Inquilab Logo Happiest Places to Work

ٹھاکرے برادران مہاراشٹر کا سیاسی منظرنامہ بدلنے کے درپے !

Updated: April 21, 2025, 10:52 PM IST | Mumbai

راج اور ادھو کے بیانات کے بعد کارکنان میں جوش ، جگہ جگہ بینر، مخالفین میں کھلبلی، دونوں بھائیوں کے اتحاد کو ناممکن قراردینے کی کوشش

Uddhav Thackeray has responded positively to Raj Thackeray`s proposal (File photo)
راج ٹھاکرے کی تجویز پر ادھو ٹھاکرے نے مثبت ردعمل پیش کیا ہے ( فائل فوٹو)

مہاراشٹر نو نرمان سینا  سربراہ راج ٹھاکرے نے یہ کہہ کر سیاسی حلقوں میں ہلچل مچادی ہے کہ ان کے اور ادھو ٹھاکرے کے جھگڑے معمولی ہیں لیکن مہاراشٹر بہت بڑا ہے اور وہ  مہاراشٹر کی بھلائی کیلئے ادھو سے اپنے جھگڑے بھلا سکتے ہیں۔ اس پر ادھو ٹھاکرے نے بھی مثبت جواب دیتے ہوئے  اتحاد پر آمادگی ظاہر کی ۔ اب شیوسینا(ادھو) اور ایم این ایس کارکنان اس بات پر زور دے رہے ہیں کہ دونوں بھائیوں کو ہاتھ ملا لینا چاہئے وہیں   ان کے مخالفین یعنی شیوسینا (شندے) اور بی جے پی لیڈران مسلسل اتحاد کی باتوں کو خام خیالی قرار دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ 
  ممبئی اور تھانے میں جگہ جگہ راج  اور ادھو کے ایک ساتھ پوسٹر لگے ہوئے نظر آ رہے ہیں جن میں بڑی سی تصویر شیوسینا کے بانی بال ٹھاکرے کی بھی ہے۔ ان پوسٹروں میں دونوں بھائیوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ مہاراشٹر کی بھلائی کیلئے اب متحد ہو جائیں۔ دھولیہ شہر میں  بھی ایسے ہی پوسٹر لگائے گئے ہیں اور دونوں  سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ مراٹھیوں کے حقوق کی خاطر یکجا ہو جائیں۔  ایم این ایس اور شیوسینا (ادھو) کارکنان کا کہنا ہے کہ اس وقت حکومت مہاراشٹر میں جبراً ہندی کو تھوپ رہی ہے۔ ایسی صورت میں ادھو ٹھاکرے اور راج ٹھاکرے کو مراٹھیوںکے حق میں متحد ہو کر کھڑے رہنا چاہئے۔ 
ایم این ایس لیڈران کو بیان نہ دینے کی ہدایت 
  اس دوران  ایم این ایس کے ممبئی صدر سندیپ دیشپانڈے نے بیان دیا کہ کیا ادھو ٹھاکرے اس بات کیلئے معافی مانگیں گے کہ ان کے دور حکومت میں ایم این ایس کے ۱۷؍ ہزار ورکروں پر کیس درج کیا گیا تھا؟ یاد رہے کہ سندیپ دیشپانڈے ادھو ٹھاکرے کی اس بات کا جواب دے رہے تھے کہ اگر راج ٹھاکرے کو اتحاد کرنا ہے تو انہیں بی جے پی کا ساتھ اور اسکے لیڈروں سے ملاقاتوں کا سلسلہ ترک کرنا ہوگا۔ دیشپانڈے کے اس بیان کے کچھ ہی دیر میں راج ٹھاکرے نے ہدایت جاری کی کہ ادھو اور راج ٹھاکے کا اتحاد ایک حساس معاملہ ہے اسلئے پارٹی کا کوئی بھی لیڈر اس معاملےمیں عوامی سطح پر بیان نہ دے۔ 
 آدتیہ ٹھاکرے کی تبصرے سے انکار 
   ادھو ٹھاکرے کے فرزند اور رکن اسمبلی آدتیہ ٹھاکرے سے میڈیا نے جب ان کے والد اور چچا کے باہمی اتحاد سے متعلق سوال کیا تو انہوں نے جواب دیا ’’ دونوں پارٹیوںکے سربراہان نے جو کچھ کہا ہے وہ آپ کے سامنے ہے۔ اب میں ایک پارٹی کارکن ہونے کے ناطے اس پر کوئی تبصرہ نہیں کر سکتا۔‘‘ 
 مخالفین میں بے چینی
  راج اور ادھو کے اتحاد کی خبروں کے سبب  ایکناتھ شندے کی شیوسینا میں کھلبلی مچی ہوئی ہے اور بیشتر لیڈران اس پر طنز کر رہے ہیں۔ سنجے شرساٹ نے کہا کہ اگر دونوں بھائی ایک ہو گئے تو میں پیڑے بانٹوں گا۔ اودئے سامنت نے کہا کہ مجھے نہیں لگتا کہ راج ٹھاکرے اس طرح کا بچکانہ فیصلہ کریں گے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK