Inquilab Logo

موسم سرما شروع ہوتے ہی شہرومضافات میں انڈوں کی قیمت میں اضافہ

Updated: December 14, 2023, 9:44 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai

ایک درجن انڈے کی قیمت ۷۶، ۷۸؍ روپے ہے جو ۸۰، ۸۵؍ روپے تک ہوسکتی ہے ۔دیگر ریاستوں سے انڈوں کی سپلائی کم ہونے اور مرغی پالن پرآنے والے اخراجات بھی اس کی وجوہات میں شامل ہیں

Egg business may be affected by price increase.
قیمت میں اضافہ سے انڈوں کا کاروبار متاثر ہوسکتا ہے۔ (تصویر: انقلاب)

موسم سرما کی آمد کے ساتھ ہی  شہرومضافات میں انڈوں کی قیمت بھی بڑھ گئی ہےجس کی وجہ سے صارفین کو دشواری ہورہی ہے ۔ سردی شروع ہوتے ہی فی انڈا جو ۴؍ اور ساڑھے ۴؍ روپے میں مل جاتا تھا ،اس کی قیمت شہر کے الگ الگ علاقوں میں کہیں ۶؍ تو کہیں  سوا ۶؍ اور ساڑھے ۶؍ روپے ہوگئی ہے ۔
  موسم سرمامیں انڈوں کی قیمت میں اضافہ ہوتا ہے لیکنیہ  اضافہ اتنی تیزی سے ہورہا ہے کہ ہول سیل اور ریٹیل  تاجروں کے ساتھ صارفین بھی انڈا خریدنے میں تذبذب کا شکار ہے ۔تاجروں کے بقول انڈوں کی قیمت کم یا زیادہ ہونے کی ایک وجہ جہاں موسم ہے  وہیں   ہندوستان میں منائے جانے والے مختلف تہوار بھی ہیں ۔ گرمیوں میں اکثر انڈوں کی قیمت کمی ہوتی ہے لیکن سردیوں میں نومبر تا فروری اس میں اضافہ ہوجاتا ہے۔ تاجروں کا  یہ بھی کہنا ہے کہ نئے سال کے جشن کی تیاری کی مناسبت سے اور سردیوں کے سبب انڈے کی قیمت میں اضافہ ہورہا ہے ۔
 ملک کی مختلف ریاستوں میں سپلائی ہونے والے انڈے کی قیمت نیشنل ایگ کوآرڈینیٹر کمیٹی ( این ای سی سی )طے کرتی ہے ۔ ملک کی الگ الگ ریاستوں اور شہروں میں فروخت ہونے والے انڈوں کی قیمت کم یا زیادہ ہونے سے متعلق انڈوں کے ہول سیل   تاجر  ندیم شیخ نے بتایا کہ انڈوںکی قیمت میں اضافہ کی کئی وجوہات ہیں جن میں انڈوں کی فارمنگ سے مرغیوں کی دیکھا بھال اور کھانے پینے پر ہونے والے اخراجات سبھی شامل ہیں ۔ممبئی میں روزانہ ۵۰؍ لاکھ انڈے فروخت ہوتے ہیں ۔موسم سرما میں یقینی طور پر انڈوں کی فروخت اور قیمت دونوں میں اضافہ ہوتا ہے ۔ان دنوں ممبئی میں انڈوں کی سپلائی بھی عام دنو ںکے مطابق ہورہی ہے لیکن سردیوں کی مناسبت سے اس کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے ۔‘‘
 ملکی سطح پرانڈوں کی قیمت طے کرنے والی ایجنسی نیشنل ایگ کوآرڈینیٹر کمیٹی ( این ای سی سی ) کے جاری کردہ چارٹ کے مطابق گزشتہ سال سردیوں میں ایک درجن انڈوں کی قیمت ۸۰؍ سے ۸۵؍ روپے تک پہنچ گئی تھی حتیٰ کے گزشتہ سا ل جنوری میں ۹۰؍ روپے درجن بھی انڈا فروخت ہوا ہے ۔  امسال ممبئی کے مختلف علاقوں میں فی انڈا ۶؍ سے ساڑھے ۶ ؍روپے فروخت ہورہا ہے جبکہ ایک درجن انڈوں کی قیمت ۷۲؍ سے ۷۴؍ روپے  بتائی گئی ہے ۔تاجرسلمان قریشی کے بقول جنوری تک ایک درجن انڈے کی قیمت ۸۰؍ سے ۸۵؍ روپے بھی ہوسکتی ہے ۔
  نیشنل ایگ کوآرڈینیٹر کمیٹی ( این ای سی سی ) کے  چارٹ کے مطابق فی الحال امسال سب سے مہنگے انڈےا چنئی اور ا س کے بعد ممبئی ، پونے اور وارانسی میں فروخت ہورہے ہیں ۔ممبئی کے تاجروں کا کہنا ہے کہ انڈوں کی سب سے زیادہ سپلائی حیدر آباد سے ہوتی ہے لیکن وہا ں سے سپلائی میں کمی ہوئی ہے اور انڈوں کی قیمتوں میں اضافہ کی ایک وجہ یہ بھی ہے ۔اس کے علاوہ چنئی ، مدھیہ پردیش ، اتر پردیش ، کولکاتا اور ہریانہ سے بھی انڈے سپلائی کئے جاتے ہیں ۔ ری ٹیل کے تاجر مشتاق منصوری کا انڈوں کی قیمتوں میں اضافہ پریہ کہنا ہے کہ ’’سردیوں میں انڈوں کی قیمت میں اضافہ کے سبب جو صارف ایک درجن انڈا لیتا تھا ، وہ آدھا درجن یا ۹؍ انڈے لینے پر ہی اکتفا کرتا ہے ۔ اس کے علاوہ جہاں تک انڈوں کی قیمت میں اضافہ کی بات ہے تو شہر اوردیگر اضلاع میں الگ الگ قیمت نہیں ہوتی بلکہ علاقائی سطح پر بھی الگ الگ محلوں میں   انڈوں کی قیمت کم یا زیادہ ملے گی ۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK