Inquilab Logo

مراٹھی میں سائن بورڈ نہ ہونے پر دکانداروں کے خلاف کارروائی پھر شروع

Updated: May 02, 2024, 9:17 AM IST | Mumbai

بی ایم سی نے یکم مئی سے کارروائی کا سلسلہ شروع کردیا۔ گزشتہ ۱۵؍ دن میں شہر کے ۶۰۰؍ سے زائد دکانداروں نے ہدایت پر عمل کرتے ہوئے مراٹھی میں سائن بورڈ آویزاں کیا

Signboards in Marathi are seen on shops in Byculla. (file photo)
بائیکلہ کی دکانوں پر مراٹھی میں سائن بورڈ نظر آرہے ہیں۔ (فائل فوٹو)

 سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے فرمان اور شہری انتظامیہ کے مسلسل متنبہ کئے جانے کے باوجود شہر میں بعض تجارتی ادارے اور دکاندار ایسے ہیں جنہوں نے اب تک مراٹھی   میں سائن بورڈچسپاں نہیں کیا ہے ۔ وہیں بی ایم سی نے یوم مہاراشٹر اور یوم مزدور کی تعطیلات کے باوجود یکم مئی سے مراٹھی سائن بورڈ چسپاں نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے اور جرمانہ وصول کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے ۔بی ایم سی نے اس سے قبل مراٹھی سائن بورڈ لگانے کی دی گئی مہلت کے ختم ہونے پر یہ وارننگ بھی دی تھی کہ  اب دگنا جرمانہ وصول کیا جائے گا ۔
  دکانوں اور تجارتی اداروں میں مراٹھی  نام کی تختیاں لگانے کی دی گئی مہلت  ختم ہونے کے بعد بی ایم سی کمشنر نے دکانوں اور تجارتی ادارو ںکے ذمہ داران کو متنبہ کیا تھا کہ یکم مئی سے قبل مراٹھی رسم الخط کے ساتھ تختیاں نہیں لگائی گئیں تو پراپرٹی ٹیکس کے برابر دگنا جرمانہ وصول کیا جائے گا ۔وہیں شہری انتظامیہ کےکمشنر کے فرمان کے بعد ۲۴؍ وارڈوں میں اسسٹنٹ کمشنر نے یکم مئی سے شاپ اینڈ اسٹیبلشمنٹ سے وابستہ افسران کو اس ضمن میں کارروائی کرنے کا حکم دے دیا ہے ۔ایک افسر نے اس بارے میں بتایا کہ تعطیل کے باوجود شہر کے چند علاقوں میں اس ضمن میں کارروائی کی گئی ہے لیکن متعلقہ افسران کے چھٹی پر ہونے کے سبب اعداد وشمار کا پتہ نہیں چل سکا ہے ۔ انہوںنے یہ بھی بتایا کہ میونسپل کمشنر بھوشن گگرانی کے دگنا کرایہ وصول کرنے کے فرمان کے بعد گزشتہ ۱۵؍ دن میں شہر اور مضافات کے ۶۲۵؍ دکانداروں اور تجارتی اداروں نے سائن بورڈ پر مراٹھی میں نام آویزاں کیاہے ۔ 
  گزشتہ ۱۵؍ دنوں میں بی ایم سی کے شاپ اینڈ اسٹیبلشمنٹ ڈپارٹمنٹ نے خلاف ورزی کرنے والے کئی دکانداروں اور تجارتی اداروں سے ۵۰؍ لاکھ روپے جرمانہ وصول کیا ہے ۔
 آفیسر کے بقول شہر اور مضافات میں مراٹھی ناموں کی تختیاں چسپاں کرنے کے سلسلہ میں ایک ہزار ۲۸۱؍ دکانوں کا معائنہ کیا گیا تھا جن میں سے ایک ہزار ۲۳۳؍ دکانداروں اور تجارتی اداروں نے تختیاں لگا لی ہیں ۔
  اس کے علاوہ مذکورہ بالا دسروے میں ۴۸؍ دکانیں ایسی پائی گئی تھیں جس نے مراٹھی نام کو جعلی حرفوں میں تحریر نہیں کیا تھا ، انہیں نوٹس دے کر اسے درست کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے ۔آفیسر کا یہ بھی کہنا تھا کہ مراٹھی ناموں کی تختیاں   نہ لگانے والے اگر سائن بورڈ لگانے کے سلسلہ میں کوئی عذر پیش کرتے ہیں تو ان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ان کے مسئلہ کو میونسپل ایڈمنسٹریشن کے ڈپٹی میونسپل کمشنر کے روبرو رکھا جاتا ہے اور شنوائی کی جاتی ہے ۔ساتھ ہی شنوائی کے دوران تشفی بخش جواز پیش نہ کرپانے پر ان پر جرمانہ عائد کیا جاتا ہے ۔آفیسر کے بقول اس سلسلہ میں اب تک ۷۴۲؍ دکاندراوں اور تجارتی اداروں کے اعتراضات پر شنوائی ہوئی ہےجبکہ قابل قبول جواز نہ کرنے پر ان سے اب تک ۵۷؍ لاکھ ۴؍ ہزار ۶؍ سو روپے جرمانہ بھی وصول کیا گیا ہے ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK