افسران اور ٹھیکیداروں کی سرزنش، ناقص کارکردگی پر بلیک لسٹ کرنے کی وارننگ
EPAPER
Updated: June 08, 2026, 12:05 PM IST | khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi
افسران اور ٹھیکیداروں کی سرزنش، ناقص کارکردگی پر بلیک لسٹ کرنے کی وارننگ
مانسون سے قبل شہر میں نالہ صفائی کی سست رفتار اور ناقص صورتحال کو اجاگر کرنے والی اخباری خبروں کے بعد میئر نارائن چودھری خود اسکوٹر پر سوار ہوکر مختلف علاقوں کے دورے پر نکل پڑے۔ روزنامہ انقلاب سمیت دیگر اخبارات میں نالہ صفائی کے دعوؤں اور زمینی حقیقت کے درمیان فرق کو نمایاں کئے جانے کے بعد میئر نے افسران کے ہمراہ اچانک معائنہ کیا اور کئی مقامات پر صفائی کے دعوے کھوکھلے ثابت ہوئے۔
میئر نے پربھاگ سمیتی نمبر ایک کے مختلف علاقوں میں نالوں کی صفائی کا جائزہ لیا۔ معائنے کے دوران متعدد نالوں میں کیچڑ، کچرا اور ملبہ جمع پایا گیا جبکہ بعض ایسے نالے بھی سامنے آئے جن کے بارے میں افسران نے صفائی مکمل ہونے کا دعویٰ کیا تھا۔ زمینی صورتحال دیکھ کر میئر نے متعلقہ افسران کی سخت سرزنش کی اور فوری جواب طلب کیا۔ اس موقع پر میئر نارائن چودھری نے کہا کہ بارش کا موسم قریب ہے اور نالہ صفائی میں کسی بھی قسم کی لاپروائی برداشت نہیں کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھئے: گوتم بدھ کے مجسموں اور بھیما کورے گاؤں یادگار کی بے حرمتی!
انہوں نے ہدایت دی کہ تمام زیر التوا کام فوراً مکمل کئے جائیں اور ناقص کارکردگی دکھانے والے ٹھیکیداروں کےبِل روکے جائیں۔ ضرورت پڑنے پر ایسے ٹھیکیداروں کو بلیک لسٹ بھی کیا جائے گا۔
میئر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ شہر میں اب تک نالہ صفائی کاصرف ۳۰؍فیصد کام مکمل ہوا ہے، جو انتہائی تشویشناک ہے۔ تاہم چند روز قبل میونسپل صفائی محکمہ نے اپنی رپورٹ میں ۳۴؍ فیصد سے زائد نالہ صفائی مکمل ہونے کا دعویٰ کیا تھا۔ صفائی کے اعداد و شمار میں اس تضاد نے محکمہ کی کارکردگی اور دعوؤں پر سوالیہ نشان کھڑا کر دیا ہے۔ معائنے کے دوران ایک سماجی کارکن نے نالہ صفائی میں مبینہ بدانتظامی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے میئر کے سامنے نالے میں اتر کر اپنا احتجاج درج کرایا جس سے موقع پر کچھ دیر کے لئے افرا تفری پھیل گئی۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ مانسون کی آمد سے قبل تمام نالوں کی مؤثر صفائی مکمل کی جائے تاکہ پانی بھراؤ اور سیلابی صورتحال سے بچا جا سکے۔