Inquilab Logo

بھیونڈی: کپل پاٹل کی دولت میں ۵؍سال میں ۳۸؍کروڑ روپے کا اضافہ!

Updated: May 08, 2024, 9:00 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai

لوک سبھا انتخاب کیلئے الیکشن کمیشن کو دئیے حلف نامہ میں بی جے پی امیدوار نے اپنا کُل اثاثہ ۱۰۴؍ کروڑ ۳۶؍ لاکھ ۴۶؍ ہزار روپے بتایا ہے۔

BJP candidate Kapil Patil. Photo: INN
بی جے پی امیدوار کپل پاٹل۔ تصویر : آئی این این

 پنچایتی راج کے مرکزی وزیر مملکت اور رکن پارلیمان کپل پاٹل ۱۰۴؍ کروڑ روپے کی منقولہ اور غیر منقولہ جائیداد کے مالک ہیں۔ مہنگی گاڑیوں،بیش قیمتی گھڑیوں ،جیولری اور بنگلوں کے شوقین کپل پاٹل کی دولت میں گزشتہ ۵؍برسوں میں ۳۸؍ کروڑ روپے کا اضافہ ہوا ہے۔کپل پاٹل کی اہلیہ مینل پاٹل بھی کروڑوں کی جائیداد کی مالکن ہیں۔گزشتہ۵؍برسوںمیں ان کی دولت میں ۱۲؍ کروڑ روپے کا اضافہ ہوا ہے۔
رکن پارلیمان کپل پاٹل نے الیکشن کمیشن کو دیئے گئے حلف نامے میں  اپنا کُل اثاثہ ۱۰۴؍ کروڑ ۳۶؍ لاکھ ۴۶؍ ہزار روپے بتایا ہے  جبکہ سال ۲۰۱۹ء کے لوک سبھا الیکشن لڑتے ہوئے انہوں نے اپنا کُل اثاثہ ۶۶؍ کروڑ ۹ ؍لاکھ ۶۲؍ہزار روپے ظاہر کیا تھا۔ اس طرح ۵؍برسوں میں ان کی دولت میں ۳۸؍ کروڑ۳۶؍ لاکھ روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ اسی طرح ان کی اہلیہ مینل پاٹل کا ۲۰۱۹ء میں کُل اثاثہ ۱۵؍ کروڑ۴۳؍ لاکھ روپے تھی جو اب بڑھ کر ۲۷؍ کروڑ۷۱؍ لاکھ ۷۵؍ ہزار روپے ہو گئی ہے۔
حلف نامے کے مطابق کپل پاٹل کے پاس اس وقت  ایک  لاکھ ۴۰۰؍روپے نقدموجود ہیں۔  اس کے علاوہ  ان کے پاس مختلف بینکوں میں ۸۵؍ لاکھ ۹۲؍ہزار روپے ہیں۔ حصص اور میوچل فنڈس وغیرہ میں ۲؍کروڑ۵۷؍لاکھ روپے کی سرمایہ کاری کی ہے۔ ان کے پاس ایک کروڑ روپے کا جنرل انشورنس اور ۱۱؍ لاکھ روپے کا بیمہ ہے۔
  کپل پاٹل کو گاڑیوں کا شوق بتایا جاتا ہے۔ان کے  بیڑے میں بی ایم ڈبلیو، لیکسس، مہندرا جیپ جیسی کاریں شامل ہیںجن کی قیمت ایک کروڑ ۳۳؍لاکھ روپے ہیں۔ کپل پاٹل کے پاس سونے اور ہیرے کے زیورات بھی ہیںہیں جن کی مالیت ۸۹؍ لاکھ ۱۵؍ روپے ہے۔ کپل پاٹل کے پاس ۲۱؍ لاکھ ۳۴؍ہزار روپے کی پستول، فرنیچر اورقیمتی گھڑیاںہیں۔رکن پارلیمان کے پاس  تھانے کے وسنت وہار میں ایک فلیٹ اور لوناوالا، پونے میں۳۱؍کروڑ۷؍لاکھ  روپے کا ایک بنگلہ ہے۔ بھیونڈی تعلقہ میں۱۸؍کروڑ ۸۸؍لاکھ  روپے مالیت کی دیوے ، انجور اور وڈپے میںکاشتکاری کی زمین ہے اور سندھو درگ میں این اے پلاٹ ہے جس کی قیمت ۱۷؍ لاکھ ۳۱؍ ہزار  روپے ہے۔ کپل پاٹل کے نام پر۷؍ کروڑ ۵۸؍ لاکھ  روپے مالیت کی تجارتی عمارتیں ہیں۔
الیکشن کمیشن کو دیئے گئے حلف نامے  کے مطابق کپل پاٹل پر کسی طرح کا کوئی قرض نہیں ہے لیکن ان کی اہلیہ کے نام پر۲۹؍لاکھ ۳۷؍ ہزار روپے کا وہیکل لون ہے۔ان کے خلاف نہ تو کوئی مجرمانہ مقدمہ درج ہے اور نہ ہی کوئی مقدمہ عدالت میں زیر التوا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK