Inquilab Logo

ایودھیا : سرجو ندی کی سطح میں اضافہ، خطرے کے نشان سے اوپر

Updated: July 27, 2021, 1:28 PM IST | Agency | Ayodhya:

دیہی علاقے متاثر ، ندی کے قریب کے کھیتوں کی فصلیں ڈوب گئیں، مکانات بہہ گئے ۔ انتظامیہ کی جانب سے مدد نہیں کی جارہی ہے

Ayodhya: A scene of the flood in Serjo.Picture:INN
ایو دھیا: سرجو میں طغیانی کا ایک منظر۔ تصویر : انقلاب

اتر پر دیش کے ضلع ایودھیاکے کچھ علاقے سیلاب کی زد میں ہیں۔ پہاڑوں پر مسلسل بارش کی وجہ سے سرجو ندی کی  آبی سطح میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے ۔ سینٹرل واٹر کمیشن ایودھیا کے مطابق سرجو کا پانی خطرے کے نشان سےاوپر بہہ رہا ہے ۔ سرجو میں طغیانی  سے ساحلی علاقوں کے لوگ اونچے مقامات پر پناہ کے لینے کے لئے آشیانہ تلاش کر رہے ہیں  جبکہ  اسی دوران سیکڑوں ہیکٹئر پر مشتمل فصلیں سیلاب کی زد میں آ گئی ہیں ۔ انتظامیہ بھی سیلاب کے خطرے کے سلسلے میں الرٹ ہو گیا ہے ۔ 
  سینٹرل واٹر کمیشن کے سنجے کشواہا نے بتایا کہ پہاڑوں پر مسلسل بارش کی وجہ سے سرجو کی سطح میں اضافہ ہوا ہے۔ دوسری طرف سرجو میں طغیانی کے سبب موجودہ وقت میں ندی کی سطح  انتباہی نشان تک پہنچ گئی ہے۔  ردولی ، پورابازار  اور سوہاول کے ساحلی علاقوں میں افراتفری مچ گئی ہے۔  ان علاقوں میں تقریباً ۱۲؍ گاؤں سیلاب کی زد میں آگئے ہیں۔ ساحلی علاقوں میں کسانوں کی سیکڑوں ہیکٹئر فصلیں پانی میں ڈوب چکی ہیں۔ بڑا گاؤں کے ڈھیموا گھاٹ کے کنارے واقع گاؤں میں جنگلات کی کٹائی کے سبب بہت سے مکانات سیلاب کی زد میں آگئے ہیں  جس سے ہلچل مچ گئی ہے۔ دیہی باشندہ گورو کوری نے بتایا کہ اب تک انتظامیہ کی طرف سے کوئی مدد نہیں ملی ہے۔  آبی سطح میں اضافے کے ساتھ ہی رام پور پواری مانجھا میں کٹاؤ  میں تیزی آگئی ہے۔  اس گاؤں کے پردھان رمیش نشاد نے بتایا کہ گاؤں کے بہت سے کسانوں کی کھڑی فصلیں ندی میں  سماگئی ہیں۔ کچھ پکے مکانات  ندی کے بالکل کنارے پر آگئے ہیں۔ اگر کٹاؤ میں اضافہ ہوتا ہے تو وہ بھی ندی کی آغوش میں چلے جائیں گے۔   اس گاؤں کے رامپال نے بتایا کہ اس کا مکان  ندی کے کنارے آگیا ہے۔ سامان باہر تو نکال لیا گیا  ہے لیکن گھر کٹ جانے کا خدشہ  ہے۔ سیلاب سے متاثرہ دیہات بلوئیہ ، گلنٹ ، لونیانا ، رام پور پواری مانجھا ، مدنا مانجھا ، سیورھوا ، اردھوا ،سلیم پور ، پورا چیتن ، دھنی کا پوروا ، موڈا ڈیہا ، اولکیتا ، پنسہوا ، ڈوہیا ، گپتار کا پوروا اور قاضی پور مانجھا کے کنارے کے نچلے حصوں میں تیزی سے پانی بھر رہا ہے۔ رام پور پواری کے لیکھ پال نے رام فقیرے گاؤں میں کیمپ  لگایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکام کو سیلاب کی صورتحال بتائی جارہی ہے تاکہ سیلاب متاثرین کی فوری مدد کی جاسکے۔ جی ایل شکلا ، اے ڈی ایم فائنانس اینڈ ریوینیو کے مطابق سیلاب پر قابو پانے اور امداد کے لئے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ باندھوں پر نظر رکھی جارہی ہے۔ ہماری ٹیم سیلاب کی صورتحال کی نگرانی کر رہی ہے۔ سیلاب سے متاثر افراد کو فوری امدادی سامان فراہم کرنے کا انتظام کیا گیا ہے۔ محکمۂ صحت ، ضلع انتظامیہ اور محصول کی مشترکہ ٹیم اس کام میں مصروف ہے ۔ 

bihar Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK