Inquilab Logo

انل دیشمکھ کی رِہائی کاراستہ صاف،ضمانت پر مزید اسٹے سے بامبے ہائی کورٹ کا انکار

Updated: December 28, 2022, 10:34 AM IST | Nadeem asran | Mumbai

ہائی کورٹ نے سی بی آئی کی عرضی مسترد کردی ،آج کاغذی کارروائی پوری ہوتے ہی انل دیشمکھ کو رہائی ملنے کا امکان ، فی الحال پرائیویٹ اسپتال میں زیر علاج ہیں

Senior NCP leader and former minister Anil Deshmukh
این سی پی کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر انل دیشمکھ

ین سی پی کے سینئر لیڈر  اور سابق ریاستی وزیر داخلہ  انل دیشمکھ جو کئی ماہ سے جیل میں بند ہیں ، کی رہائی کا راستہ صاف ہو گیا ہے کیوں کہ  ان کی منظور شدہ ضمانت پر سی بی آئی کے ذریعہ لگائی گئی رکاوٹ اس وقت ختم ہوگئی جب بامبے ہائی کورٹ نے ضمانت پر تیسری مرتبہ اسٹے کو برقرار رکھنے کی درخواست کو مسترد کردیا  ۔ عدالت کے فیصلہ سے دیشمکھ کونہ صرف بڑی راحت ملی ہے بلکہ جیل سے رہائی کی راہ بھی ہموار ہوگئی ہے ۔ اب  اس بات کا قوی امکان  ہے کہ دستاویزی کارروائی مکمل ہونے کے بعد بدھ کو ان کو جیل سے رہاکردیا جائے گا ۔ یاد رہے کہ اس وقت انل دیشمکھ  عدالتی تحویل میں ہیں لیکن پرائیویٹ اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
  منگل کو تفتیشی ایجنسی سی بی آئی نے ایک بار پھر بامبے ہائی کورٹ کی سنگل بنچ کے جسٹس ایم ایس کارنک کی عدالت سے رجوع  کرتے ہوئے جسٹس سنتوش گوپال گاؤنکر کے ذریعہ منظور شدہ ضمانت پر لگائے گئے اسٹے کو برقرار رکھنے کی اپیل کی۔ ایجنسی نے کہا کہ  سپریم کورٹ میں تعطیلات کے سبب انل دیشمکھ کی ضمانت کے خلاف شنوائی نہیں ہوپارہی ہے اس لئے ۲؍ جنوری یعنی سپریم کورٹ کی تعطیلات ختم ہونے تک اسٹے کو برقرار رکھا جائے ۔  دیشمکھ کی جانب سے پیش ہونے والے سینئر وکیل انیکیت نکم نے کہا کہ تفتیشی ایجنسی  مہلت کا ناجائز فائدہ اٹھا رہی ہے اور اس معاملہ میں حد سے تجاوز کررہی ہے ۔ اس سلسلہ میں ایجنسی فوری طور پر سپریم کورٹ سے رجوع ہونے میں ناکام رہی ہے اس لئے وہ بار بار ہائی کورٹ سے رجوع ہورہی ہے ۔ میری درخواست ہے کہ عدالت سی بی آئی کی اپیل کو خارج کرتے ہوئے میرے موکل کی منظورشدہ ضمانت پر لگے اسٹے کو ختم کرے اور ان کی رہائی کی راہ ہموار کرے ۔ جسٹس ایم ایس کارنک نے جرح سننے کے بعد تفتیشی ایجنسی کی درخواست کو مسترد کردیا اور اسے کو خارج کردیا۔ تکنیکی اعتبار سے چونکہ اسٹے ۲۷؍دسمبر تک تھا اس لئے ممکنہ طور پر بدھ ۲۸؍ دسمبر کو کاغذی کارروائی مکمل ہونے کے بعد جیل انتظامیہ انل دیشمکھ کی رہائی کا پروانہ جاری کرے گا ۔انہیں گزشتہ سال ۲؍ نومبر ۲۰۲۱ء کو گرفتار کیا گیا تھا ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK