Inquilab Logo

’’ابھیشیک بنرجی ۱۹۸۷ء میں پیدا ہوئے اور ای ڈی نے ۱۹۸۳ءکے کاغذات مانگے ہیں ‘‘

Updated: October 27, 2023, 12:12 PM IST | Agency | Kolkata

ترنمول کانگریس کے لیڈروں کیخلاف ای ڈی کی کارروائی پر ممتا بنرجی برہم ،بتایا کہ تفتیش کے نام پر گھروںمیںگھی اورشکر کے ڈبوںکی بھی تلاشی لی گئی ہے۔

West Bengal Chief Minister Mamata Banerjee. Photo: INN
مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی۔ تصویر:آئی این این

 ای ڈی کی کارروائیوں پر مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے بھی سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئےکئی سوالات اٹھائے ۔اپنی رہائش گاہ کے دفترمیں ایک پریس کانفرنس میں ممتا بنرجی نے کہاکہ ’’ ای ڈی ابھیشیک کا پیدائشی سرٹیفکیٹ مانگ رہی ہے۔ جانچ ایجنسی نے ابھیشیک کے والد سے۴۰-۴۲؍ سال پہلے کے بھی کاغذات طلب کئے ہیں ۔ممتا نے بتایا کہ ابھیشیک بنرجی ۱۹۸۷ء میں پیدا ہوئے تھے لیکن معلوم ہوا ہےکہ ان سے ۱۸۳-۱۹۸۲ء کے کاغذات پیش کرنے کیلئے کہا گیا ہے!
 واضح رہےکہ ابھیشیک بنرجی کوای ڈی نے ان کی کمپنی لیپس اینڈ باؤنڈز میں بدعنوانی کے معاملے میں طلب کیا ہے۔اسی بنیاد پر ابھیشیک، ان کے والد امیت بنرجی، ماں لتا بنرجی اور بیوی روجیرا نرولا بنرجی کو ای ڈی نے طلب کیا تھا۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ روجیرا کے علاوہ کوئی بھی ای ڈی کے سامنے پیش نہیں ہوا ہے۔سبھی نے وکیلوں کے ذریعہ دستاویز پیش کئے ہیں ۔ وز یر اعلیٰ نے کہا کہ ابھیشیک کا پیدائشی سرٹیفکیٹ ان کے والد کو بھیجا گیا ہے۔
 ممتا نے جمعرات کو شکایت کی کہ نہ صرف ترنمول لیڈران بلکہ ان کے اہل خانہ کو بھی نہیں بخشا جا رہا ہے۔ سی بی آئی نے ریاستی وزیر فرہاد حکیم اور ترنمول کانگریس کے ممبر اسمبلی مدن مترا کے گھروں پر چھاپہ مارا ۔ممتابنرجی نے کہاکہ میں پوجا سے پہلے فرہاد حکیم کے گھر گئی تھی۔ ممتا کے مطابق فرہادکی اہلیہ بتا رہی تھیں کہ وہ تفتیش کے نام پر گھر میں رکھے گھی اور شکر کے ڈبے کی تلاشی لے رہے تھے۔ ساڑیوں اور کاسمیٹک کی بھی تحقیقات کی گئی اور تصویریں لی گئیں ۔ یہ جو چاہے کر رہے ہیں ۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ مرکزی جانچ ایجنسیاں جسمانی تشدد کررہی ہیں ۔جمعرات کی صبح، ای ڈی نے سالٹ لیک میں ریاستی وزیر جنگلات جیوتی پریہ ملک کے دو گھروں کی بھی تلاشی لی۔ اس کے بعد وزیر اعلیٰ نے دوپہر کو کالی گھاٹ میں پریس کانفرنس بلائی اور پریس کانفرنس کے ذریعہ یہ پیغام دینے کی کوشش کی کہ وہ جیوتی پریہ ملک کے ساتھ کھڑی ہیں ۔ بی جےپی کو وارننگ دینے والے لہجے میں ممتا بنرجی نے کہاکہ پریہ ملک بیمار ہیں ،اگر انہیں کچھ ہوا تو میں بی جے پی اور ای ڈی کے خلاف ایف آئی آر درج کراؤں گی ۔ انہوں نے مزکز سے سوال کیاکہ کتنوں کو جیل میں ڈالو آگے اور آخر کسی بی جے پی لیڈرکیخلاف چھاپہ مار کارروائی کیوں نہیں ہوتی؟

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK