Inquilab Logo

ویرارتامیراروڈ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والےآٹوڈرائیوروں پرکارروائی

Updated: January 29, 2022, 8:15 AM IST | Mumbai

گزشتہ سال میراروڈ ، بھائندر ، وسئی اور ویرار میںخاطی رکشا ڈرائیوروں سے ۲ء۲۱؍ کروڑ روپے جرمانہ وصول کیاگیا،بیشتر ڈرائیور یونیفارم نہیں پہنتے تھے اورگنجائش سے زائد مسافروں کو سوار کرتے تھے

A policeman collects a fine from a rickshaw driver in vasai.
وسئی میں پولیس اہلکار ایک رکشا ڈرائیور سے جرمانہ وصول کررہا ہے۔

 میراروڈ ، بھائندر ، وسئی ، نالاسوپارہ  اور ویرار میں ٹریفک پولیس نے گزشتہ سال روڈ سیفٹی کے اصولوں کی خلاف ورزی کرنے والے آٹورکشا ڈرائیوروں پر کارروائی کرتے ہوئے ان سے ۲ء۲۱؍ کروڑ روپے جرمانہ وصول کیا ۔ افسران کے مطابق ان کی یہ کوشش سڑک پربہترڈسپلن کیلئے ہے جس کے تحت ایسے رکشا ڈرائیوروں سے جرمانہ وصول کیا گیا جو گنجائش سے زیادہ مسافروںکو سوار کرتے تھے ، سگنل توڑتے تھے ، غلط سمت میں گاڑی دوڑاتے تھے اور یونیفارم نہیں پہنتے تھے۔ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ’آن دی اسپاٹ فائن (جگہ پر ہی جرمانہ)‘ کی کارروائی سے کافی بڑی رقم ملی ہے جبکہ متعدد چالان کی ادائیگی ابھی تک نہیں کی گئی ہے۔
 ویرارٹریفک ڈویژن کے سینئر انسپکٹر دادارام کرانڈے نے اس بارے میں کہا کہ’’ گزشتہ سال۲؍ ہزار ۶۰۰؍ آٹورکشا ڈرائیوروں کو چالان جاری کیا گیا تھا۔ ویرار میں بیشتر رکشا ڈرائیور یونیفارم نہیں پہنے ہوئے تھے اور بیج بھی نہیں لگائے ہوئے تھے۔ ایسے ۵؍ ہزار ڈرائیوروں پر کارروائی کی گئی۔‘‘ ۔ دادارام کرانڈےکو وسئی ٹریفک ڈویژن کا چارج بھی دیا گیا ہے۔  اس علاقے کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ’’ وسئی میںہم نے ۵؍  ہزار ۷۰۰؍ ایسے ڈرائیوروں پر کارروائی کی ہے جو یونیفارم اور بیج نہیں پہنے ہوئے تھے۔بیشتر ڈرائیور اب لائن پر آگئے ہیں۔‘‘
 وسئی اور ویرار میں ٹریفک پولیس نے ایسے رکشوں پر بھی کریک ڈاؤن کیا جن میں گنجائش سے زیادہ مسافر سوار تھے۔ دادارام کرانڈے کے مطابق ’’ہم نے ایسے متعددرکشوں کو دیکھا جن  کے ڈرائیور گنجائش سے زیادہ مسافروں کو لے جارہے تھے۔  وہ آگے کی سیٹ پر۲؍ زائد مسافروں کو بٹھاتے تھے۔ ہم نے  ایسے ڈرائیوروں کے خلاف ویرار میں ۴؍ ہزار ۲۷۹؍ چالان اور وسئی میں ۵؍ ہزار چالان جاری کئے ہیں۔‘‘ انہوں نے مزید بتایا کہ ’’گزشتہ سال وسئی میں مجموعی طورپر ۲۶؍ ہزار ۷۹۵؍ چالان جاری کئے گئے تھے اور ۷۷ء۳۷؍ لاکھ روپے جرمانہ وصول کیا گیا ۔انہوں نے وسئی میں ۳۳؍ ہزار ۱۹۸؍ چالان آٹورکشا ڈرائیوروں کے حوالے کئے جن سے ۱ء۰۴؍ کروڑ روپے ملے۔‘‘
 کاشی میرا ٹریفک ڈویژن کے انچارج رمیش بھامے نے کہا کہ’’ میراروڈ ، بھائندر ، اتن اور ورسوا بریج تک ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر ۲۷؍ ہزار ڈرائیوروں کو چالان جاری کیاگیا۔ گزشتہ سال ہم نے صرف آٹورکشا ڈرائیوروں سے بطور جرمانہ ۴۰؍ لاکھ  روپے وصول کئے۔رکشا ڈرائیوروں کے خلاف ہماری مہم جاری ہے۔‘‘
 آٹورکشاڈرائیوروں کے خلاف کارروائی سے قطع نظر ٹریفک پولیس نے نوتشکیل شدہ میرابھائندر ، وسئی ویرارکمشنریٹ میں لاپروائی سے گاڑی اور موٹرسائیکل چلانے والوں کے خلاف مہم بھی چلائی ہے۔مذکورہ کمشنریٹ کے ترجمان بلرام پالکر نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں جن میں رکشا ڈرائیور بھی ہیں ،سے ۳ء۹۷؍ کروڑ روپے جرمانہ وصول کیا گیا ہے ۔ تاہم خاطیوں سے ۷ء۴۸؍ کروڑ روپے اب تک نہیں ملے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ تیزآواز والے سائلنسر اور فینسی نمبر پلیٹ والی کاروں اور دوپہیہ گاڑیوں کےکئی مالکان پربھی کارروائی کی گئی ہے۔
 دادارام کرانڈے کے مطابق ’’متعدد ڈرائیور اس کی جانچ نہیں کرتے کہ ان کے خلاف کوئی چالان جاری کیا گیاہے اور اس کی ادائیگی انہوں نے نہیں کی ہے ۔ اس لئے  جب ہم انہیں رہ جانے والا چالان جاری کرتے ہیں تو  بیشتر کوجھٹکا لگتا ہے۔‘‘
 ٹریفک پولیس آفیسر نے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ ’مہاٹریفک ایپ‘ اپنے اسمارٹ فون میں ڈاؤن لوڈ کرلیں تاکہ انہیں معلوم ہوسکے کہ آیا ان  کے نام پر کوئی چالان تو جاری نہیں ہوا ہے۔ دادا رام کرانڈے نے اس تعلق سے کہا کہ ’’ہم اس ایپ کا استعمال شکایتیں یا ٹریفک کے اصولوں کی خلاف ورزی کے واقعات کی رپورٹ کیلئے بھی کرسکتے ہیں ۔ ٹریفک ڈویژن فوری طورپر جتنی جلد ممکن ہوسکے گا ، اس مسئلے کو حل کرے گا۔‘‘ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’’اس بات کی اشد ضرورت ہے کہ نوجوانوں کو ٹریفک کے قوانین سے واقف کرایا جائے تاکہ وہ ان کی خلاف ورزی کے مرتکب نہ ہوں اس لئے مذکورہ ایپ کا استعمال کرکے لوگ اپنے بچوں کو ٹریفک کے سائن بورڈز ، روڈ سیفٹی اور دیگر چیزوں کے بارے میں بتاسکتے ہیں۔‘‘

vasai Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK