Inquilab Logo Happiest Places to Work

’ایس آئی آر‘ کے تعلق سے بیداری مہم

Updated: February 28, 2026, 2:54 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

جماعت اسلامی نے اپنے دفاتر کےذمہ داران کو یکم مارچ سے یکم مئی تک جاری رہنے والی اس مہم کے بارے میں ہدایت دی۔ دیگر تنظیموں کےہمراہ میٹنگ اوربی ایل او کے ساتھ کام کرنے پر توجہ دی جائے گی۔

A board is seen outside the Jamaat-e-Islami office in Kurla. Photo: INN
کرلا میں جماعت اسلامی کے دفتر کے باہر بورڈ نظر آرہا ہے۔ تصویر: آئی این این

ایس آئی آر کے تعلق سے یکم مارچ تا یکم مئی جماعت اسلامی کی جانب سے بیداری مہم شروع کی جارہی ہے۔ الیکشن کمیشن کی ہدایت کےمطابق یکم اپریل سے مہاراشٹر میں اسپیشل انٹینسیو رویژن (ایس آئی آر) شروع کیا جارہا ہے۔ جماعت اسلامی (ہند)کے سیکریٹری کی جانب سےتنظیم کے دفاتر میں ذمہ داران کواس تعلق سے ہدایت دی گئی ہے اورباقاعدہ سرکیولربھی جاری کیا گیا ہے۔ اس تعلق سے دیگر تنظیموں کےہمراہ میٹنگ اوربی ایل او کے ساتھ کام کرنے پر توجہ مرکوز کی جائےگی۔ 
کرلا مغرب میں جماعت اسلامی کےدفتر میں اوقات مقرر کرتے ہوئے ووٹرلسٹ دیکھنے کیلئے رائے دہندگان کو متوجہ کیا گیا ہے۔ اسی کےساتھ جماعت اسلامی کی جانب سے ایس آئی آر میں ضروری کاغذات، کس طرح سے بی ایل اوگھر گھر جاکر تفصیلات حاصل کریں گے، کن کاغذات کی ضرورت ہوگی، اسے پمفلٹ اورپوسٹر میں شائع کرکے سوشل میڈیا کے ذریعے وائرل کیا گیاہے ساتھ ہی یہ بتایا گیا کہ ایس آئی آر کیلئے الیکشن کمیشن نے شناختی دستاویزات جاری کئے ہیں ، جن کی بنیاد پرآپ کی شناخت معتبر قرار پائے گی۔ اس پمفلٹ میں ان دستاویزات کا تذکرہ بھی کیا گیا ہے۔ جانچ کے لئے الیکشن کمیشن کی جانب سے۴؍ زمروں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ 
بیداری مہم کس طرح سے چلائی جائے گی ؟
جماعت ِاسلامی(ممبئی) کے امیرہمایوں شیخ سے نمائندۂ انقلاب نے استفسار کیا تو انہوں نے بتایا کہ ’’ ایس آئی آر کے تعلق سے چند دن قبل دیگر تنظیموں کے ذمہ داران کے ہمراہ میٹنگ کی گئی تھی۔ تین چار دن بعد دوبارہ میٹنگ کی جائے گی اوریہ طے کیاجائے گا کہ خاطر خواہ انداز میں بیداری لائی جائے تاکہ ہر شہری استفادہ کرے، کس طرح اورکیا ضروری کاغذات دکھانے ہوں گے، اس کی معلومات دی جائے تاکہ نام کٹنے کا اندیشہ نہ رہے اورزیادہ سےزیادہ شہری اس کا حصہ بن سکیں۔ ‘‘ انہوں نےیہ بھی بتایاکہ’’ اس مہم میں سب سےاہم رول بوتھ لیول آفیسر(بی ایل او) کا ہوگا، اس کے ساتھ مل کرکام کرنا ہےاوران کی مدد کے ساتھ لوگوں کی رہنمائی کرنی ہے تاکہ انہیں آسانی ہو اوروہ اپنے ناموں کاصحیح طریقے سے اندراج کراسکیں۔ ‘‘ ہمایوں شیخ نے یہ بھی بتایاکہ ’’ ممبئی کی سطح پرجماعت کی تمام یونٹوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اس تعلق سے فوری طور پرتیاری شروع کردیں ، کچھ مقامات جیسے کرلا میں ووٹرلسٹ میں نام دیکھنے کے تعلق سے تختہ ٔ سیاہ پرپیغام بھی لکھ دیا گیا ہے۔ چنانچہ جہاں بھی جماعت کےدفاتر ہیں ، وہاں کی یونٹس اس کام پرلگ گئی ہیں اوریکم مارچ سے اہتمام کے ساتھ ریاست گیر سطح پریہ عمل شروع کردیا جائے گا۔ ‘‘ انہوں نے مزید بتایاکہ’’ دیگر تنظیموں کے ہمراہ میٹنگ میں اس تعلق سے جس طرح سے کام کرنے پر اتفاق کیاجائے گا، جومشورے دیئے جائیں گے، اسی حساب سے آگے بڑھا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ شہریوں کو فائدہ پہنچے اور انہیں آسانی ہو، زیادہ سے زیادہ شہریوں کے نام ووٹرلسٹ میں شامل کئے جائیں، کسی کا نام حذف نہ ہو اور نہ ہی غیرضروری طور پر شہری مسائل کا شکار ہوں۔ ‘‘ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK