ودربھ کے شہر اکولہ میں ایک بار پھر گئو مانس ( بڑے کے گوشت) کے نام پر ماحول خراب کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔
EPAPER
Updated: October 18, 2025, 12:18 AM IST | Akola
ودربھ کے شہر اکولہ میں ایک بار پھر گئو مانس ( بڑے کے گوشت) کے نام پر ماحول خراب کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔
ودربھ کے شہر اکولہ میں ایک بار پھر گئو مانس ( بڑے کے گوشت) کے نام پر ماحول خراب کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ جمعہ کے روز بجرنگ دل والوں نے خود ہی ایک دکان پر چھاپہ مار دیا جہاں ان کے مطابق بڑے کا گوشت فروخت ہو رہا تھا جس کی وجہ سے حالات کشیدہ ہو گئے۔ دوگروہوں کے درمیان تصادم اور مارپیٹ کی نوبت آگئی۔ پولیس اسٹیشن کا گھیرائو کیا گیا، نعرے بازی کی گئی۔حالانکہ پولیس نے مارپیٹ ہونے کی بات سے انکار کیا ہے۔
اطلاع کے مطابق اکولہ شہر کے بیض پور علاقے میں بجرنگ دل والوں کو کسی نے بتایا کہ ایک دکان میں گائے کا گوشت فروخت کیا جا رہا ہے۔ اس پر بجرنگ دل کے کارکنان خود ہی ا س دکان پر چھاپہ مارنے پہنچ گئے۔ اس دوران مقامی باشندے دکان پر جمع ہو گئے اور بجرنگ دل والوں سے باز پرس کرنے لگے۔ باتوں باتوں میں دونوں طرف کے لوگوں میں جھڑپ ہو گئی۔ اور دیکھتے ہی دیکھتے پتھرائو ہونے لگا۔
اطلاع ملتے ہی پولیس بھی موقع پر پہنچی اور اس نے لڑائی کرنے والوں کو حراست میں لیا۔ جب ان لوگوں کو سٹی پولیس اسٹیشن لے جایا گیا تو وہاں بی جے پی، بجرنگ دل اور وشو ہندو پریشد والوں نے بھیڑ اکٹھاکی اور نعرے لگانے لگے۔ جواب میںمسلم نوجوانوں نے بھی نعرے لگائے۔ خبر ملتے ہی کانگریس کے رکن اسمبلی ساجد خان پٹھان بھی پولیس اسٹیشن پہنچے۔ ان کے علاوہ بی جے پی کے رکن اسمبلی اور دیگر لیڈران بھی پولیس اسٹیشن پہنچے اور بجرنگ دل والوںکا دفاع کرنے لگے۔
خبر لکھے جانے تک یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ پولیس نے اس معاملے میں کن لوگوںکو گرفتار کیا ہے۔ البتہ پولیس نے اس بات سے انکار کیا ہے کہ دونوں گروہوں کے درمیان کوئی مار پیٹ ہوئی ہے۔ البتہ دونوں طرف کے لوگ آمنے سامنے تھے اور انہوں نے ایک دوسرے کے خلاف نعرے لگائے جس کی وجہ سے تھوڑی دیر کیلئے حالات کشیدہ تھے۔ پولیس نے اضافی فورس طلب کر لی ہے اور شہر کوتوالی پولیس تھانے کے اطراف میں بڑے پیمانے پر اہلکاروںکو تعینات کیا گیا ہے۔ فی الحال حالات قابو میں بتائے جا رہے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ پورے معاملے کی جانچ کی جائے گی اور جو لوگ کشیدگی پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
پہلے اکولہ کا ماحول خراب کیا جا چکا ہے
یاد رہے کہ چند ماہ قبل بھی اکولہ شہر میں ماحول خراب کرنے کی کوشش کی جا چکی ہے جب ایک سوشل میڈیا پوسٹ کو بہانہ بناکر شر پسندوں نے یہاں مورچہ نکالا تھا اور پتھرائو کیا تھا۔ اس کے بعد پولیس کو لاٹھی چارج کرنا پڑا تھا۔ پتھر بازی میں پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دیوالی کے موقع پر بعض لوگ جان بوجھ کر ماحول خراب کرنا چاہتے ہیں۔ ایسے لوگوں پر نظر رکھی گئی ہے اور کسی نے کوئی شرانگیزی کی تو اسے گرفتار کیا جائے گا۔ فی الحال شہر میں بندوبست سخت کر دیا گیا ہے اور جگہ جگہ پولیس تعینات ہے۔