Inquilab Logo

بھیونڈی: ڈھائی کروڑ کی لاگت سے سڑکوں کے گڑھے بھرنے کا منصوبہ

Updated: December 20, 2023, 11:15 PM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai

کنکریٹ کی مزید سڑکوں کی تعمیر کو منظوری ،ریاستی انسانی حقوق کمیشن کی سرزنش کے بعد میونسپل انتظامیہ بیدار،شہریوں کو گڑھوں سے نجات ملنے کی توقع

A road in Bhiwandi has become like this.
بھیونڈی کی ایک سڑک کی یہ حالت ہوگئی ہے۔

یہاں ریاستی انسانی حقوق کمیشن کی سرزنش کے بعد میونسپل انتظامیہ  ڈھائی کروڑروپے خرچ کرکے سڑکوں کے گڑھے  بھرے گا۔ اس کے ساتھ ہی  شہر کی ۱۲؍ سڑکوں کو۱۱۵؍ کروڑ روپوں کی لاگت سے کنکریٹ سے تعمیر کیا جائے گا۔واضح رہےکہ بارش اور ٹھیکیداروں کے ذریعہ ناقص تعمیراتی اشیاء  کے استعمال سے شہر کی تقریبا ًسبھی سڑکیں گڑھوں میں تبدیل ہوگئی ہیں۔سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کر دھول مٹی میں تبدیل ہوجانے کے سبب  پورا شہر گرد و غبار کی زد میں ہی۔جس کے  سبب شہری متعدد امراض کا شکار ہورہے ہیں۔شہر کی اس صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے ریاستی انسانی حقوق کمیشن نے نہ صرف شہری انتظامیہ کی سرزنش کی تھی بلکہ اس نے پوچھا تھا کہ  شہری انتظامیہ کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ۱۶۶؍اے کے تحت کارروائی کیوں نہیں کی جانی چاہئے؟
 میونسپل کارپوریشن کے سٹی انجینئر(انچارج) سریش بھٹ نے بتایا کہ شہریوں کوگڑھوں سے نجات دلانے کیلئے میونسپل کارپوریشن کی جانب سے گڑھوں کو بھرنے کیلئے ڈھائی کروڑ روپے خرچ کرنے کا منصوبہ ہےجس کے تحت کارپوریشن کے پانچوں میں سے ہر پربھاگ میں ۵۰-۵۰؍لاکھ روپے خرچ کئے جائیں گے۔ تمام پربھاگ سمیتیوں کے سربراہان کواپنے اپنے علاقوں میں الگ الگ ٹھیکیداروں سے کام کروانا لازمی ہے۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کو عنقریب ہی گڑھوںسے نجات مل جائے گی۔
 سریش بھٹ نے بتایاکہ ایم ایم آر ڈی اے نے کئی سال قبل شہر کی۵۲؍ اہم سڑکوں کوکنکریٹ سے تعمیر کرنے کی منظوری دی تھی جن میں سے ۱۵؍  کا کام مکمل ہو چکا ہے ۔کنکریٹ کی  ۱۰؍سڑکوں کی تعمیر جاری ہے۔اس درمیان  پی ڈبلیو ڈی نے  شہر کے مختلف علاقوں میںمزید۱۲؍سڑکوں کو کنکریٹ سے تعمیر کیلئےاین او سی دیا ہے جن کی تعمیر پر ۱۱۵؍ کروڑ روپے خرچ ہونے کی توقع ہے۔ان سڑکوںکی تعمیر کا یہ کام ۲؍ ماہ میں شروع کرکے  جلد مکمل کرنے کی کوشش کی جائے گی ۔ 
 انجینئرسریش بھٹ کے مطابق ان ۱۲؍سڑکوں کا کام شروع ہوتے ہی ۵۲؍ میں سے ۱۵؍ سڑکیں ہی باقی رہ جائیں گی ۔ان سڑکوںکی تعمیر کی کوشش بھی جاری ہے،عنقریب ہی مثبت فیصلہ ہوتے ہی  ان کا کام شروع کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ان سڑکوں کی تعمیر سے عوام کو ہر سال شہر کی سڑکوں پر پڑنے والے گڑھوں سے نجات ملے گی۔ بارش میں اسفالٹ اور بجری سڑک سے بہہ جاتی ہے جس کی وجہ سے گڑھے بن جاتے ہیں لیکن اب سڑکوں اور گٹروں کی کنکریٹ سے  تعمیر کے بعد یہ صورتحال ہمیشہ کیلئے ختم ہو جائے گی۔

bhiwandi Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK