Inquilab Logo

مدارس کوسرکاری امداد پر الٰہ آباد ہائی کورٹ کا اعتراض، یوگی حکومت کو نوٹس

Updated: September 03, 2021, 8:58 AM IST | Lucknow

ہائی کورٹ کاسوال کہ کوئی سیکولر ریاست مذہبی تعلیمی اداروں کو فنڈ دے سکتی ہے؟ ، حکومتی امداد یافتہ مدارس اورتمام مذہبی تعلیمی اداروں کی تفصیل پیش کرنے کی ہدایت

allahabad high court.Picture:INN
الٰہ آباد ہائی کورٹ تصویر آئی این این

اترپردیش میں سرکاری امداد پر چلائے جارہے منظور شدہ مذہبی تعلیمی اداروں بالخصوص مدارس کے لئے بری خبر ہے۔ہائی کورٹ نے اس طرح کی فنڈنگ پر اعتراض ظاہر کیا ہے۔ ساتھ ہی حکومت سے اس تعلق سے کئی سوال کرتے ہوئے جواب طلب کیا ہے، جس کے لئے ۶؍اکتوبر تک کی مہلت دی ہے۔ تاہم، مذہبی رہنما اور مدارس سے منسلک  افراد کا کہنا ہے کہ شہریوں کو تعلیم یافتہ بنانا حکومت کی ذمہ داری ہے اور اگر مدارس یا کوئی بھی تعلیمی ادارہ اس میں سرکار کے لئے کارگر ثابت ہورہا ہے تو انہیں امداد فراہم کرنے میں برائی کیا ہے۔
 الٰہ آبا د ہائی کورٹ کی یک رکنی بینچ نے ریاستی حکومت سے مذہبی تعلیمی اداروں کو فراہم کی جارہی سرکاری ا مدادکے تعلق سے جواب  طلب کیا ہے۔ جسٹس اجے بھنوٹ نے مدرسہ انجمن اسلامیہ فیض العلوم کی عرضی پر سماعت کرتے ہوئے سوال کیا کہ کیا کوئی سیکولر ریاست کسی بھی مذہبی تعلیمی ادارے کو فنڈ دے سکتی ہے؟انہوں نے کئی سوال کئے ۔جسٹس بھنوٹ نے پوچھا کہ کیا کسی اور مذہب کے تعلیمی اداروں کو لئے بھی کوئی ایجوکیشن بورڈ بدرسہ بورڈ کی طرز پر صوبہ میں سرکار نے قائم کیا ہے؟کیا اس طرح کا بورڈ دوسری کسی ریاست میں ہے؟انہوں نے یوگی سرکارسے یہ بھی پوچھا ہے کہ کیا مدارس کی طرح دوسرے مذاہب کے تعلیمی اداروں کو بھی فنڈ دیا جارہا ہے ؟ کیا یہ تمام ادارے آئین میںآرٹیکل ۲۵؍ اور۳۰؍ میںد ئیے گئے حقوق کے ساتھ ساتھ شرائط پر بھی عمل پیرا ہیں؟ کیا یہ آرٹیکل ۲۸؍،  کے تحت مذہبی تعلیم اور عبادت کی دی گئی آزادی پر عمل کرتے ہیں؟  فاضل جج نے یہ بھی پوچھا ہے کہ آرٹیکل ۲۱؍اور آرٹیکل ۲۱؍اے کے تحت تعلیمی اداروں میں کھیل کا میدان سمیت باقی سہولتیں طلبہ کے لئے دستیاب کراتے ہیں؟یک رکنی بینچ کے سوالوں کا سلسلہ یہیں نہیں تھما بلکہ فاضل جج نے یہ بھی پوچھا کہ ان مدارس میں طالبات کو تعلیم کے حصول کی اجازت ہے؟اگر نہیں تو کیا یہ صنف نازک کے ساتھ تعصب اور آئین کی خلاف ورزی نہیں؟

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK