Inquilab Logo Happiest Places to Work

اورنگ آباد خود کشی سانحہ: کنال کی موت کی وجہ آئی فون نہیں تھی

Updated: August 23, 2026, 10:28 AM IST | Z.A Khan | Aurangabad

پولیس نے واضح کیا کہ کنال کا اپنے والد سے جھگڑا ہوا تھا مگر کس بات پر ہوا تھا یہ ابھی واضح نہیں ہو سکاہے۔

Canal on top of the mountain. Photo: INN
پہاڑ کی چوٹی پر کنال۔ تصویر: آئی این این

اورنگ آباد کے کھوڈوا ڈونگر علاقے میں باپ بیٹے اور ماں کی پہاڑ سے گرنے سے موت ہو گئی تھی۔ بیٹا خود کشی کرنے جا رہا تھا، اسے روکنے کی کوشش میں باپ بھی اس کے ساتھ نیچے گر گیا اور انہیں دیکھ کر ماں بھی پہاڑ سے کود گئی۔ اس دردناک سانحہ کی وجہ لوگ ایک آئی فون کو بتا رہے تھے۔ کہا جا رہا تھا کہ بیٹا آئی فون دلانے کی ضد کر رہا تھا اور اس کیلئے ناراض تھا اسی لئے اس نے خود کشی کی لیکن پولیس نے اس بات سے انکار کیا ہے اور کہا ہے کہ معاملے کی جانچ ابھی جاری ہے۔ 
یاد رہے کہ جمعہ کو اورنگ آباد کے تیس گائوں میں رہنے والا کنال چاندوڑے خود کشی کرنے کیلئے کھوڈوا ڈونگر (پہاڑ) پر چڑھ گیا تھا پیچھے سے اس کے ماں باپ اور گائو ں والے بھی اسے روکنے کیلئے پہنچے۔ باپ مرلی دھر چاند وڑے نے اسے پکڑنے کی کوشش کی مگر وہ بھی کنال کے ساتھ نیچے گر گیا۔ انہیں گرتادیکھ ماں سنگیتا نے بھی چھلانگ لگادی۔ واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر یہ بات تیزی سے پھیل گئی کہ کنال نے آئی فون کی خواہش پوری نہ ہونے پر یہ انتہائی قدم اٹھایا، تاہم پولیس کی ابتدائی تحقیقات میں اس بات کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: پونے میں راہل کی دھوم، ’چھاتروں کی گونج‘ کو غیر معمولی کامیابی

ڈی سی پی رتناکر ناولے نے واضح کیا کہ ابتدائی تحقیقات میں آئی فون کو خودکشی کی وجہ نہیں سمجھا جا رہا ہے۔ واقعے کے عینی شاہد اور سابق سرپنچ سنجے جادھو نے بھی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کنال کے پاس پہلے سے ہی آئی فون موجود تھا اور موقع پر ایسی کوئی بات سامنے نہیں آئی تھی کہ وہ نیا آئی فون حاصل کرنے کیلئے یہ قدم اٹھا رہا ہے۔ یاد رہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں کسی کی آواز سنائی دے رہی ہے جس میں وہ کنال سے کہہ رہا ہے کہ تم واپس آجائو میں تمہیں اپنا آئی فون دے دیتا ہوں۔ وہ آواز سنجے جادھو ہی کی تھی۔ اسی لئے یہ خبر پھیل گئی تھی کہ کنال آئی فون کیلئے پہاڑ سے کودنے گیا تھا۔ جبکہ سنجے جادھو کا کہنا ہے کہ میں نے کنال کو منانے کیلئے یوں ہی آئی فون کا تذکرہ کیا تھا۔ مجھے نہیں معلوم تھا کہ وہ آئی فون کی مانگ کر رہا ہے یا نہیں۔ 
باپ بیٹے کے درمیان تنازع اہم پہلوپولیس کی ابتدائی تحقیقات میں والد اور بیٹے کے درمیان ہونے والا تنازعہ ایک اہم پہلو کے طور پر سامنے آیا ہے۔ تاہم یہ تنازعہ کس بات پر ہوا، اس وقت دونوں کے درمیان کیا گفتگو ہوئی اور حالات اچانک اس قدر سنگین کیسے ہوگئے، ان سوالات کا جواب تفتیش کے بعد ہی سامنے آسکتا ہے۔ پولیس کے مطابق کنال نے اس سے قبل بھی اسی پہاڑی پر خودکشی کی کوشش کی تھی۔ اس وقت ایم آئی ڈی سی والوج اور چکلٹھانہ پولیس نے موقع پر پہنچ کر اسے سمجھایا تھا اور بحفاظت پہاڑی سے نیچے لایا گیا تھا۔ لیکن اس بار وہ پہاڑ سے کود گیا اور اپنے ساتھ ماں باپ کو بھی لے گیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK