امرتسر، پنجاب میں فلائی امرتسر انیشی ایٹو نے سری گرو رام داس بین الاقوامی ہوائی اڈے اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے درمیان براہ راست پروازوں کی بحالی کا خیر مقدم کیا ہے۔
انڈیگو ایئرلائنس۔ تصویر:آئی این این
امرتسر، پنجاب میں فلائی امرتسر انیشی ایٹو نے سری گرو رام داس بین الاقوامی ہوائی اڈے اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے درمیان براہ راست پروازوں کی بحالی کا خیر مقدم کیا ہے۔ ایران اسرائیل کشیدگی اور مشرق وسطیٰ میں فضائی حدود کی عارضی بندش کی وجہ سے حال ہی میں فلائٹ سروسز متاثر ہوئی تھیں۔ فلائی امرتسر انیشی ایٹو کے گلوبل کوآرڈی نیٹر سمیپ سنگھ گمٹالا نے پیر کو کہا کہ خطے میں حالات معمول پر آنے کے ساتھ ہی بین الاقوامی ایئر لائنز آہستہ آہستہ اپنی باقاعدہ خدمات دوبارہ شروع کر رہی ہیں۔ ایئر انڈیا ایکسپریس نے اپریل میں اپنی امرتسر،شارجہ پروازیں دوبارہ شروع کیں اور روزانہ امرتسر،دبئی سروس۱۶؍ مئی کو دوبارہ شروع ہوئی۔ انڈیگو بھی ۲۰؍ مئی سے اپنی امرتسر،شارجہ پرواز دوبارہ شروع کررہی ہے۔
ایئر انڈیا ایکسپریس کی دبئی فلائٹ امرتسر سے رات۲؍ بج کر ۲۰؍ پر روانہ ہوگی اور صبح۴؍ بج کر ۵۵؍ منٹ پر دبئی پہنچے گی۔ واپسی کے سفر پر یہ پرواز دبئی سے صبح۵؍ بج کر ۵۵؍ پر روانہ ہوگی اور صبح۱۱؍ بج کر ۴۰؍ منٹ پر امرتسر پہنچے گی۔ شارجہ کیلئے انڈیگو کی فلائٹ امرتسر سے دوپہر۱۲؍ بج کر ۱۵؍ منٹ پر روانہ ہوگی اور دوپہر ۲؍ بج کر ۴۰؍ منٹ پر پہنچے گی جبکہ ایئر انڈیا ایکسپریس کی پرواز دوپہر ایک بج کر ۵۱؍ پر روانہ ہوگی اور شام۴؍ بج کر ۵؍ منٹ پر شارجہ پہنچے گی۔ دونوں واپسی کی پروازیں شام۵؍ بج کر ۵؍ منٹ پر روانہ ہوں گی اور تقریباً ساڑھے ۱۰؍ بجے سے۱۰؍ بج کر ۴۵؍ منٹ پرامرتسر پہنچیں گی۔
سمیپ سنگھ گمٹالہ نے کہا کہ ان پروازوں کا دوبارہ شروع ہونا پنجاب، تارکین وطن پنجابی برادری، کارکنوں اور سیاحوں کیلئے بڑی راحت ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ فلائٹ سروسیز مستقبل میں مکمل طور پرمستحکم رہیں گی تاہم، فلائی امرتسر انیشی ایٹو نے اطلاع دی ہے کہ اسپائس جیٹ کی دبئی پروازیں اگست تک بکنگ کیلئے ابھی تک دستیاب نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امرتسر سے دبئی اور شارجہ کیلئے روزانہ۲؍ پروازیں چل رہی ہیں کیونکہ ان راستوں پر مسافروں کی زیادہ مانگ ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اگر اسپائس جیٹ جلد ہی اپنی خدمات دوبارہ شروع کرنے میں ناکام رہتی ہے تو انڈیگو یا دیگر ہندوستانی ایئر لائنز کو دبئی کیلئے اضافی پروازیں شروع کرنی چاہئیں۔