰؍ منٹ پر کارجنوبی ٹیکساس میں ایک تارکین وطن کے امدادی مرکز کے قریب بس اسٹاپ کے فٹ پاتھ پر بیٹھے افراد کے گروپ پر چڑھ دوڑی جس کے نتیجے میں۷؍ افراد جائے حادثہ پر ہلاک ہو گئے جبکہ ایک نے دوران علاج دم توڑ دیا۔
اے بی سی کے براڈکاسٹر نے براؤنسویل پولیس ڈپارٹمنٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ شدید اور معمولی زخمیوں کا علاج کیا جا رہا ہے۔ براؤنسویل فائر ڈپارٹمنٹ نے سوشل میڈیا پر زخمیوں کی تعداد۱۲؍ بتائی ۔ ایک شخص کو قریبی قصبے ہارلنگن میں واقع ویلی بیپٹسٹ میڈیکل سینٹر لے جایا گیا ۔
سی این این کے مطابق کار سرحدی شہر میں تارکین وطن کی ایک پناہ گاہ کے باہر تارکین وطن کے ایک گروپ پر چڑھ دوڑی۔ مذکورہ براڈکاسٹر نے بتایا کہ پولیس نے ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا ہے۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ ڈرائیور کی اسپتال میں ۲۴؍ گھنٹے نگرانی کی جا رہی ہے ، اس کا منشیات اور الکحل سے متعلق بھی ٹیسٹ کیا جا رہا ہے۔
مقامی پولیس کے ترجمان مارٹن سینڈوول نے وضاحت کی کہ ایک سرمئی رنگ کی ایس یو وی نے سرخ بتی جلا ئی اور بہت سے ا فراد سے ٹکرا گئی ۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اسے حادثہ بتایا ،حالانکہ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ڈرائیور بہت تیزی سے اپنی گاڑی ان کی طرف لے جا رہا تھا۔ ا س وقت ایسا لگ رہا تھا کہ اس نے نفرت کی بنیاد پر جان بوجھ کر ایسا کیا ہے۔ پولیس اس پہلو سے بھی تفتیش کررہی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرین میں تارکین وطن بھی شامل تھے ، حکام سرحدی پولیس کے ساتھ مل کر اس کی تفتیش کر رہے ہیں۔فی الحال کسی نتیجے پر پہنچنا قبل ازوقت ہوگا۔