Inquilab Logo

اگر خریدار نہ ملا تو جون ۲۰۲۰ء سے ایئر انڈیا کو بند کرنا پڑسکتا ہے

Updated: January 01, 2020, 8:01 PM IST | Agency | New Delhi

مسلسل خسارے میں جاری سرکاری ایئر لائن کمپنی ایئر انڈیا کی حالت اب اتنی زیادہ خراب ہو گئی ہے کہ کمپنی کے افسران کو حکومت سے کہنا پڑ رہا ہے یا تو اسے فوراً فروخت کردیا جائے یا پھر اسے بند کرنے کے لئے تیار رہا جائے۔

ائیر انڈیا ۔ تصویر : آئی این این
ائیر انڈیا ۔ تصویر : آئی این این

 نئی دہلی : مسلسل خسارے میں جاری سرکاری ایئر لائن کمپنی ایئر انڈیا کی حالت اب اتنی زیادہ خراب ہو گئی ہے کہ کمپنی کے افسران کو حکومت سے کہنا پڑ رہا ہے یا تو  اسے فوراً فروخت کردیا جائے یا پھر اسے بند کرنے کے لئے تیار رہا جائے۔ کمپنی کے افسران کے مطابق ایئر انڈیا کی مالی حالت بہت خراب ہے اور اگر جلد ہی اسے کوئی خریدار نہ ملا تو ممکن ہے کہ جون ۲۰۲۰ء سے اس کی خدمات بند کرنی پڑ جائیں کیوں کہ اب کمپنی کے پاس اتنا آپریشنل سرمایہ نہیں ہے کہ وہ خدمات جاری رکھ سکے۔
  ایئر انڈیا کے سینئر افسر کے مطابق انہیں کمپنی کے ۱۲؍ چھوٹے جہازوں کو دوبارہ اڑانے کے لئے بھی فنڈ کی ضرورت ہے ۔ اس تعلق سے حکومت نے حامی تو بھری ہے لیکن اب تک سرمایہ فراہم نہیں کیا ہے ۔ اس افسر نے مزید کہا کہ اب تک ایئر انڈیا کو زندہ رکھنے کی جتنی بھی کوششیں ہوئی ہیں وہ  ناکام ثابت ہوئی ہیں اسی لئے اب کوئی قلیل مدتی منصوبہ نہیں چلے گا بلکہ حکومت کو ایک طویل مدتی منصوبے کے ساتھ ایئر انڈیا کو بچانا ہو گا۔
  ادھرایئر انڈیا کا قرض بڑھ کر۸۰؍ ہزار کروڑ روپے ہو گیا ہے اور اسے روزانہ ۲۲؍ سے ۲۵؍  کروڑ روپے کا نقصان ہورہا ہے۔شہری ہوابازی کے  مرکزی  وزیر ہردیپ سنگھ پوری نے یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ  ایئر انڈیا پر قرض کا بوجھ اس حد تک بڑھ گیا ہے کہ اب قرض کا انتظام کرنا ناممکن ہے اور ایئر لائن کی نجکاری  کے علاوہ کوئی چارہ نہیں ہے۔ انہوںنے کہا کہ اگلے کچھ ہفتوں میں کمپنیوں کی نجکاری کیلئے ٹینڈرجاری کئے جائیں گے۔ 
  پوری نے نئے سال کے موقع پر نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کہا کہ ایئر انڈیا کا قرض ۸۰؍ ہزار کروڑ روپے پہنچ چکا ہے۔ اس سال اسے ۸؍ سے ۹؍ ہزار کروڑ روپے کے درمیان نقصان ہوا ہے اور اس طرح روزانہ کروڑوں کا نقصان جھیلنا پڑ رہا ہے۔انہوںنے کہا کہ ہمیں ایئر انڈیا کی نجکاری کرنی ہے اور اس میں کوئی دو رائے نہیں ہے کہ ہماری حکومت اسے بہتر ہاتھوں میں سونپنا چاہتی ہے اس لئے اتنی تاخیر ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کئی  پرائیویٹ کمپنیوں نے اس میں دلچسپی دکھائی ہے، آنے والے کچھ ہفتوں میں اس سلسلے میں  ٹینڈر جاری کئے جائیں گے۔ تبھی پتہ چل سکے گا کہ کتنی کمپنیاں  اسے خریدنے میں دلچسپی رکھتی ہیں۔

air india Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK