Inquilab Logo Happiest Places to Work

ادھو کے اراکین پارلیمان شندے کے رابطےمیں؟

Updated: April 11, 2026, 7:54 AM IST | Mumbai

شیوسینا (ادھو) کے ۸؍ اراکین پارلیمان کی ایکناتھ شندے سے ملاقات کے بعد سیاسی حلقوں میں کھلبلی، دونوں طرف سے تردید

Uddhav Thackeray and Eknath Shinde: Is this how one meets?
ادھو ٹھاکرے اور ایکناتھ شندے: کیا یوں ہی کوئی ملاقات کرتا ہے؟

مہاراشٹر کے سیاسی حلقوں میں اس وقت ہلچل مچ گئی جب شیوسینا( ادھو) کے ۸؍ اراکین پارلیمان کی ایکناتھ شندے سے ملاقات کی خبرآئی۔ اسکے بعد ایک بار پھر یہ بحث شروع ہو گئی ہے کہ کیاپھر ادھو ٹھاکرے کے لیڈران انہیں چھوڑ کر ایکناتھ شندے کے پاس جا رہے ہیں؟ حالانکہ شیو سینا ( شندے) کے ترجمان نریش مہسکے نے شیو سینا (ادھو) کے اراکین پارلیمان کی  ایکناتھ شندے سے ملاقات کو ایک معمول کی اور عام ملاقات قرار دیا ہے اور ان خبروں پر تنقید کی جس میں شیو سینا کے ۷؍ تا ۸؍ اراکین پارلیمان کی ایکناتھ شندے سے ملاقات کو ’خفیہ ملاقات ‘قرار دیا جارہا ہےاور یہ اندیشہ بھی ظاہر کیاجارہا ہے کہ وہ شندے خیمے میں شامل ہو جائیں گے ۔ شیوسینا (ادھو) کےاروند ساونت اور اوم پرکاش راجے نمبالکر نے بھی یہی کہا ہے کہ ایسی کوئی ملاقات نہیں ہوئی۔ واضح رہے کہ ادھو خیمے کے کل ۹؍ایم پی ہیں۔
سنجے راؤت نے بھی تردید کی
 جب اس معاملے پر سوال کیا گیا تو شیو سینا (ادھو) کے رکن پارلیمان و ترجمان سنجے راؤت نے کہا کہ ’’یہ خبریں پوری طرح سے بے بنیاد ہیں اور اس میں کوئی سچائی نہیں ہے۔‘‘ آپریشن ٹائیگر پر تنقید کرتے ہوئے سنجے راؤت نے کہا کہ آپریشن ایک بار ہوتا ہےبار بار نہیں۔ جسم پر بار بار آپریشن کرنا لاش پر آپریشن کے مترادف ہے۔ دیویندر فرنویس نے اپنی پارٹی کی لاش کا آپریشن کیا ہے۔ موجودہ آپریشن فرنویس شندے کی پارٹی کیلئے کر رہے ہیں۔ کل میرا نام بھی شامل ہوگا۔
شیوسینا کے اراکین پارلیمان ایک ساتھ ہیں
 سنجے راؤت نے مزید کہا کہ شیوسینا کے ۹؍اراکین پارلیمان ایک ساتھ ہیں۔ کسی نے مجھے وہ فہرست بھیجی ہے۔اس پر کچھ نام پڑھ کر میں ہنس پڑا۔ یہ بہت مضحکہ خیز اور احمقانہ ہے۔ کل ان میں میرا نام بھی شامل ہوگا۔ ان میں ہمارے آدتیہ صاحب کا نام بھی شامل ہوگا۔ ایسی خبریں ماحول کو گرم کرنےکیلئے پھیلائی جا رہی ہیں، یہ دکھانے کیلئے کہ ہم کچھ کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر فرنویس قومی سیاست میں بڑی چھلانگ لگانا چاہتے ہیں تو انہیں اس تنگ نظری کا رویہ ترک کرنا چاہئے۔ اگر وہ سوچتے ہیں کہ وہ سب کیلئے(وزیر اعلی) ہیں، وہ جمہوریت میں یقین رکھتے ہیں تو انہیں یہ موقف اختیار کرنا چاہئے کہ وہ اپوزیشن کے ایم ایل اے اور ایم پی کو یکساں انصاف دیں گے، تب ہی وہ بڑی چھلانگ لگا سکیں گے۔‘‘
  اس ضمن میں شیوسینا(شندے ) کے رکن پارلیمان نریش مہسکے نے جمعہ کو تھانے میں پریس کانفر نس میں کہا کہ’’ اراکین پارلیمان اکثر پارلیمنٹ کی کینٹین میں ایک دوسرے سے ملاقات کرتے ہیں اور ایکناتھ شندے کو وہاں دیکھ کر ان سے بھی ملاقات کر لی اور مراٹھی ہونے کے ناطے ایک دوسرے سے بات چیت کی۔یہ معمول کی بات ہے ۔ جن ۸؍ اراکین پارلیمان  نے مبینہ طور پر ایکناتھ  شندے سے ملاقات کی ہے ان میں اروند ساونت، سنجے پاٹل، سنجے دیشمکھ، ناگیش پاٹل، راجا رام واکچور، اوم راجے نمبالکر، راجا بھاؤ وازے، اور سنجے جادھو شامل ہیں۔ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ جلد ہی یہ سب کے سب شندے گروپ میں شامل ہوں گے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK