سامان رکھنے کیلئے ’ وندے بھارت ‘ میں داخل ہوئے ،۴؍ منٹ میں اُتر نہیں سکے، خود کار دروازے بند ہوگئے، ۱۳۹؍ کلومیٹر کا سفر بلاوجہ طے کرنا اور جرمانہ دینا پڑا۔
EPAPER
Updated: November 19, 2026, 10:08 AM IST | Agency | Kanpur
سامان رکھنے کیلئے ’ وندے بھارت ‘ میں داخل ہوئے ،۴؍ منٹ میں اُتر نہیں سکے، خود کار دروازے بند ہوگئے، ۱۳۹؍ کلومیٹر کا سفر بلاوجہ طے کرنا اور جرمانہ دینا پڑا۔
کانپور سینٹرل ریلوے اسٹیشن پر رشتے داروں کو رخصت کرنے اور ان کا سامان سیٹوں تک پہنچانے کیلئےوندے بھارت ایکسپریس میں داخل ہونا ۱۳؍ افرادکیلئے مہنگا سودا ثابت ہوا۔ اترنے میں چند لمحوں کی تاخیر کی بنا پر انہیں نہ صرف ۱۳۹؍ کلومیٹر کا سفر بلا وجہ طے کرنا پڑا بلکہ بلا ٹکٹ سفر کرنے کی پاداش میں ۳۶؍ ہزار ۱۴۰؍ روپے جرمانہ بھی ادا کرنا پڑا۔
یہ واقعہ ۱۵؍ نومبر کو بنارس سے نئی دہلی جانے والی وندے بھارت ایکسپریس کے کانپور سینٹرل اسٹیشن پر رُکنے پر پیش آیا۔ ٹرین صبح ۹؍ بج کر ۲۶؍ منٹ پر اسٹیشن پہنچی اور ۹؍ بج کر ۳۰؍ منٹ پر روانہ ہوگئی۔ یعنی اسے اسٹیشن پر صرف ۴؍ منٹ رکنا تھا۔ جیسا کہ شمالی ہند کا معمول ہے۔ ۱۲؍ افراد اور ان کے ساتھ ایک بچہ اپنے رشتے داروں کو ٹرین میں بیٹھانے کیلئے پہنچے تھے۔ ٹرین آنے پر وہ ان کا سامان رکھنے اور انہیں رخصت کرنے کیلئے کوچ میں داخل ہوگئے۔ ان کا ارادہ تھا کہ رشتے داروں کو نشستوں پر بٹھاکر ٹرین کی روانگی سے پہلے پلیٹ فارم پر واپس آجائیں گے۔ تاہم وہ وقت پر باہر نہیں نکلے اور ٹرین کے دروازے بند ہوگئے۔ٹرین کے چلنے کے بعد انہیں احساس ہوا کہ وہ اندر ہی رہ گئے ہیں۔
انہوں نے ٹرین کے عملے سے دروازے کھولنے کی درخواست کی لیکن ٹرین کے چلنے کے بعد دروازے کھولنا ممکن نہیں تھا۔ وندے بھارت کے خودکار دروازے مقررہ اسٹیشنوں پر ہی کھلتے ہیں اور طے شدہ وقت کے بعد خود بند ہو جاتے ہیں۔ رشتہ داروں کو خصت کرنے کیلئے آنے والے اس گروپ میں خواتین بھی تھیں۔ اچانک ان میں گھبراہٹ پھیل گئی۔ بعض افراد نے ٹرین روکنے کیلئے ہنگامہ بھی کیا اور ایمرجنسی چین کھینچنے کی کوشش کی لیکن کچھ کام نہ آیا۔ اس دوران ٹرین کے عملے نے ریلوے کنٹرول روم کو اطلاع دی۔
کنٹرول روم کی ہدایت پر وندے بھارت ایکسپریس کو اٹاوہ جنکشن ہنگامی طور پر روکا گیا۔ یہاں یہ ٹرین نہیں رکتی، کانپور کے بعد اس کا اگلا اسٹیشن نئی دہلی ہے۔ بہر حال تقریباً ۱۰؍ بج کر ۴۹؍ منٹ پر ٹرین اٹاوہ پہنچی ۔ آر پی ایف اور جی آر پی کے جوان وہاں پہلے سے موجود تھے جنہون نے مذکورہ ۱۳؍ افراد کو بحفاظت ٹرین سے اتارا اور آر پی ایف چوکی لے گئے۔