Inquilab Logo

اڈانی ہنڈن برگ معاملہ: سیبی نے سپریم کورٹ سے مزید ۱۵؍ دنوں کی مہلت مانگی

Updated: August 14, 2023, 4:21 PM IST | New Delhi

اس ضمن میں سیبی نے سپریم کورٹ میں عرضی داخل کی ہے۔مارکیٹ ریگولیٹرسیبی اڈانی سے جڑے ۲۴؍ معاملات میں سے ۱۷؍ کی تفتیش مکمل کر چکی ہے

Gautam Adani۔Photo: INN
گوتم اڈانی۔ تصویر: آئی این این

مارکیٹ ریگولیٹر سیبی نےاڈانی ہنڈن برگ معاملہ میں جاری تحقیقات کو مکمل کرنے کیلئے سپریم کورٹ سے مزید ۱۵؍ دنوں کی مہلت مانگی ہے۔ سیبی نے سپریم کورٹ میں ایک عرضی داخل کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وہ مذکورہ کیس کے تعلق سے۲۴؍ معاملات کی جانچ کر رہی ہے جن میں سے ۱۷؍ کی تحقیق مکمل ہوگئی ہے اورسیبی کے قواعد و ضوابط کو مد نظر رکھتے ہوئے اعلیٰ حکام نے انہیں منظور بھی کرلیا ہے۔ سیبی نے عرضی میں کہا ہے کہ اس نے بیرون ملک ایجنسیوں اور ریگیولیٹرس کی مدد سے معلومات اکٹھا کی ہے جنہیں مدنظر رکھتے ہوئے وہ دیگر معاملات کا جائزہ لے رہی ہے۔ سیبی نے دیگر ۶؍معاملات کے حوالے سے کہا ہے کہ ’’ ۴؍ معاملات میں نتائج کو مد نظر رکھتے ہوئے جان پڑ تال کی گئی ہیں اور ان کی مناسبت سے جو رپورٹ تیار کی گئی ہے وہ ابھی اعلیٰ حکام سے منظوری ملنے کے مرحلے میں ہے۔‘‘ عرضی میں یقین دہانی کروائی گئی ہے کہ سیبی ان ۴؍ معاملات میں مذکورہ حکام سے منظوری کے مرحلے کو جلد از جلد مکمل کرنے کی کوشش کر رہی ہے اور وہ ۲۹؍ اگست کواگلی سماعت سے پہلے اس مرحلے کو مکمل کر لے گی۔ باقی ۲؍ معاملات میں سے ایک کی تفتیش آخری مرحلے میں ہے اور دوسرےمیں سیبی جمع کی گئی معلومات کو مد نظر رکھتے ہوئے رپورٹ تیار کر رہی ہے۔ واضح رہے کہ ۱۱؍ جولائی کوسپریم کورٹ نے سیبی سے اڈانی معاملے کی رپورٹ طلب کی تھی اور کہا تھا کہ ۱۴؍ اگست تک وہ اپنی تفتیش مکمل کر لے۔ آج ہوئی سماعت میں سیبی نے سپریم کورٹ سے کیس کی تفتیش کو مکمل کرنے کیلئے مزید ۱۵؍ دنوں کی مہلت مانگی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK