Inquilab Logo

آندھراپردیش ٹرین حادثہ: ۱۴؍ ہلاک، ۵۰؍زخمی، ریاستی حکومت کا معاوضہ کا اعلان

Updated: October 30, 2023, 2:41 PM IST | Hyderabad

انڈین ریلویز کے مطابق پٹریوں کی بحالی کا کام جنگی پیمانے پر جاری۔ جانچ ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ وزیر اعظم، صدر جمہوریہ، نائب صدر جمہوریہ، کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھرگے اور راہل گاندھی سمیت متعدد لیڈران کا اظہار تعزیت۔

The work of the tracks is going on on a war scale. Photo: PTI
پٹریوں کی بحالی کا کام جنگی پیمانے پر جاری ہے۔ تصویر: پی ٹی آئی

مرنے والوں کی تعداد ۱۴؍ ہوگئی، ۵۰؍ سے زائد زخمی
آندھرا پردیش ٹرین حادثے کے متعلق سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ایم دپیکا نے پیر کو بتایا کہ آندھرا پردیش کے وجے نگرم ضلع میں ہاوڑہ چنئی لائن پر ٹرین حادثے میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر۱۴؍ ہوگئی ہے جبکہ ۵۰؍ افراد زخمی ہوئے ہیں۔ایسٹ کوسٹ ریلوے (ای سی آر) کے عہدیداروں نے بتایا کہ اتوار کی شام تقریباً ۷؍ بجے پلاسا مسافر ٹرین یہاں سے تقریباً ۴۰؍ کلومیٹر دور کانٹاکاپلی کے مقام پر ریاگڈا مسافر ٹرین سے ٹکرا گئی جس کی وجہ سے تین بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔ای سی آر کے چیف پبلک ریلیشن آفیسر (سی پی آر او) بسواجیت ساہو نے کل رات کہا تھا کہ اس حادثے میں کم از کم ۹؍ افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ تاہم، آج پولیس نے بتایا کہ مرنے والوں کی تعداد ۱۴؍ ہوگئی ہے۔ 

ریاستی حکومت کا معاوضہ کا اعلان
ریلوے کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ زخمیوں کو وشاکھاپٹنم اور وجے نگرم کے اسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔ اس واقعے پر غم کا اظہار کرتے ہوئے، آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ وائی ایس جگن موہن ریڈی نے بھی حکام کو ہدایت دی کہ وہ لواحقین کو فی کس ۱۰؍ لاکھ روپے اور ریاستی زخمیوں کو۲؍ لاکھ معاوضہ دیںجبکہ دیگرریاستوں سے تعلق رکھنے والے مہلوکین کے ارکان خاندان کو فی کس دو لاکھ روپے اور زخمیوں کیلئے ۵۰؍ہزار روپے معاوضہ کا اعلان کیا گیا ہے۔

حادثے کے متاثرین اسپتال میں۔ تصویر: پی ٹی آئی

جانچ ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچ گئی 
ٹرین حادثہ کی جانچ کیلئے اعلیٰ سطحی جانچ ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہے۔کمشنر آف ریلوے سیفٹی کی ٹیم سکندرآباد سے وجے نگرم پہنچی۔پرنوسکسینہ کی قیادت میں یہ جانچ ٹیم حادثہ کی جانچ کررہی ہے۔یہ ٹیم حادثہ کی وجوہات معلوم کرنے کی کوشش کررہی ہے۔کیا سگنلنگ یا بجلی کے مسئلہ کے سبب یہ حادثہ پیش آیا، اس زاویہ سے بھی جانچ کی جارہی ہے۔
 
متعدد ٹرین خدمات کے اوقات اور روٹ بدلے گئے 
ساؤتھ یسنٹرل ریلوے آندھراپردیش کے وجے نگرم کے قریب ٹرین حادثہ کے پیش نظر ٹرین خدمات میں متعدد ردوبدل ہوئی ہیں۔ایک پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ایسٹ کوسٹ ریلوے کے والٹیرڈیویثرن کے وشاکھاپٹنم۔بھونیشور سیکشن کے الم نندا اور کنکٹاپلی کے درمیان ٹرین حادثہ کے سبب یہ ردوبدل کی جارہی ہے۔ ٹرین نمبر۲۲۸۶۰؍ ڈاکٹرایم جی آرچینائی سینٹرل۔پوری ویکلی ایکسپریس ٹرین جو آج۴؍ بجکر ۲۵؍ منٹ پر روانہ ہونے والی تھی کو منسوخ کردیاگیا۔ اسی طرح ٹرین نمبر ۱۲۸۴۲؍ ڈاکٹرایم جی آرچینائی سینٹرل۔کورومنڈل ایکسریس ٹرین تاخیرسے چلے گی۔ ٹرین نمبر۱۳۳۵۲؍ الپووزوہا۔دھنباد ٹرین بھی چارگھنٹہ تاخیر سے پیر کو چلائی جارہی ہے۔

پٹریوں کی بحالی کا کام جنگی پیمانے پر جاری
آندھراپردیش کے وجے نگرم ضلع میں ٹرین حادثہ کے بعد ٹریک کی بحالی کا کام جنگی پیمانے پر جاری ہے۔ حادثہ میں نقصان سے دوچار بوگیاں بڑی مشینوں کی مدد سے نکالی گئیں۔ بوگیوں کو ہٹانے کیلئے وشاکھا سے باہوبلی کرین لائی گئی ہے۔ حادثہ کے مقام پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ساؤتھ سینٹرل ریلوے کے عملے کے ساتھ این ڈی آر ایف، اے سی آر ایف، آر پی ایف اور دیگر محکموں کے عہدیداروں نے امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا۔ جائے وقوع پر دو ایمبولنس دستیاب کرائی گئی ہیں۔ پولیس مقامی افرادکو وہاں آنے سے روک رہی ہے۔

صدرجمہوریہ، نائب صدر جمہوریہ اور وزیراعظم کااظہارِ دکھ
صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے آندھرا پردیش کے وجے نگرم میں پیش آئے ٹرین حادثہ میں اموات پر گہرے دکھ کااظہار کیا ہے۔ ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں مرمو نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے نیک تمناؤں کااظہار کیا۔ نائب صدر جگدیپ دھنکر نے کہا کہ وہ وجے نگرم میں ٹرین کے پٹری سے اترنے کے المناک واقعہ میں قیمتی جانوں کے ضائع ہونے پر دکھ کااظہار کیا۔ انہوں نے ا س واقعہ میں مرنے والوں کے ارکان خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے نیک تمنائیں ظاہر کی۔اسی دوران وزیر اعظم نریندر مودی ریلوے کے وزیر اشونی ویشنو سے رابطے میں ہیں۔مودی نے بھی مہلوکین کے ارکان خاندان سے تعزیت کااظہار کیا۔انہوں نے صورتحال کا جائزہ لیا۔انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے نیک تمنائیں ظاہر کیں۔

ٹرینوں کو جھنڈی دکھانے کا جوش وخروش ٹرینوں کے تحفظ کیلئے دکھایاجانا چاہئے:کھرگے
کانگریس کے قومی صدرملکارجن کھرگے نے اس حادثہ پر گہرے دکھ کااظہارکیا۔انہوں نے ایکس پر پوسٹ کیا کہ انہیں اس حادثہ کے بارے میں سن کر کافی صدمہ ہوا ہے۔انہوں نے مہلوکین کے غمزدہ ارکان خاندان سے تعزیت کااظہارکیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے نیک تمناؤں کااظہار کیا۔انہوں نے کانگریس کے کارکنوں سے کہا کہ وہ ہرممکن مدد فراہم کریں۔دوسری جانب انہوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ بالاسور ٹرین حادثہ کے بعد مرکزی حکومت کے ٹرینوں کے تحفظ کے سلسلہ میں تمام دعوے کھوکھلے ثابت ہوئے۔ ٹرینوں کو جھنڈی دکھانے کا جوش وخروش ٹرینوں کے تحفظ اور روزانہ سفر کرنے والے کروڑوں مسافروں کی بہتری کیلئے دکھایاجانا چاہئے۔

راہل گاندھی کا دکھ کااظہار
کانگریس لیڈرراہل گاندھی نے آندھرا پردیش میں پیش آئے ٹرین حادثہ پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔انہوں نے اس حادثہ میں مرنے والے افراد کے ارکان خاندان سے تعزیت ظاہر کی۔انہوں نے ایکس پر پوسٹ کیا کہ ’’آندھراپردیش کے وجے نگرم میں ٹرین حادثہ میں بیشتر اموات اورزخمیوں کی خبر پر دکھ ہوا۔میں غمزدہ خاندانوں سے تعزیت کااظہار کرتاہوں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی امید کرتاہوں۔‘‘

ادیشہ میں ۳؍ ٹرینوں کی ٹکر کا واقعہ
واضح رہے کہ آندھرا پردیش میں  اتوار کی شام ایک ایکسپریس ٹرین پہلے سے کھڑی ٹرین سے ٹکرا گئی تھی۔ اس حادثہ نے ادیشہ میں  ۳؍  ٹرینوں کی ٹکر کے خوفناک سانحہ کی یاد تازہ کردی ہے جس میں  ۲۸۰؍ افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ تفصیلات کے مطابق پسنجر ٹرین وشاکھا پٹنم سے رایا گاڑا جارہی تھی۔ اوور ہیڈ کیبل ٹوٹ جانے کی وجہ سے یہ کھڑی ہوئی تھی کہ اچانک پالسا ٹرین اسی پٹری پر آگئی اور پسنجر ٹرین سے ٹکرا گئی۔ آندھرا پردیش کے وزیراعلیٰ جگن ریڈی نے فوری طور پر اس حادثہ کی جانچ کا حکم دیدیاہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK