Inquilab Logo

بھیونڈی:نالوں کیصفائی میں لاپروائی کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کاانتباہ

Updated: May 22, 2021, 8:37 AM IST | khalid abdul Qayyum | Mumbai

میونسپل کمشنر پنکج آشیا نے گلی محلوں میں بہنے والی چھوٹی چھوٹی گٹروں اور نالیوں کی صفائی پر بھی خاص دھیان دینے کی ہدایت دی

Garbage piles can be seen in most of the city`s drains.Picture:Inquilab
شہر کےبیشتر نالوں میں اسی طرح کوڑے کرکٹ کا انبار دیکھا جا سکتا ہے۔ تصویر انقلاب

یہاں میونسپل کمشنر ڈاکٹر پنکج آشیا نے نالا صفائی میں کسی بھی قسم کی کوتاہی کو ناقابل برداشت قرار دیتے ہوئے تساہلی کرنے والے ٹھیکیداروں اور ان کی نگرانی کرنے والے افسران کے خلاف کارروائی کا انتباہ دیا ہے۔
 میونسپل کارپوریشن کے مطابق  پربھاگ سمیتی ایک میں ۱۷؍، پربھاگ سمیتی ۲؍میں ۱۴؍،پربھاگ سمیتی ۳؍ میں ۲۶؍،پربھاگ سمیتی ۴؍ میں ۱۳؍ اور پربھاگ سمیتی ۵؍ میں۲۲؍ سمیت چھوٹے بڑے کل ۹۲؍ نالے ہیں۔  ان کی لمبائی تقریباً ۴۲؍ ہزار۶۸۵؍ میٹر ہے۔ میونسپل کارپوریشن ان نالوں کی صفائی پر ہر سال تقریباً ایک کروڑ روپے خرچ کرتا ہے۔ اس کے باوجودبھاری بارش کے دوران شہر میں سیلابی کیفیت پیدا ہوجاتی ہے۔ شہر میں بڑے پیمانے پر بارش کے پانی کے نکاسی کا واحد ذریعہ شہر سے متصل کامواری ندی ہے۔ شہر کے چھوٹے بڑے نالوں کے ذریعے بارش کا پانی شہر کے مختلف راستوں سے گزرتے ہوئے کامواری ندی میں چلا جاتا ہے۔ لیکن شہر کے نالوں اور گٹروں کی صفائی بہتر طور پر نہ ہونے کے سبب شہر میں موسلادھار بارش کے دوران پانی جمع ہونے سے سیلاب جیسے حالات پیدا ہوجاتے ہیں۔  اس کی وجہ سے لاکھوں شہری بری طرح متاثر ہوتے ہیں۔  بیشتر نشیبی علاقوں کے گھروں اور دکانوں میں پانی داخل ہونے سے انہیں شدید مالی نقصان کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔
 بارش کے دوران شہریوں کو اس طرح کے نامساعد حالات سے محفوظ رکھنے کیلئے میونسپل کمشنر ڈاکٹر پنکج آشیا نالیوں اور گٹروں کی صفائی پر توجہ دے رہے ہیں۔کووِڈ کے سبب کام میں تھوڑی تاخیر ہوئی ہے لیکن میونسپل کمشنر نے ٹھیکیداروں کو انتباہ دیا ہے کہ کہ نالوں کی صفائی میں کسی بھی طرح کی تساہلی اور لاپروائی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے  نالوں اور گٹروں کی صفائی کے کام کی ذمہ داری متعلقہ پربھاگ آفیسر، ہیلتھ انسپکٹر اور اس پربھاگ کے محکمہ پبلک ورکس کے جونیئر انجینئرز پر ڈال کر انہیں وارننگ دی ہے کہ صفائی کے کاموں میں غفلت برتنے والے افسران کیخلاف سخت  کارروائی کی جائے گی۔اہم بات یہ ہے کہ کمشنر نے گلی محلوں میں بہنے والی چھوٹی نالیوں اور گٹروں کی صفائی پر خاص دھیان دینے کی ہدایت دی ہے۔ معلوم ہو کہ پربھاگ سمیتی ۳؍ اور۵؍ کے تحت تمام نالوں کی صفائی کیلئے ٹینڈرنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد کام شروع ہوچکا ہے۔نیز دوسرے پربھاگ میں ٹینڈر اپنے آخری مراحل میں ہے۔

bhiwandi Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK