Inquilab Logo

تمام شہریوں سے ماسک لگانے کی اپیل

Updated: April 20, 2023, 11:35 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

کوروناکے معاملات بڑھنے پر میڈیکل ایجوکیشن کےریاستی وزیرنے احتیاط برتنے کی ہدایت دی، ۲۵؍ کووڈ اسپتال بھی شروع

Wearing a mask in public places can prevent Covid-19. (File Photo)
عوامی مقامات پرماسک لگانے سے کووڈ۱۹؍ سے بچا جاسکتا ہے۔(فائل فوٹو)

ممبئی  اور  ریاست کے دیگر اضلاع میں کورونا کے بڑھتے  معاملات کے پیش نظر میڈیکل ایجوکیشن کے ریاستی وزیر گریش مہاجن نےشہریوں سے اپیل کی کہ وہ احتیاط کے طو ر پر عوامی مقامات پر ماسک کااستعمال کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کووڈ کے پھیلنے کے پیش نظر ریاست میں میڈیکل ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ  کے ۲۵؍کووڈ اسپتال کوشروع کر دیاگیا ہے۔ ان اسپتالوں کو بنیادی طور پر سخت بیمار مریضوں کے علاج کے لئے تیار کیاگیا ہے۔
   ڈاکٹرگریش مہاجن کی صدارت میں بدھ کو تمام سرکاری میڈیکل کالجوں کے ڈین اور محکمہ میڈیکل ایجوکیشن کے افسران کے ساتھ کووڈ۱۹؍ کے بڑھتے  معاملات کے سلسلے میں  جائزہ میٹنگ منعقد ہوئی جس میں  میڈیکل ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کے سیکریٹری ڈاکٹر اشوینی جوشی، میڈیکل ایجوکیشن کے کمشنر راجیو نواتکر، میڈیکل ایجوکیشن کے ڈائریکٹر ڈاکٹر دلیپ مہیسکر اور جوائنٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر اجے چندن والے کے ساتھ پرنسپل حضرات اور متعلقہ محکمہ کے افسران موجود تھے۔
 ریاست میں گزشتہ کچھ دنوں سے کووڈ۱۹؍ سے متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اسی وجہ سے طبی تعلیم کے ریاستی وزیر گریش مہاجن نے احتیاط کے طور پر سبھی شہریوںسے ماسک لگانے کی اپیل کی ہے۔  انہوںنے آج یہ ہدایات دی ہیں کہ ریاست کے سرکاری میڈیکل کالجوں اور اسپتالوں میں کام کرنے والے ہر ایک کو ماسک لگانا لازمی ہے۔
 گریش مہاجن نے کہا کہ آج تک میڈیکل ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کے تحت۵؍ ہزار سے زیادہ کووڈ بیڈ ہیں۔ ۲؍ ہزار سے   زیادہ وینٹی لیٹرس اورمریضو ں کو آکسیجن کی ضرورت ہونے پر ۶۲؍ ایل ایم او ٹینک ، ۲۷؍ پی ایس اے پلانٹ کام کر رہے ہیں۔ اسی طرح۲؍ ہزار جمبو اور ۶؍  ہزار چھوٹے سلنڈر تیار کئے گئے  ہیں۔آج ہر میڈیکل کالج میں کووڈ ٹیسٹنگ کی سہولیات موجود ہیں اور ایک دن میں میڈیکل کالج ۳۰؍ہزار سے زیادہ کووڈ ٹیسٹ کر سکتے ہیں۔ حال ہی میں حکومت ہند کے رہنما خطوط کے مطابق ہر کالج میں ۱۰؍اور ۱۱؍اپریل کو کووڈ موک ڈرل کا انعقاد بھی کیا گیا  تھا۔
  ڈاکٹرمہاجن نے کہاکہ’’ ماسک کا استعمال کووڈ ۱۹؍کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے  ایک مؤثر ذریعہ ہے۔ ماسک کووڈ۱۹؍ سے متاثر ہونے کے امکانات کو کم کرتا ہے۔ اس لئے پرنسپل حضرات کو چاہیے کہ وہ اپنے کالجوں اور اسپتالوں میں کام کرنے والے ڈاکٹروں،  نرسوں، پیرا میڈیکل اسٹاف سے ماسک پہننے کو کہیں۔ اس کے علاوہ بزرگوں کو ویکسین لگانے پر زور دیا جائے۔ آنے والے وقتوں میں تمام سپرنٹنڈنٹس کو تمام کالجوں اور اسپتالوں میں ضروری سہولیات، آکسیجن کی دستیابی، وینٹی لیٹرس   اور تکنیکی چیزیں تیار رکھنی چاہئے۔
 اس میٹنگ میں ریاستی وزیر مہاجن نے سرکاری اسپتالوں اور کالجوں میں دستیاب بنیادی سہولیات، آکسیجن اسٹاک، دستیاب وینٹی لیٹرس کی تعداد، ریمڈیسور کی دستیابی، مریضوں کی تعداد کو کم کرنے کے اقدامات، ضرورت پڑنے پر اضافی ڈاکٹر  دستیاب کرانے کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔

covid-19 Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK