اُدھو کا انتباہ، رام مندر کے نام پر پھر فساد کی ممکنہ سازش کا حوالہ دیا، بی جےپی تلملااٹھی، بال ٹھاکرے کی یاد دلائی
EPAPER
Updated: September 12, 2023, 10:21 AM IST | Mumbai
اُدھو کا انتباہ، رام مندر کے نام پر پھر فساد کی ممکنہ سازش کا حوالہ دیا، بی جےپی تلملااٹھی، بال ٹھاکرے کی یاد دلائی
شیوسینا (ٹھاکرے گروپ) کے سربراہ اُدھوٹھاکرے نے متنبہ کیا ہے کہ آئندہ سال جنوری میں ’’رام مندر کے نام پر پھر گودھرا جیسے سانحہ کی سازش‘‘ رچی جاسکتی ہے۔ رام مندر کا افتتاح جنوری ۲۰۲۴ء میں ہونا ہے جس کے چند مہینے بعد ہی پارلیمانی الیکشن ہے۔ اندیشہ ہے کہ رام مندر کے افتتاح کا سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کی جائے گی۔
جلگاؤں میں اتوار کو ایک ریلی سے خطاب میں ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ ’’اس بات کا امکان ہے کہ رام مندر کے افتتاح کیلئے ملک بھر سے بہت سارے ہندو ٹرینوں اور بسوں کے ذریعہ ایودھیا بلائے جائیں گے...اور جب وہ لوٹ رہے ہوں گے،راستے میں کہیں بھی گودھرا جیسی حرکت کرائی جاسکتی ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’یہ ہوسکتاہے...حملہ ہوسکتاہے۔ کہیں کسی کالونی میں بسیں جلادی جائیں گی،پتھر مارے جائیں گے... اور پھر قتل عام ہوگا۔ ملک میں آگ لگ جائے گی اوراس میں یہ (بی جے پی کے) لوگ اپنی سیاسی روٹیاں سکیں گے۔‘‘
یاد رہے کہ گودھرا ٹرین سانحہ میں ۵۸؍ افراد کی موت کے بعد پورے گجرات میں آگ لگ گئی تھی اوراس کے بعد سے آج تک مودی کوئی الیکشن نہیں ہارے ہیں۔ بہرحال اُدھو ٹھاکرے کے اس بیان کا جواب دیتے ہوئے روی شنکر پرساد نے بال ٹھاکرے کی یاد دلائی۔انہوں نے کہا کہ ’’وہ سوچ رہے ہوںگے کہ میرے بیٹےکو کیا ہو گیا۔‘‘ انہوں نے اس کیلئے کانگریس اور دیگر سیکولر پارٹیوں کےساتھ اُدھو کے اتحاد کو ذمہ دار ٹھہرایا اور کہا کہ ’’ووٹ کیلئے یہ اتحاد کسی بھی حدتک جاسکتا ہے۔‘‘