Inquilab Logo

انٹونی بلنکن مصر پہنچے، جنگ بندی اور دیر پاامن پر زور دیا

Updated: February 07, 2024, 12:19 PM IST | Agency | Cairo

مگر اسرائیل کی جانب سےرفح میں قتل عام کی تیاری، صہیونی ریاست کارروائیوں میں شدت کیلئے بضد، جنگ میں وقفہ اور قیدیوں کے تبادلہ پر اتفاق نہیں ہوسکا۔

After the US Secretary of State Anthony Blanken arrives in Egypt, from here he will depart for Doha and then go to Tel Aviv. Photo: Agency
امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن مصر پہنچنے کے بعد، یہاں سے وہ دوحہ کیلئے روانہ ہوںگے پھر تل ابیب جائیں گے۔ تصویر :ایجنسی

غزہ میں ۷؍ اکتوبر سے جاری اسرائیلی حملوں کے بیچ امریکہ کے وزیر خارجہ انٹونی بلنکن منگل کو پھر مشرق وسطیٰ  کے دورہ پر مصر پہنچ گئے ہیں ۔ یہ غزہ میں  جنگ شروع ہونے کے بعد سے خطے کا ان کا پانچواں   دورہ ہے۔ انٹونی بلنکن نے موجودہ دورہ سے قبل جنگ بندی اور غزہ میں  دیر پا امن پر زور دیا ہے جبکہ دوسری طرف اسرائیل اس کیلئے آمادہ نظر نہیں آرہا۔ وہ ایک طرف جہاں رفح میں قتل عام کی تیاری کررہا ہے وہیں   حماس کے خلاف لڑائی میں  ایک بھی ہدف کو حاصل کرنے میں ناکامی کے باوجود حملوں میں ایک بار پھر شدت پیدا کرنے پر بضد ہے۔ دوسری طرف ۶؍ ہفتوں  کی جنگ بندی پر ہونےو الی پیش رفت میں  بھی رکاوٹ آگئی ہے کیوں کہ حماس نے جنگ بندی کیلئے قیدیوں  کے تبادلے سے متعلق جو شرط رکھی ہے اسے قبول کرنے سے تل ابیب نے انکار کردیاہے۔ 
امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن مصر پہنچے
 انٹونی بلنکن جو منگل کو مصرپہنچ گئے ہیں ، یہاں  جنگ بندی کے تعلق سے عرب مصالحت کاروں سے ملاقات کریں  گے۔ مصر کیلئے اپنی روانگی سے قبل دیئے گئے بیان میں   انٹونی بلنکن نے غزہ میں جنگ بندی اور  دیر پاامن کی بات کرچکے ہیں ۔ امریکہ، قطر اور مصر اِدھر کچھ دنوں  سے ایک ایسے معاہدہ تک پہنچنے کی کوشش کررہے ہیں  جو غزہ میں   جنگ بندی کی راہ ہموار کرے۔ 
 اس کیلئے حماس کی قید میں موجود اسرائیلی یرغمالوں اور اسرائیلی جیلوں میں بند فلسطینی قیدیوں  کی رہائی کی شرائط پر گفتگو ہوئی ہے۔ تاہم اس میں کوئی کامیابی ملتی ہوئی نظر نہیں آرہی ہےکیوں کہ قیدیوں کے تبادلے کے معاملے میں دونوں میں اتفاق رائے نہیں ہوسکتا ہے۔ 
 بلنکن کو کامیابی ملنے کی امید کم
امریکی وزیر خارجہ منگل کو مصر اور پھر دوحہ میں جنگ بندی کے تعلق سے تجاویز پر حماس کا جواب معلوم کریں گے اور پھر بدھ کو اسرائیل پہنچیں گے جہاں  وزیراعظم نیتن یاہو کو تفصیلات فراہم کریں گے۔ بہرحال ان کے دورہ میں جنگ بندی یا قیام امن کے تعلق سے کسی بڑی کامیابی کی امید کم ہے۔ اس سے قبل ان کے ۴؍ دورے جیسے رہے ہیں، اس دورہ کے بھی ویسے ہی نتائج برآمد ہونے کا امکان ہے۔ اس بیچ اسرائیل کی جانب جو اشارے مل رہے ہیں ان کے مطابق وہ غزہ میں جنگ میں  شدت پیدا کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ 
وسطی اور شمالی غزہ میں نیا فوجی آپریشن 
اس بیچ اسرائیل نے غزہ کے وسطی اورشمالی حصّے میں نیا فوجی آپریشن شروع کردیا ہے۔ انسٹی ٹیوٹ فار اسٹڈی آف وار اینڈ کریٹیکل تھریٹس پروجیکٹ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل شمالی غزہ میں تمام انسانی پناہ گاہوں کو خالی کروانے کا ارادہ رکھتا ہے۔ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ غزہ میں فلسطینی مزاحمت کار دوبارہ سرگرم ہورہے ہیں۔ اسرائیل کا کہنا ہے کہ وہ حماس کو شمالی غزہ میں حکومتی اتھارٹی کی تشکیل نو کی کوششوں کو کامیاب نہیں  ہونے دے گا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK