Inquilab Logo

بھیونڈی:قدیم پائپ لائن تبدیل کرنے کا کام ۴۰؍فیصد مکمل

Updated: May 02, 2024, 9:29 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai

۶۵؍ سال پرانی خستہ حال پائپ لائن کو تبدیل کرنے پرایک کروڑ ۲۵؍لاکھ روپے خرچ ہوں گے۔جون تک کام مکمل ہونے کا امکان

Work is being done to replace the 65-year-old pipeline.
۶۵؍ سال پرانی پائپ لائن کو تبدیل کرنے کا کام کیا جارہا ہے۔ (تصویر: انقلاب)

یہاں تھانے روڈ پر کنکریٹ کی سڑک کی تعمیر کے ساتھ ہی قدیم ترین پائپ لائن کو بھی تبدیل کیا جارہا ہے۔خستہ حال پائپ لائن کی تبدیلی کے بعد تقریباً ۲۵؍ فیصدپانی ضائع ہونے سے بچ جائے گاجس سے شہریوں کو وافر مقدار میں پریشر کے ساتھ پانی ملنے کی توقع ہے۔محکمہ آب رسانی کے مطابق تقریباً سوا کروڑ کی لاگت سے پائپ لائن تبدیل کی جارہی ہےجس کا ۴۰؍فیصد کام مکمل ہوچکا ہے۔مانسون سے قبل اس کام کو مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ پرانا تھانے  روڈ پر دھامنکر ناکہ سے منڈئی اور تین بتی ہوتے ہوئے میونسپل کارپوریشن کے صدر دفتر تک کنکریٹ کی سڑک کی تعمیر کا کام انتہائی سست روی سے جاری ہے۔اس سڑک کے نیچے سے شہریوں کو پینے کے پانی کی سپلائی کیلئے بچھائی گئی سیمنٹ کی پائپ لائن تقریباً۶۵؍سال پرانی ہونے کے سبب وہ خستہ حال ہوچکی تھی۔
 پائپ لائن   متعدد جگہوں پر ٹوٹ پھوٹ گئی تھی جس کے باعث روزانہ ہزاروں لیٹر پانی   ضائع ہوجاتا تھا۔خستہ حال پائپ لائن کے باعث شمع نگر،مادھو نگر، سومانگر ،دھامنکر ناکہ ،اجنتا کمپاؤنڈ ،مرتضیٰ کمپاؤنڈ،درگاہ روڈ، واجہ محلہ، پار ناکہ،کسار آلی،ٹھانگے آلی،، برہمن آلی، بندر محلہ اورغوری  پاڑہ کے ساتھ دیگر علاقوں میں آباد مکینوں کو پا نی کی شدید قلت کا سامنا تھا۔ تقریباً ۶۵؍ برس  پرانی خستہ پائپ لائن کے بارے میں متعدد شکایات کے بعد میونسپل کارپوریشن کمشنر اجے ویدیہ نے محکمہ آب رسانی کو اسے تبدیل کرنے کا حکم دیا تھاجس کے بعد محکمہ آب رسانی نے قدیم ترین خستہ حال پائپ لائن نکال کر۴۵۰؍ ایم ایم کی نئی پائپ لائن بچھانے کا ٹھیکہ ہندوستان انٹرپرائزز کو دیا ہے۔
  محکمہ آب رسانی کے  ایگزیکٹیو انجینئر سندیپ پٹناور نے بتایا کہ پائپ لائن کو تبدیل کرنے کا کام ۱۵؍ مارچ سے شروع کیا گیا ہے۔ پائپ لائن کو تبدیل کرنے کیلئے شہری انتظامیہ  ایک کروڑ ۲۵؍لاکھ روپے خرچ کر رہی ہے۔ سندیپ پٹناور نے کہا کہ پائپ لائن کو تبدیل کرنے کا کام تقریباً۴۰؍ فیصد مکمل ہو چکا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جون تک کام مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس سے پانی کوضائع ہونے سے  روکا جا سکے گا اور متعلقہ علاقے کے شہریوں کو وقت اور ضرورت کے مطابق پانی باقاعدگی سے ملتا رہے گا۔
 انہوں نے مزید بتایا کہ پائپ لائن تبدیل کرتے وقت مقامی شہریوں کو پینے کے پانی کی قلت کا سامنا نہیں ہونا چاہئے۔ اس کیلئے محکمہ آب رسانی نے دھامنکر ناکہ کے علاقے میں لوگوں کو پانی فراہم کرنے کیلئے پائپ لائن میں والو لگایا گیا ہے۔ جس علاقے میں پائپ لائن کو تبدیل کیا جا رہا ہے، وہاںروزانہ ۸۰؍ٹینکروں سے پانی فراہم کیا جا رہا ہے تاکہ گرمیوں میں لوگوں کو پانی کی قلت کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔

bhiwandi Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK