Inquilab Logo

’’ ذات پر مبنی مردم شماری کے ساتھ ساتھ اکنامک میپنگ بھی کروائی جائے گی ‘‘

Updated: March 10, 2024, 6:53 AM IST | Agency | New Delhi

راہل گاندھی کا اعلان ، کہا کہ ذاتوں کی گنتی انصاف کی پہلی سیڑھی ہے ،اکنامک میپنگ کے ذریعے ۵۰؍ فیصد ریزرویشن کی حد کو ختم کرنے کا وعدہ۔

Rahul Gandhi. Photo: INN
راہل گاندھی ۔ تصویر : آئی این این

کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے اپنی بھارت جوڑو نیائے یاترا کے دوران  ذات پر مبنی مردم شماری کو لے کر آواز اٹھاتے ہوئے بڑا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ اگر مرکز میں ان کی پارٹی کی حکومت آتی ہے تو وہ ذات پر مبنی مردم شماری کرائیں گے۔ ساتھ ہی پورے ملک کے لوگوں کی اکنامک میپنگ (معاشی سروے) بھی کروائیں گے جس سے شہریوں کی اصل معاشی حالت کے بارے میں معلوم کیا جاسکےگا۔ راہل گاندھی نے  بہار کی مثال دیتے ہوئے یہ بتانے کی کوشش کی کہ ملک کے غریب عوام کے  لئے ذات پر مبنی مردم شماری کیوں ضروری ہے۔ راہل گاندھی نے ایکس پر پوسٹ کیا، ’’کیا ہم نے کبھی سوچا ہے کہ غریب کون ہیں؟ کتنے ہیں اور کس حال میں ہیں؟ کیا ان سب کا شمار ضروری نہیں؟ بہار میں کرائی گئی ذات پر مبنی مردم شماری سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ ۸۸؍ فیصد غریب آبادی دلت، قبائلی، پسماندہ اور اقلیتی برادریوں سے آتی ہے۔‘‘
 کانگریس کے سابق صدر نے کہاکہ بہار کے اعداد و شمار ملک کی حقیقی تصویر کی صرف ایک چھوٹی سی جھلک ہیں، ہمیں اندازہ بھی نہیں ہے کہ ملک کی غریب آبادی کس حال میں رہ رہی ہے۔ اس لئے ہم دو تاریخی قدم اٹھانے جا رہے ہیں۔ پہلا ہے ذات پر مبنی مردم شماری   اور دوسرا قدم ہے  اقتصادی نقشہ بندی(اکنامک میپنگ) جس کی بنیاد پر ہم ریزرویشن کی ۵۰؍فیصد کی حد کو ختم کرتے ہوئے اسے بڑھانے میں کامیاب ہو سکیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ قدم ملک کا ایکسرے کرے گا اور ہر ایک کو صحیح ریزرویشن، حقوق اور حصہ داری فراہم کرے گا۔ اس سے نہ صرف غریبوں کے  لئے درست پالیسیاں اور منصوبے بنانے میں مدد ملے گی بلکہ غریبوں کو غربت سے آزاد کر کے ترقی دینے میںبھی مدد ملے گی۔ ہمارے ملک کے غریب تعلیم، کمائی اور دوائی کی جدوجہد کے ساتھ ساتھ  قومی دھارے سے بھی جڑنے کے قابل ہو جائیں گے۔
 راہل گاندھی نے کہا کہ اس  لئے ضروری ہے کہ ہم  اٹھیں، جاگیں اور اپنی آواز بلند کریں۔ ذات پر مبنی مردم شماری آپ کا حق ہے اور یہ آپ کو مشکلات کے اندھیروں سے نکال کر روشنی کی طرف لے جائے گی۔ اس سے ترقی کی راہ کھلے گی۔ انہوں نے کہا گنتی ہمارا نعرہ ہے، کیونکہ گنتی `انصاف کی جانب پہلا قدم ہے۔ انہوں نے مرکز کی بی جے پی حکومت پر شدید تنقید بھی کی اور کہا کہ یہ پارٹی ملک کے غریبوں کو مزید غریب اور پسماندہ رکھنا چاہتی ہے اس لئے پورے ملک میں ذات پر مبنی مردم شماری نہیں  کرنا چاہتی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK