Updated: April 21, 2026, 12:16 AM IST
| Lucknow
سماجوادی پارٹی کے قومی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے ایک بڑا اعلان کرتے ہوئے بی جے پی کی نیند حرام کردی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اگر۲۰۲۷ء میں ریاست میں سماجوادی حکومت قائم ہوتی ہے تو صوبے کے بجلی صارفین کو ۳۰۰؍ یونٹ تک مفت بجلی فراہم کی جائے گی، جبکہ خواتین کو سالانہ ۴۰؍ ہزار روپے پنشن دی جائے گی۔
سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو
سماجوادی پارٹی کے قومی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے ایک بڑا اعلان کرتے ہوئے بی جے پی کی نیند حرام کردی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اگر۲۰۲۷ء میں ریاست میں سماجوادی حکومت قائم ہوتی ہے تو صوبے کے بجلی صارفین کو ۳۰۰؍ یونٹ تک مفت بجلی فراہم کی جائے گی، جبکہ خواتین کو سالانہ ۴۰؍ ہزار روپے پنشن دی جائے گی۔
اکھلیش یادو پیرکو لکھنؤ میں واقع پارٹی کے ریاستی دفتر میں بندیل کھنڈ سمیت مختلف اضلاع سے بڑی تعداد میں آنے والے کارکنوں سے خطاب کر رہے تھے۔ اپنے خطاب میں انہوں نے موجودہ حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ریاست کے عوام صحت خدمات کی بدحالی، کھاد کی قلت اور مہنگائی جیسے مسائل سے جوجھ رہے ہیں۔ اکھلیش یادو نے الزام لگایا کہ اسمارٹ میٹر کے نام پر عوام کو ہراساں کیا جا رہا ہے اور بجلی کے بلوں میں غیر معمولی اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو اب یہ سمجھ میں آ گیا ہے کہ زیادہ میٹر ریڈنگ اور بڑھتے ہوئے اخراجات کے پیچھے بدعنوانی کارفرما ہے۔ ان کے مطابق ٹھیکے دینے سے پہلے ہی کمیشن لیا جاتا ہے اور اس کا بوجھ صارفین پر ڈالا جاتا ہے۔انہوں نے بی جے پی پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کے میٹر بھی ای وی ایم مشینوں کی طرح ہیر پھیر کرتے ہیں اور مہنگی بجلی و گیس ہی موجودہ حکومت کے اقتدار کا خاتمہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسمارٹ میٹر کے نام پر بجلی کی دھوکہ دہی کے خلاف عوام کا غصہ بہت زیادہ ہے۔ اپنے کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جس طرح مہنگے سلنڈر سے لوگ چولہے میں لکڑی جلا رہے ہیں اور بجلی کے زیادہ بلوں کی وجہ سے گھروں سے بجلی کا کنکشن کٹوانے پر مجبور ہیں،اسی طرح آئندہ اسمبلی انتخابات میںبی جے پی کا کنکشن بھی کٹنے والا ہے۔
سابق وزیر اعلیٰ نے ۲۰۲۷ء کے اسمبلی انتخابات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی کارکنان کو متحد ہو کر حکمت عملی کے ساتھ کام کرنا ہوگا تاکہ ہر نشست پر بی جے پی کو شکست دی جا سکے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ریاست کے عوام اب بی جے پی سے تنگ آ چکے ہیں اور تبدیلی چاہتے ہیں۔ اکھلیش یادو نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت میں مہنگائی اپنے عروج پر ہے، بدعنوانی کے تمام ریکارڈ ٹوٹ چکے ہیں اور ہر شعبہ بدانتظامی کا شکار ہے۔ انہوں نے خواتین کی سلامتی پر بھی تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ جرائم میں اضافہ ہو رہا ہے اور خواتین خود کو غیر محفوظ محسوس کر رہی ہیں،سماجوادی حکومت کے قیام کے بعد ہی ریاست میں نظام بہتر ہوگا، قانون کی حکمرانی قائم ہوگی اور ہر طبقے کو انصاف ملے گا۔
سماجوادی پارٹی کے سربراہ نے کہا کہ بی جے پی جمہوریت اور آئین کے خلاف ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی نے ریاست کی صحت، تعلیم اور بجلی کے نظام کو تباہ کر دیا ہے جبکہ ایس پی حکومت کے اقتدار میں آنے سے نظام میں بہتری آئے گی اور ہر طبقے کو انصاف ملے گا۔ خیال رہے کہ سماجوادی پارٹی نے۲۰۲۲ء کے اسمبلی انتخابات کے دوران بھی۳۰۰؍ یونٹ مفت بجلی دینے کا بھی وعدہ کیا تھا۔اس موقع پر انہوں نے ایک بار پھر اس بات کو دہرایا کہ۲۰۲۴ء کے فارمولے سے ۲۰۲۷ء میں بھی انہوں نے بی جے پی کو ہرانے کی حکمت عملی تیار کرلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اتر پردیش میں کانگریس کے ساتھ اتحاد میں ہی سماجوادی پارٹی انتخابی میدان میں اترے گی۔ انہوں نے سیٹ شیئرنگ کے حوالے سے ذہن میں پورا خاکہ تیار ہے۔