Inquilab Logo Happiest Places to Work

امروہہ : آٹو ڈرائیور مناظر نے قیمتی سامان سے بھرا خاتون کابیگ واپس لوٹایا

Updated: August 31, 2026, 12:18 PM IST | Agency | Amroha

یہاں پچھلے دنوں مناظر نامی ایک آٹورکشا ڈرائیور نے ایمانداری کی اعلیٰ مثال قائم کرتے ہوئے آٹو میں رہ جانے والا خاتون کا قیمتی سامان سے بھرا بیگ واپس لوٹایا۔

Auto-rickshaw driver handing over the bag in the photo released by the police. Picture: INN
پولیس کی جانب سے جاری کردہ تصویر میں آٹو ڈرائیو ر بیگ دیتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این

یہاں پچھلے دنوں مناظر نامی ایک آٹورکشا ڈرائیور نے ایمانداری کی اعلیٰ مثال قائم کرتے ہوئے آٹو میں رہ جانے والا خاتون کا قیمتی سامان سے بھرا بیگ واپس لوٹایا۔ اس بیگ میں۲۰؍ ہزار روپے نقدبھی موجود تھے۔ مناظر نے پولیس کی مدد سے اس کی اصل مالکن تک پہنچا دیا۔ اس دور میں سامنے آنے والے اس اقدام نے ثابت کیا کہ حساسیت اور دیانت داری آج بھی سماج کا سب سے مضبوط سرمایہ ہے۔

یہ بھی پڑھئے:مارچ ۲۰۲۷ء سے ملک کے تمام اداروں میں ’آئی ایس ٹی‘ پر عمل درآمد لازمی

رپورٹ کے مطابق امروہہ دیہات تھانہ علاقے کی رہائشی متھلیش کی لسا روڈ سے آٹو نمبر ’یوپی ۲۳۔ڈی۔۵۷۲۹‘میں سوار ہوکر امروہہ نگر کے ٹی پی نگر چوراہے پر اتریں۔ عجلت میں ان کا سامان سے بھرا بیگ آٹو میں ہی رہ گیا۔ بیگ میں تقریباً۲۰؍ ہزار روپے نقد سمیت دیگر ضروری اور قیمتی سامان موجود تھا۔ بیگ چھوٹنے کا احساس ہوتے ہی خاتون پریشان ہو گئیں اور انہوں نے ٹی پی نگر چوراہے پر موجود ٹریفک پولیس کو اس کی اطلاع دی۔ معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ٹریفک سب انسپکٹر یوگیندر سنگھ، ہیڈ کانسٹیبل کرم پرکاش اور کانسٹیبل ریحان نے فوری طور پر سی سی ٹی وی فوٹیج کھنگال کر آٹو کی تلاش شروع کر دی۔ پولیس ابھی آٹو کی شناخت اور ڈرائیور تک پہنچنے کی کوشش میں لگی ہی تھی کہ اسی دوران جویا کا آٹو ڈرائیور مناظر خود ٹی پی نگر چوراہے پر پہنچ گیا۔ مناظر نے پولیس اہلکاروں کو بتایا کہ اس کے آٹو میں کسی مسافر کا بیگ رہ گیا ہے اور وہ اسے اسکے مالک تک پہنچانے آیا ہے۔ ڈرائیور کی اس ایمانداری سے پولیس اہلکاروں کے ساتھ ساتھ خاتون کو بھی راحت ملی۔ ٹریفک پولیس نے متھلیش کو موقع پر بلایا اور ان کی موجودگی میں بیگ کھلوا کر سامان کی تصدیق کرائی۔ بیگ میں رکھے۲۰؍ ہزار روپے نقد سمیت تمام سامان محفوظ پایا گیا۔ کھویا ہوا بیگ اور رقم بحفاظت واپس ملنے پر متھلیش اور ان کے اہل خانہ کی خوشی کی کوئی انتہا نہ رہی انہوں نے آٹو ڈرائیور مناظر اور پولیس کا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK