Inquilab Logo

امرتپال پولیس کی گرفت سے باہر،گھیرا تنگ، حامی گرفتار،اسلحہ ضبط، نئے مقدمے درج

Updated: March 20, 2023, 10:28 AM IST | Chandigarh

پورے پنجاب میں پولیس کا فلیگ مارچ ،ا نٹرنیٹ پر پابندی میں توسیع،شدت پسند لیڈر کے گرفتار شدہ ساتھیوں میں سے ۴؍ کو آسام منتقل کردیاگیا

Police conducted a flag march across Punjab on Sunday
پولیس نے اتوار کو پورے پنجاب میں فلیگ مارچ کیا

 پنجاب  میں۲۴؍ گھنٹے سے بھی زائد کے کریک ڈاؤن کے  باوجود  پولیس  شدت پسند لیڈر امرتپال سنگھ کو گرفتار نہیں کرسکی  البتہ اس کے اطراف گھیرا تنگ ہوتا ہوا نظر آرہاہے۔ پولیس نے اس کےکم وبیش تمام حامیوں کو حراست میں لے لینے کا دعویٰ کیا ہے۔ جنہیں  گرفتار کیاگیاہے ان میں سے ۴؍ کو سیکوریٹی کے پیش نظر آسام منتقل کردیاگیاہے۔  اس بیچ پولیس  نے متعدد مقامات پر امرت پال کے حامیوں   کے ٹھکانوں پر چھاپہ مار کر بڑے مقدار میں اسلحہ ضبط کیا ہے جس کے بعد آرمس ایکٹ کے تحت مزید  ۲؍ ایف آئی آر درج کر لی گئی ہیں۔  امرتپال کو این ایس اے کے تحت ملزم بنانے کی تیاری ہے۔ 
 یاد رہے کہ سنیچر کو کریک ڈاؤن کے آغاز کے وقت ہی امرتپال پولیس کو چکمہ دے کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگیاتھا۔ اتوار کی شام ۶؍ بجے   کے قریب پنجاب پولیس نے اپنے ٹویٹر ہینڈل پر اس بات کی تصدیق کی کہ وہ گرفتارنہیں ہوا ہے۔   اس ضمن میں جاری کئے گئے ایک ویڈیو پیغام میں انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) سکھ چین سنگھ گل نے کہا کہ’’ امرت پال سنگھ کو گرفتار کرنے کیلئے سنیچر کو   مہات پور علاقے میں  جال بچھایا گیا تھا۔‘‘ انہوں نے واضح کیا کہ’’ امرت پال سنگھ ابھی تک مفرور ہے اور اس کی تلاش جاری ہے۔‘‘ پولیس نے   عوام سے اپیل کی کہ وہ افواہوں اور جھوٹی خبروں پر یقین نہ کریں، گھبرائیں نہیں اور امن اور بھائی چارے کی فضا برقرار رکھیں۔
 پولیس نے نیم فوجی دستوں کے اہلکاروں کے ساتھ سنگرور اور جالندھر سمیت کئی اضلاع میں فلیگ مارچ بھی کیا۔ خالصتان کے حامی امرت پال سنگھ اور اس کے ساتھیوں کے خلاف پولیس کارروائی سے پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر پولیس اور نیم فوجی دستوں نے اتوار کو پنجاب کے سنگرور اور جالندھر کے مختلف حصوں میں فلیگ مارچ کیا تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو روکا جاسکے اور لوگوں میں اعتماد بحال کیا جاسکے۔ 
 امرتسر دیہی پولیس کے سینئر سپرنٹنڈنٹ ستیندر سنگھ نے امرتپال کے حامیوں کے خلاف نئے کیس کے اندراج کی تصدیق کرتے ہوئے  اتوار کو بتایا کہ امرتپال کے ۷؍ ساتھیوں کو آرمس ایکٹ کی دفعات کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امرتپال کو پکڑنے کیلئے کارروائیاں  جاری ہیں۔ ایس ایس پی نے بتایا کہ ۷؍ملزمین کے قبضے سے ۶؍ غیر قانونی۱۲؍ بورکی  بندوقیں اور۱۹۳؍ زندہ کارتوس برآمد کیے گئے ہیں۔ ملزمین کی شناخت اجے پال، گورویر سنگھ، بلجندر سنگھ، ہرمندر سنگھ، گرلال سنگھ، سویریت سنگھ اور امندیپ سنگھ کے طور پر کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہرمیندر سنگھ کو ایک ہتھیار اور۱۳۹؍ کارتوسوں کے ساتھ پکڑا گیا ہے۔ 

 ایس ایس پی نے بتایا کہ  پنجاب میں امن و امان کی صورتحال کنٹرول میں ہے۔ کارروائی کے تحت امرتپال کے آبائی گاؤں  میں اس کے گھر کی بھی تلاشی لی گئی۔ پولیس نے امرتپال سنگھ کے قافلے میں شامل دو گاڑیاں برآمد کر لی ہیں۔
  یاد رہے کہ سنیچر کو امرتپال سنگھ اوراس کے ساتھیوں  کے خلاف کریک ڈاؤن کے بعد پولیس  نے ۷۸؍ افراد کو گرفتار کیاہے۔ ان میں سے ۴؍ کو سیکوریٹی کی وجوہات کا حوالہ دیتے ہوئے آسام کی جیل میں منتقل کردیاگیاہے۔ ان سے آسام اور پنجاب کی پولیس مشترکہ طو ر پر پوچھ تاچھ کرسکتی ہے۔  امرتپال کے مالی لین دین کا حساب کتاب رکھنے والے دلجیت سنگھ کالسی کو گروگرام سے گرفتار کیا گیا ہے۔  حالات کو بگڑنے نہ دینے اور عوام کا اعتماد بحال کرنے کیلئے اتوار کو پورے پنجاب میں پولیس نے سی آر پی ایف کے جوانوں کے ساتھ  فلیگ مارچ کیا۔ پنجاب پولیس امرتپال کے خلاف این ایس اے کے تحت کیس درج کرنے کی تیاری کررہی ہے۔ اس پر خالصتان کے مطالبے کی حمایت کا الزام ہے۔ امرتپال کی گرفتاری کیلئے امرتسر میں ۱۰۰؍ مقامات پر چیک پوائنٹ بنائے گئے  ہیں جہاں ہر گاڑی کی تلاشی لی جارہی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK