• Thu, 15 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

انکیتا کے والدین کا دہلی میں احتجاج، راہل اور پرینکا ملنے پہنچے

Updated: October 15, 2026, 12:46 PM IST | Agency | New Delhi

دُشینت گوتم کی سکم کے گورنر کے طورپر تقرری منسوخ کرنے کے مطالبہ میں شدت، انکیتا کی والدہ نے کہاکہ صدر جمہوریہ ان کی بات ضرور سنیں گی۔

Rahul and Priyanka Gandhi during a meeting with Ankita`s parents. Photo: PTI
راہل اور پرینکا گاندھی انکیتا کے والدین سے ملاقات کے دوران۔ تصویر: پی ٹی آئی

بی جے پی لیڈردُشینت گوتم کوسکم کا گورنر بنائےجانے کے خلاف نئی دہلی میںاحتجاج کررہے انکیتا بھنڈاری کے والدین سےبدھ کوراہل اورپرینکا گاندھی نے ملاقات کی ۔ کانگریس کے رکن پارلیمنٹ اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی بدھ کی رات انڈیا گیٹ پہنچے اور انکیتا بھنڈاری کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔واضح رہےکہ  دشینت گوتم کو صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے ۱۲؍ اکتوبر کوسکم  کا گورنر نامزد کیا جن کے تعلق سے انکیتا کے والدین کا الزام ہےکہ وہ بھی  ان کی بیٹی کے قتل کے ذمہ دار ہیں ۔ انکیتا کے والدین انہیںگورنر بنائے جانے کے خلاف انڈیا گیٹ پر دھرنے پر بیٹھے ہیں۔

خیال رہے کہ انکیتا بھنڈاری کا۲۰۲۲ء میں اتراکھنڈ میں قتل کیا گیا تھا۔ اس معاملے میں دشینت گوتم پر بھی الزامات لگائے گئے تھے۔ کانگریس کی ایکس پوسٹ میں کیا گیا کہ انکیتا پر گوتم کو ’سروس‘ فراہم کرنے کے لیے دباؤ ڈالا گیا تھا اور انکار پر انہیں قتل کیا گیا۔ پارٹی نے الزام عائد کیا کہ وزیر ِ اعظم مودی نے گوتم کو سکم کا گورنر مقرر کر کے نوازا ہے اور حکومت متاثرہ خاندان کی آواز دبانے کی کوشش کر رہی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: رتنا گیری: راجا پور میں بچوں کے ڈوبنے کا معاملہ، ۱۵؍ سالہ بچی کا ابھی تک کچھ پتہ نہیں چلا

انکیتا بھنڈاری کی والدہ سونی دیوی نے کہا کہ دشینت گوتم کو گورنر بنایا گیا ہے، انہیں عہدے سے ہٹا یاجانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی وجہ سے ان کی بیٹی کی جان چلی گئی۔ انصاف ملنے تک احتجاج جاری رہے گا۔ انہوں نےمطالبہ کیا کہ  صدر جمہوریہ دروپدی مرمو دشینت گوتم کی گورنر کے عہدہ پرتقرری پراس وقت تک روک لگائیں جب تک سی بی آئی اس کیس کی تحقیقات مکمل نہیں کرلیتی ۔ سونی دیوی نے کہا کہ صدر جمہوریہ ان کی بات ضرورسنیں گی کیونکہ وہ  ایک عورت ہیں اوران کے جذبات کو سمجھتی ہیں۔

کانگریس لیڈر پون کھیڑا نے اس فیصلے پر بی جے پی پر سخت نکتہ چینی کی۔ انہوں نے سوال کیا کہ بی جے پی کب تک عصمت دری کرنے والوں کے ساتھ کھڑی رہے گی؟ انہوں نے مزید کہا کہ جب سے یہ کیس سامنے آیا ہے انکیتا کی والدہ رو رہی ہیں۔سماجی کارکن یوگیتا بھیانہ نے کہا کہ گورنر کی تقرری کی خبر سامنے آنے کے بعد سے وہ پریشان ہیں۔یوگیتا نے کہا کہ انہوں نے اس کے بعد انکیتا کے گھر والوں سے بات کی اور انہوں نے اسے دہلی آنے کو کہا۔

انکیتا کی ماں نے کہاکہ انصاف ملنے تک دھرنا جاری رہے گا۔ انہوں نے گورنر کو اپنی بیٹی کے قتل کا ذمہ دار قراردیا اور مطالبہ کیاکہ انہیں کوئی عہدہ نہ دیاجائے ۔سونی دیوی نے کہا کہ راہل گاندھی ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔انکیتا کے والد ویریندر سنگھ بھنڈاری نے بھی صدر سے درخواست کی کہ تحقیقات مکمل ہونے تک گوتم کو گورنر مقرر نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ گوتم کو جیل میں ہونا چاہئے۔راہل اور پرینکا کی ا نکیتا والدین سے ملاقات کے تناظر میں کانگریس نے ایک پوسٹ میںلکھا کہ ملک کی لڑکیاں اور خواتین دیکھ رہی ہیں کہ نریندر مودی اور ان کی حکومت کس طرح دشینت گوتم کو بچا رہی ہے۔انکیتا بھنڈاری کو انصاف فراہم کرنے کے بجائے پوری بی جے پی حکومت متاثرہ خاندان کی آواز  دبانے پر تلی ہوئی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK