Inquilab Logo Happiest Places to Work

بھیونڈی : نیٖٹ ایگزام سینٹر کی تحریک کامیاب، این ٹی اے نے ۲؍ مراکز کو منظوری دی

Updated: May 01, 2025, 10:52 PM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai

امسال جی ایم مومن ویمنز کالج اور بی این این کالج کو باضابطہ امتحانی مراکز کے طور پر منتخب کر لیا گیا ۔ پہلا امتحان ۴؍ مئی۲۰۲۵ء کو ان مراکز پر منعقد ہوگا

Photo of the first meeting of members of educational and social institutions to establish a NET exam center
نیٹ امتحانی مرکز کے قیام کے لئے تعلیمی و سماجی اداروں کے اراکین کی پہلی میٹنگ کی تصویر

نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے ) نے۲۰۲۵ء سے بھیونڈی میں نیٖٹ(یو جی) کے امتحانی مراکز کے قیام کی منظوری دے دی ہے۔ اس طرح تعلیمی و سماجی حلقوں کی انتھک محنت، عوامی نمائندوں کی  موثر نمائندگی اور ملت کے باشعور افراد کی مسلسل کوششیں بالآخر رنگ لے آئیں۔ اس برس کے نیٹ امتحان کیلئے کے ایم ای سوسائٹی کے غلام محمد مومن (جی ایم مومن) ویمنز کالج اور بی این این کالج کو باضابطہ امتحانی مراکز کے طور پر منتخب کر لیا گیا ہے۔ پہلا امتحان اتوار۴؍ مئی۲۰۲۵ء کو ان مراکز پر منعقد ہوگا۔ 
 یہ خبر نہ صرف خوش آئند ہے بلکہ ہزاروں طلبہ کیلئے  تعلیمی جدوجہد کو آسان بنانے والی ایک تاریخی کامیابی ہے۔واضح ہوکہ بھیونڈی میں ہر سال تقریباً ایک ہزار سے زائد طلبہ نیٖٹ جیسے قومی سطح کے میڈیکل داخلہ امتحان میں شرکت کرتے ہیں۔ مگر امتحانی مرکز نہ ہونے کے سبب انہیں تھانے، کلیان، میرا روڈ، نوی ممبئی ، ممبئی یا دیگر شہروں کا سفر کرنا پڑتا تھا، جس سے ذہنی دباؤ، مالی خرچ اور وقت کا ضیاع جیسے مسائل پیدا ہوتے تھے۔
 مذکورہ بالا صورت حال دیکھ کر شہر کی باشعور تعلیمی و فلاحی تنظیموں نے بھیونڈی میں امتحانی مرکز کیلئے آواز بلند کی۔الانصار ویلفیئر سوسائٹی، آل انڈیا آئیڈیل ٹیچرز ایسوسی ایشن (آئٹا)، بزم یاران ادب، یونیک اسپورٹس کلب، مومن ویلفیئر سوسائٹی، ایس ای او  اور کئی دیگر اداروں کے اراکین نےاس تحریک کو سنجیدگی سے آگے بڑھایا۔ منصوبہ بندی سے عملی جدوجہد تک اراکین نے تحریک کی ابتدا نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے ) کو اجتماعی و انفرادی ای میلز بھیجنے سے کی، جس میں شہر میں نیٹ امتحانی مرکز کے قیام کی درخواست کی گئی۔ بعد ازاں اس معاملے کو حکومتی سطح تک پہنچانے کے لیے شہر کے عوامی نمائندگان (رکن پارلیمان سریش مہاترے ،مشرقی حلقہ کے رکن اسمبلی رئیس شیخ ،مغربی حلقہ کے رکن اسمبلی مہیش چوگھلے) سے ملاقاتیں کی گئیں۔ ان عوامی نمائندگان نے مکمل حمایت کی اور اس مطالبے کو وزارت تعلیم اور این ٹی اے تک مؤثر انداز میں پہنچایا۔اس تحریک کو اس وقت مزید تقویت ملی جب مشرقی حلقہ کے رکن اسمبلی نے طلباء کی دشواریوں کو دیکھتے ہوئے ذاتی دلچسپی لیتے ہوئے نہ صرف ریاستی و مرکزی وزراء خط و کتابت کا سلسلہ شروع کیا بلکہ خود  وزارت تعلیم سے وابستہ اعلیٰ افسران سے ملاقات کرکے شہر میں نیٹ سینٹر دینے کی درخواست کی۔
   اس کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے رکن اسمبلی رئیس شیخ نے کہا:’’یہ کامیابی صرف ایک تعلیمی مسئلے کا حل نہیں، بلکہ ایک خواب کی تعبیر ہے جو برسوں سے بھیونڈی کے طلبہ دیکھ رہے تھے۔ جب طلبہ اور اداروں نے یہ مسئلہ اٹھایا تو ہم نے فوری طور پر اس پر کام شروع کیا۔ آج الحمدللہ ہم ایک ایسے مقام پر کھڑے ہیں جہاں ہمارے شہر کے طلبہ اپنے ہی شہر میں امتحان دے کر اپنے خوابوں کی تعبیر کے قریب تر ہو گئے ہیں۔ ہم این ٹی اے، وزارت تعلیم اور تمام متعلقہ اداروں کے شکر گزار ہیں۔‘‘

bhiwandi Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK