Inquilab Logo

ممبئی میں بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کا منصوبہ

Updated: January 02, 2024, 9:54 AM IST | Saadat Khan | Mumbai

اسپتالوں میں بنیادی ڈھانچے اور طبی خدمات کو وسعت دینے کامنصوبہ، مصنوعی ذہانت کے استعمال اور ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم تیار کرنے کا فیصلہ۔

JJ Hospital is also being equipped with modern facilities. Photo: Inquilab, Bipin Kokate
جے جے اسپتال کو بھی جدید سہولیات سے آراستہ کیا جارہا ہے۔ تصویر: انقلاب: بپن کوکاٹے

ریاستی حکومت نے نئے سال کی آمدکے ساتھ نجی ، میونسپل اور سرکاری اسپتالوں میں  بنیادی ڈھانچے اور طبی خدمات کو وسعت دینے کامنصوبہ بنایا ہے۔ ان سہولیات اور خدمات سے زیادہ سے زیادہ مریض استفادہ کرسکیں گے۔ اس  کے تحت نجی اسپتالوں میں بڑے پیمانے پر مصنوعی ذہانت کا استعمال کیا جائے گا۔   ساتھ ہی مختلف شعبوں کیلئے ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم تیار کرنے کیلئے شہری انتظامیہ کے چنندہ اسپتالوںمیں ڈپلومیٹ آف نیشنل بورڈ (ڈی این بی) نے ڈپلومہ کورسیز متعارف کرانےکافیصلہ کیاہے۔اس پس منظر میں حکومت نے غریب مریضوں کے علاج کیلئے مالی سہولت کے طورپر  مہاتما پھولے جن آروگیہ یوجنا کو پوری ریاست میں نافذ کرنےکا اعلان کیاہے۔ یہ اسکیم ریاست کے تمام راشن کارڈ ہولڈر کےعلاوہ ڈومیسائل سرٹیفکیٹ ہولڈر خاندانوں کیلئے ہوگا ۔ اس اسکیم کے تحت علاج کیلئے ۵؍ لاکھ روپے تک کابیمہ فراہم کیاجائےگا۔ ریاست کے ایک ہزار اسپتال اس میں شامل ہوںگےاور بیماریوں کی تعداد ۹۹۶؍  سے بڑھاکر ایک ہزار ۳۵۶؍ کردی جائے گی۔اس کیلئے نئی انشورنس کمپنی کے ٹینڈر کے عمل کونافذکرنےکا کام جاری ہے۔ اس کےمکمل ہونے پر جنوری کےمہینے میں یہ اسکیم نافذ کرنے کاامکان ہے۔ 
 مذکورہ اسپتالوںمیں بڑے پیمانےپر  بنیادی ڈھانچے اور طبی خدمات کووسعت دینےکیلئے جاری کاموںکی رپورٹ کےمطابق ممبئی سینٹرل پر واقع نائرڈینٹل اسپتال کی ۱۱؍منزلہ نئی عمارت کااسی مہینے میں افتتاح ہونا ہے۔اس عمارت میں جہاں ۶؍منزلے تک دانت کےمریضوںکےعلاج کی سہولیات مہیاکی جائیںگی وہیں اس کی بالائی منزلوںپرطلبہ کی رہائش اور دیگر سہولیات کانظم کیا گیا ہے۔ اسی طرح کے ای ایم اسپتال کے۴؍وارڈوںکی مرمت کاکام جنگی پیمانےپر جاری ہے۔ باندرہ کے کےبی بھابھا، ملنڈکے اگروال ، بوریولی کےبھگوتی اور گوونڈی کے شتابدی اسپتال میں بالترتیب ۴۹۷؍،۴۷۰؍، ۴۹۰؍اور ۵۸۰؍ بیڈ بڑھانے کی تیاری جاری ہے۔جے جے اسپتال میں بھی کئی سال سے جاری سوپر اسپیشلٹی اسپتال کی عمارت کا تعمیراتی کام عنقریب مکمل ہونے والا ہے۔ اس عمارت میں کچھ شعبےجلدہی شروع کئے جائیں گے۔ فی الحال جے جے اسپتال میں ایک ہزار ۳۵۰؍بیڈ ہیں لیکن اس نئی عمارت کےافتتاح کےبعدیہاںمزید ایک ہزار بیڈبڑھ جائیں گے۔جے جےاسپتال کے وارڈ نمبر ۲۱؍ کو ڈسٹرکٹ پلاننگ کمیٹی کے فنڈ سے کارپوریٹ طریقے سے بنایا گیا ہے ۔ اسی طرز پر ۴؍ سے ۵؍ اوروارڈ تعمیرکئے جائیں گے۔ اسی کے ساتھ ۴؍ جدید ماڈیولر آپریشن تھیٹرز بھی شروع کئے جائیں گے۔
اسی طرح سینٹ جارج اسپتال میں پوسٹ گریجویٹ کورسیز شروع کرنے کی کوششیں جاری ہیں اور کچھ کورسیزکیلئے اجازت طلب کی گئی ہے۔ اگلے سال ایک یا ۲؍ کورسیز شروع کئے جائیں گے۔ اس کے ساتھ ہی حکومت نے اس اسپتال میں لیور ٹرانسپلانٹ سرجری کیلئے فنڈز کی منظوری دی ہے، اس لئے اس اسپتال میں مستقبل قریب میں جگر کےعلاج کا مرکز شروع کر دیا جائے گا۔
مذکورہرپورٹ کے مطابق کامااسپتال میں علاج کیلئے آنےوالے بانجھ جوڑوںکی شرح میں اضافہ ہورہاہے۔ ایسے جوڑوں کو بچہ پیداکرنےکیلئے مصنوعی حمل ( آئی وی ایف ) کاعلاج کرواناپڑتاہے۔ اس علاج کی لاگت لاکھوں روپےہوتی ہے۔ عام آدمی یہ خرچ برداشت نہیں کر سکتا،اس لئے حکومت آنے والے سال میں کاما اسپتال میںخواتین اور بچوں کے علاج کیلئے ایک علاحدہ عمارت میں آئی وی ایف سینٹر شروع کرنے والا ہے۔
 مستقبل قریب میں طبی شعبے میں مصنوعی ذہانت کا استعمال بڑھنے والا ہے۔ نئے سال  کے دوران اس میں اضافہ ہوگا۔ اس جدید ٹیکنالوجی کی وجہ سے ٹاٹا اسپتال میں ریڈیولوجی کی فلمیں پڑھنے کیلئے جدید ذرائع کا استعمال کیا گیا ہے۔ اسی بنیاد پردیگر اسپتالوں میں منصوعی ذہانت کے استعمال میں اضافہ کا امکان ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK