• Thu, 19 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

اعظم خان بالآخر ر ِہا، ہزاروں کی بھیڑ استقبال کو اُمڈی

Updated: November 19, 2026, 10:01 AM IST | Agency | New Delhi

رہائی روکنے کیلئے سپریم کورٹ پہنچنے پر ای ڈی کو سخت سرزنش کا سامنا، عدالت نے کہا:آسمان نہیں ٹوٹ پڑے گا، اُنہیں عبوری ضمانت پر رہنے دیں،رامپور میں شاندار خیر مقدم۔

After his release, Azam Khan was surrounded by the media, while thousands of his supporters were also present outside the jail. Photo: PTI
اعظم خان کو رہائی کے بعد میڈیا نے گھیر لیا جبکہ ہزاروں کی تعداد میں ان کے حامی بھی جیل کے باہر موجود تھے۔ تصویر: پی ٹی آئی

سماج وادی پارٹی کے بانیوں میں شامل سینئر لیڈراعظم خان کو طویل قیدوبند کے بعدبدھ کو بالآخر رہائی مل گئی۔  بدھ کی شام  جب وہ غازی آباد کی ڈاسنا ضلع جیل سےباہر آئے توان کے استقبال کیلئے ہزاروں کا ہجوم موجود تھا۔  رامپور میں بھی جشن کا ماحول تھا۔ جیل کے باہر انہوں  نے  اپنے حامیوں کے پرجوش نعروں کا ہاتھ ہلاکر جواب دیا اور پھر گاڑی میں بیٹھ رامپور کیلئے روانہ ہوگئے۔اس سے قبل ای ڈی نے ان کی رہائی کو روکنے کیلئے سپریم کورٹ میں الہ آباد ہائی کورٹ  کے عبوری ضمانت دینے کے فیصلے کو چیلنج کیا مگر اسے وہاں سرزنش کا سامنا کرنا پڑا۔ سپریم کورٹ نے ضمانت پر روک لگانے سے انکار کرتے ہوئے ای ڈی کو یہ کہہ کر ڈپٹ دیا کہ ان کے رہا ہوجانے سے ’’آسمان نہیں ٹوٹ پڑےگا۔‘‘

اعظم خان کی طویل قیدو بند

یوگی سرکار کی جانب سے یکے بعد دیگرے ایف آئی آر درج کئے جانے کے بعد اعظم خان نے پہلی بار ۲۶؍ فروری ۲۰۲۰ء کو رامپور کی عدالت میں خود سپردگی کی تھی۔ اس کے بعد سے وہ مسلسل قید وبند کا سامنا کررہے ہیں۔تمام مقدموں  میں ضمانت مل جانے کے بعد   ۳۱؍ اکتوبر کو جب وہ سیتاپور جیل سے رہا ہوئے تو جیل کے باہر ہی انہیں  ای ڈی نے گرفتار کر لیا تھا۔ منگل کو الہ آباد ہائی کورٹ نے ای ڈی کی گرفتاری کو ’’بدنیتی پر مبنی اور مقصوص مقاصد کے تحت‘‘ قرار دیتے ہوئے   اعظم خان کو  عبوری ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا۔ اسی فیصلے کی بنیاد پر بدھ کو  غازی آباد کی ڈاسنا جیل سے  وہ ۱۸؍ دن بعد رہا ہوئے۔ 

یہ بھی پڑھئے:ملک کی۴۰؍ فیصد آلودگی کا ذمہ دار میں ہوں: نتن گڈکری

رہائی پرجیل کے باہر شاندار خیر مقدم

اعظم خان  نے جیل سے باہر آنے کے بعد  ہاتھ ہلا کر اپنے حامیوں کا استقبال قبول کیا۔ اپنےبیٹے عبداللہ اعظم کو چوم کر گلے لگایا اور میڈیا کے سوالوں کے سامنا کرتے ہوئے گاڑی میں بیٹھ کر  رام پور کیلئے روانہ ہو گئے۔ اس دوران حامیوں کا جوش و خروش قابل دید تھا ۔ بڑی تعداد میں لوگ ان کی ایک جھلک دیکھنے کیلئے  موجود تھے اور کافی دور تک ان کی گاڑی کے ساتھ دوڑتے رہے۔ الہ آباد ہائی کورٹ کی ہدایت پر  غازی آباد  کے چیف جوڈیشیل مجسٹریٹ (سی جے ایم) کورٹ نے  انہیں  ۵۰-۵۰؍ ہزار روپے کے ۲؍ضمانتوں  اور ۵۰؍ ہزار روپے کے ذاتی مچلکے  پر رہا کیا ہے۔

سپریم کورٹ میں ای ڈی کی سرزنش

  اعظم  خان کی رہائی کو روکنے کیلئے بدھ کو ای ڈی نے  الہ آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا مگر اسے  سبکی اور ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا۔ عدالت نے نہ صرف یہ کہ اعظم خان کی عبوری ضمانت پر روک لگانے سے انکار کردیا بلکہ ای ڈی کے اصرار پرسختی کا مظاہرہ کرتے ہوئےکہاکہ’’کوئی قیامت نہیں ٹوٹ پڑے گی، انہیں عبوری ضمانت پر رہنے دیں۔‘‘ چیف جسٹس کی بنچ نے البتہ الٰہ آباد ہائی کورٹ کے حکم کو چیلنج کرنے والی   درخواست سماعت کیلئے منظور کرلی۔  اس پر جمعرات کو شنوائی ہوگی۔ 

 سچ کی جیت ہوئی عدلیہ پر بھروسہ ہے: اکھلیش 

لکھنؤ (ایجنسی): عبوری ضمانت پر اعظم خان کی رہائی کا خیر مقدم کرتےہوئے سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یاد و نے اسے سچائی کی جیت قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ ’’ہمیں  عدلیہ پر پورا بھروسہ ہے۔ ہمیں  یقین ہے کہ مستقبل میں بھی انصاف ملےگا۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’یہی صداقت کی طاقت ہوتی ہے کہ آخر میں سچ ہی جیتتا ہے۔ ‘‘

 اعظم خان کی قید اور رہائی کی تاریخیں
۱۔  یوگی سرکار  میں پہلی مرتبہ ۲۶؍ فروری ۲۰۲۰ کو اعظم خان جیل گئے ۔ کم وبیش ۲؍ سال ۳؍ ماہ بعد   ۲۰؍ مئی ۲۰۲۲ء کو سپریم کورٹ سے عبوری ضمانت ملنے پر رہا ہوئے۔
۲۔ دوسری مرتبہ  ۱۸؍ اکتوبر ۲۰۲۳ء کو وہ  جیل گئے اور تقریباً۲۳ ؍ ماہ بعد ۲۳؍ستمبر ۲۰۲۵ء کو تمام ۷۹؍ مقدمات میں ضمانت ملنے کے بعد رہا ہوئے۔
۳۔ تیسری بار  ۱۷ نومبر ۲۰۲۵ء کو جیل گئے اور تقریباً۱۱؍ ماہ بعد  ۳۱ ؍اکتوبر ۲۰۲۶ء کو   رہا ہوئے۔
۴۔ مگر جیل سے باہر نکلتے ہی پھر گرفتارکر لئے گئے اور  الہ آباد ہائی کورٹ سے عبوری ضمانت ملنے پر ۱۸؍ نومبر کو رہا ہوئے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK