اس بیان سے یوپی کی سیاست میں ہلچل، بی جے پی تلملاگئی، یوگی نے کہاکہ سماج وادی پارٹی کی ریاست میں فساد کی سازش ہے۔
EPAPER
Updated: August 15, 2026, 9:04 AM IST | Hamidullah Siddiqui | Lucknow
اس بیان سے یوپی کی سیاست میں ہلچل، بی جے پی تلملاگئی، یوگی نے کہاکہ سماج وادی پارٹی کی ریاست میں فساد کی سازش ہے۔
یوپی میں۲۰۲۷ء کے اسمبلی انتخابات سے قبل سماجوادی پارٹی کے سینئر لیڈر اور قومی جنرل سیکریٹری شیوپال یادو کے ایک بیان نے ریاست کی سیاست میں ہلچل پیدا کردی ہے۔ گزشتہ روز محمداعظم خاں سے جیل میں ملاقات کے بعد شیوپال یادو نے رام پور میں کہا کہ سماجوادی پارٹی کی حکومت بننے پر محمد اعظم خاں کو ریاست کا وزیر داخلہ بنایا جائے گا۔ شیوپال یادو نے اعظم خان کو اہم ماہر تعلیم قرار دیتے ہوئے رام پور کی مولانا محمدعلی جوہر یونیورسٹی کا مسئلہ بھی اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ جوہر یونیورسٹی ۲۰۲۷ء کے اسمبلی انتخابات میں سماجوادی پارٹی کے اہم انتخابی موضوعات میں شامل ہوگی۔ شیو پال یادو نے اعظم خان اور یونیورسٹی کے خلاف کارروائی کرنے والے افسران کے خلاف بھی اقتدار میں واپسی کے بعد کارروائی کا اشارہ واضح اشارہ دیا۔
شیوپال یادو کے بیان کے بعد سماجوادی پارٹی کے دیگر لیڈرس بھی محمد اعظم خاں کی حمایت میں سامنے آئے۔ ایس پی کی رکن پارلیمنٹ ڈمپل یادو نے بھی اعظم خاں کےقد اور کردار کی اہمیت کا اظہار کیا۔ایس پی کے رکن پارلیمنٹ جاوید علی خان نے دونوں پارٹی کے سینئر لیڈرہیں اور ان کا وقتاً فوقتاً ایک دوسرے سے ملنا اہم تبدیلیاں لاتا ہے اور اب بھی لائے گا۔
دریں اثناء شیوپال یادو کے بیان پر وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے اعظم خاں کا نام لئے بغیر کہا کہ ایس پی ایسے شخص کی حمایت کر رہی ہے جس نے ملک کی آزادی کی مخالفت اور ہندوستان کی تقسیم کے ذمہ دار شخص کے نام پر رام پور میں یونیورسٹی قائم کی۔ یوگی آدتیہ ناتھ نے طنزیہ انداز میں کہا کہ سماجوادی پارٹی کہتی ہے کہ اگر وہ اقتدار میں آئی تو مذکورہ شخص کو وزیر داخلہ بنایا جائے گا۔ ان کے مطابق انہیں معلوم ہے کہ وہ اقتدار میں کسی بھی قیمت پر نہیں آئیں گے، لیکن ان کی شرمناک سوچ دیکھیے، یہ لوگ ریاست میں دوبارہ فسادات کروانا چاہتے ہیں۔