Inquilab Logo

چوبیس گھنٹےکی مشقت کے بعد آگ پر قابو پایا جا سکا

Updated: October 06, 2020, 9:06 AM IST | Saadat Khan | Mumbai

تقریباً ۵۰؍دکانیں اور متعدد گودام خاکستر،آس پاس کی۳؍بلڈنگوں کو نقصان پہنچا ،فائر بریگیڈ کا اہلکار زخمی

Abdul Rehman Street Fire -  Pic : Suresh K
اتوار کو لگنے والی آگ پر پیر کو قابو پایا جا سکا۔فائر بریگیڈ کی کئی گاڑیاں اور جمبو ٹینکر کا استعمال کیا گیا۔(تصاویر:سریش کرکیرا

عبدالرحمٰن اسٹریٹ، جنجیکر اسٹریٹ نزد جامع مسجدکی اسماعیل بلڈنگ میں اتوارکی شام ساڑھے ۴؍بجےلگنےوالی آگ پر فائربریگیڈ عملے نے شام  ۵؍بجے قابوپالیاتھا۔ بعدازیں اسی مقام پر رات ۱۲؍بجے دوبارہ لگنے والی بھیانک آگ  سےتقریباً ۵۰؍دکانیں اور متعدد دگودام جل کر خاکسترہوگئے۔ اتوار کو لگنے والی آگ پر دوسرے دن پیر کو شام ۵؍بجے تک قابو پانے میں کامیابی حاصل ہوئی۔حادثہ میں فائر  بریگیڈ کاآفیسر زخمی بھی ہواہے ۔
 آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کے اہلکار وہاں پہنچ گئے تھے۔پہلے اس آتشزدگی کو لیول ۳؍ قرار دیا گیا تھا لیکن  بعد میں اسے لیول۴۔؍ بتایا گیا۔آگ پر قابو پانے کیلئے ۱۶؍ فائر انجن اور کئی جمبو واٹر ٹینک کے علاوہ۳؍ٹرن ٹیبل لیڈر(سیڑھیاں) اور ایک ایمبولنس جائے وقوعہ پر روانہ کی گئی تھی۔
 تنگ گلیوں کی وجہ سے فائربریگیڈ کی گاڑیوںکو جائے وقوعہ تک پہنچنے میں دقت کا سامنا کرنا پڑا۔واٹر ٹینکر کی گاڑیوںکے نہ پہنچ پانے سے جامع مسجد کے وضو خانہ کے پانی سے آگ بجھائی گئی ۔ اس آتشزدگی کی وجہ سے آس پاس کی ۳؍ بلڈنگوں کو نقصان پہنچا ہے۔ آگ بجھانے میں مقامی نوجوانوںنےاہم رول اداکیا۔ آتشزدگی پر قابو پانے کے بعد دکانداروں کے بچے ہوئے سامان کو جامع مسجد میں رکھنےکی سہولت فراہم کی گئی اور قریب کی بلڈنگوںکے مکینوںکو محفوظ مقام پر منتقل کیاگیا ۔ تادم تحریر بلڈنگوں سے دھواں  اٹھ رہاتھا۔
 جامع مسجدکے ٹرسٹی شعیب خطیب نے بتایا کہ ’’اتوارکو پہلے اسماعیل بلڈنگ میں شارٹ سرکٹ کے سبب  آگ لگی تھی۔ جسے فائر عملےنے بجھادیاتھا ۔ مگر لاک ڈائون کی وجہ سے یہاںجو گودام بند ہیں ۔ان  میں سے معمولی دھواں جاری تھا۔رات۱۲؍بجے اچانک ان گودام میں بھیانک آگ کے شعلے اٹھنے لگے  اور چاروں طرف  افراتفری کا ماحول پیدا ہوگیا۔ آگ نے اسماعیل بلڈنگ کےعلاوہ ستار چال کی بلڈنگ نمبر ۲۶۲؍اور جنجیکر اسٹریٹ کی بلڈنگ نمبر ۲۵۲؍ کوبھی اپنی لپیٹ میںلے لیاتھا۔ ان تمام بلڈنگوںمیں آفس اور دکانیں زیادہ ہیں ۔ ان میں سے ایک بلڈنگ پوری طرح جل کر خاکستر ہوگئی ہے جبکہ دیگر ۲؍بلڈنگوںکو بھی نقصان پہنچا ہے۔ تقریباً  ً۵۰؍دکانیں اور متعدد گودام تباہ ہوگئے ہیں۔جانی نقصان تو نہیں ہواہے مگر مالی نقصان کا اندازہ لگانا مشکل ہے۔ چونکہ ان گلیوںکے راستے انتہائی تنگ ہیں ، اس لئے فائر بریگیڈ کی گاڑیوںکو یہاں تک پہنچنےمیں ہونےوالی تاخیر سے آگ بڑھ گئی تھی۔ پانی کا ٹینکر بھی اسی وجہ سے تاخیر سےپہنچا تھا۔ ایسی صور ت میں جامع مسجد کی جھیل(وضو خانہ) سے پانی استعمال کرکے رات بھر آگ پر قابوپانےکی کوشش کی گئی ۔ ابھی بھی کچھ گوداموں سے ہلکا دھواں  اٹھ  رہاہے ۔ ‘‘
   بی ایم سی ڈساسٹر مینجمنٹ کےمطابق ’’اسماعیل بلڈنگ میں لگنےوالی آگ چوتھے لیول کی تھی۔ اس حادثہ میں فائر عملے کا اسٹیشن آفیسر ڈی ڈی پاٹل (۳۵)  زخمی ہوئے ہیں۔ انہیں علاج کیلئے جے جے اسپتال داخل کیاگیاتھا جہاں علاج کے بعد انہیں رخصت کردیاگیاہے ۔یہ آگ کٹلیر ی مارکیٹ میں لگی تھی۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK