Inquilab Logo

بھیونڈی : نالوں کی صفائی میں ٹھیکیداراور میونسپل افسران پر لاپروائی کا الزام

Updated: May 21, 2022, 8:18 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai

نالے صفائی کا کام وقت پر شروع ہوا تھا لیکن یہ سست روی کا شکار ہے۔ شہریوں میں میونسپل کارپوریشن کے خلاف ناراضگی

A drain of Bhiwandi is being cleaned.
بھیونڈی کے ایک نالے کی صفائی کی جارہی ہے۔ (تصویر: انقلاب)

: گزشتہ ڈیڑھ دو دہائیوں میں پہلی بار بھیونڈی میں وقت پر نالوں کی صفائی کا کام شروع کیا گیا تھا لیکن  یہ  انتہائی سست رفتاری سے جاری ہے۔ٹھیکیداروں کے ذریعے ناقص کام کی مسلسل شکایات بھی مل رہی ہیں اس کے باوجود میونسپل افسران مبینہ طورپر غفلت برت رہے ہیں۔یاد رہے کہ شہر میں بڑے اور چھوٹے تقریباً۹۲؍ نالے ہیں جن کی لمبائی۴۲ء۶۸۵؍ کلومیٹر ہے ۔ ان کی صفائی کیلئے میونسپل کارپوریشن نے ایک کروڑ۴۹؍لاکھ روپے   کا نجی کمپنیوں کو ٹھیکہ دیا ہے جس کی میعاد۲۰؍دن مقرر کی گئی ہے۔ نالے کی صفائی کا کام ۳؍مئی سے شروع کیا تھاجس کی نگرانی کیلئے ڈپٹی میونسپل کمشنر دیپک جھنجھاڑکی قیادت میں صفائی محکمہ کے سربراہ سمیت ہر پربھاگ میں ایک صفائی انسپکٹر کو متعین کیا گیا ہے لیکن اکثر صفائی انسپکٹر اپنے کیبن میں بیٹھ کر ہی کام کا جائزہ لیتے نظر آرہے ہیں۔ 
 اسٹینڈنگ کمیٹی کے سابق چیئرمین حلیم انصاری نے بتایا کہ شانتی نگر علاقہ میں نالوں میں صرف اوپر بہہ رہے کچروں اور پلاسٹک کے ٹکڑوں کو ہٹایا جا رہا ہے لیکن  اندر جمع گندگی، مٹی، پتھر کے ٹکڑے   ہیں، انہیں جوں کا توں چھوڑدیا جا رہا ہے  ۔ نالے میں پہلے سے بھرے کوڑاکرکٹ کے باعث اگر ہلکی سی بارش بھی ہو جائے تو  گندہ پانی بستیوں میں بھرجائے گا۔صرف کاغذوں پر نالا صفائی ہونے کے سبب قدوائی نگر تالاب سے انصار نگر تک کے علاقے ہر سال بارش میں زیرآب آ جاتے ہیں  اور گھروں اور پاور لوم کارخانوں  میں پانی بھر جانے سے مالکان کو بھاری مالی نقصان اُٹھانا پڑتا ہے لیکن میونسپل انتظامیہ اس پر کبھی  توجہ نہیں دیتا ہے۔
 پربھاگ سمیتی  ایک کے تحت بالا کمپاؤنڈ، کھنڈوپاڑہ، چاندنی بار، نائیگاؤں، منصور باغ اور انصار محلہ میں ۶۰؍ سے ۶۵؍ مزدوروں کے ذریعے صفائی کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔ونجار پٹی ناکہ کے پاس پٹیل نگر میں واقع ہدیٰ مسجد کے قریب جہاں ہر سال بارش میں پانی بھر جاتا ہے،  نالے کی نصف صفائی کی گئی ہے۔ وہاں کام کرنے والے مزدوروں نے بتایا کہ ہم وہیں کام کرتے ہیں جہاں ٹھیکیدار ہم سے صفائی کرنے کو کہتا ہے۔
 شہریوں کے مطابق پربھاگ سمیتی ۳؍ کے تحت لاہوٹی کمپاؤنڈ سے کلیان ناکہ ہوتے ہوئے کملا ہوٹل جانے والے بڑے نالے کی صفائی گزشتہ۱۵؍ سے ۲۰؍ سال سے نہیں کی گئی ہے۔ معمولی بارش سے نالے کا گندہ پانی کلیان ناکہ پر واقع پردیپ پاٹل بلڈنگ  اور قریبی دکانوں میں بھر جاتا ہے۔ وہاں صفائی کے کاموں کی نگرانی کرنے والے مقادم نے بتایا کہ کلیان ناکہ کے بہت سے دکانداروں نے نالے پر قبضہ کر رکھا ہے۔  جب تک نالے کی مرمت نہیں کی جاتی، اس وقت تک اس کی صفائی ممکن نہیں ہے۔ وہاں کے دکاندار سبھاش گپتا نے بتایا کہ بند نالے کی وجہ سے بارش کے دوران گندہ پانی دکانوں میں ۲،۲؍ فٹ تک بھر جاتا ہے۔ میونسپل افسران سے شکایت کرنے کے بعد بھی کوئی توجہ نہیں دی جاتی۔ کملا ہوٹل کے قریب سٹیزن اسپتال کے بازو میں بڑا کھلا نالا کچرے سے بھرا ہوا ہے۔ وہاں سماجی کارکن سنجے پاٹل نے بتایا کہ یہ شہر کا ایک بڑا اہم نالاہے لیکن اس کی صفائی نامکمل ہونے کی وجہ سے بارش کے دوران گندہ پانی گھروں میں چارسے پانچ بار بھر جاتا ہے۔ صفائی کارکنان کو سب سے پہلے بڑے نالوں کی صفائی پر توجہ مرکوز کرنی چاہئے۔
 پربھاگ سمیتی ۴؍کے تحت وٹھل نگر، نارپولی گاؤں،۷۲؍ گالا اور ساحل ہوٹل کے اطراف کے نالوں کی صفائی کیلئے تقریباً ۸۰؍ سے ۹۰؍ مزدوروں کی الگ الگ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہے۔ وہاں کے صفائی انسپکٹر ہریش بھنڈارے نے بتایا کہ بارش سے پہلے نالوں کی صفائی مکمل کرلی جائے گی۔ یہاں کے کارپوریٹر سراج طاہر مومن نے بتایا کہ کئی برس کے بعد پہلی بار نالے کی صفائی کا کام وقت پرشروع کیا گیا ہے۔   اگر ٹھیکیدار صفائی میں غفلت برتتا ہے تو میونسپل افسران کو اس کے خلاف کارروائی کرنی چاہئے۔
 پربھاگ سمیتی۵؍کے تحت کوک ویل گیس ایجنسی، منگل بازار سلیب، بھاجی مارکیٹ،پرانا نظام پورہ پولیس اسٹیشن ، سنگم پاڑہ نالا کی صفائی کیلئے ۵۰؍ سے ۵۵؍ مزدورلگائے گئے ہیں۔ لیکن وہ کچرا نکال کر اسے چیمبر کے پاس رکھ دیتے ہیں جس کے تعفن سے شہریوں کو شدید پر دشواریوںکا سامنا کرنا پڑرہاہے۔کچرا  پڑے پڑے سوکھ کر دوبارہ نالوں میں گر رہا ہے اورشہر کی ہوا کو بھی آلودہ کررہا ہے۔صفائی انسپکٹر ششی کانت گھاڈگے نے بتایا کہ ضرورت کے مطابق جے سی بی لگا کر بڑے نالوں کی صفائی کی جارہی ہے۔ 
 چیف سینیٹری انسپکٹر جے ایم سوناونے نے بتایا کہ   نالے کی صفائی میں غفلت برتنے پر میونسپل کمشنر کے حکم پر ٹھیکیدار اور میونسپل افسران اور ملازمین کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

bhiwandi Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK