Inquilab Logo

بہار :۵؍ روز سےسردہوائیں چل رہی ہیں

Updated: January 21, 2022, 11:45 AM IST | Inquilab News Network/Agency | Patna

لوگ کانپ رہے ہیں ، پٹنہ کے کم ازکم درجۂ حرارت میں ۳؍ ڈگری کی کمی ۔تقریبا۱۳؍ اضلاع میں کم ازکم درجۂ حرارت۱۰؍ ڈگری سےنیچے۔ پٹنہ ، مظفر پور ، گیا ، پورنیہ ، بھاگلپور ، سپول ، مشرقی چمپارن ، ارریہ ، دربھنگہ اور گوپال گنج سب سےزیادہ سرد

Patna: People are warming up in Patna during the bitter.Picture:Inquilab
پٹنہ:کڑاکے کی سردی کے دوران لوگ پٹنہ میں الائو تاپ رہےہیں۔تصویر: انقلاب

بہار میں سردی شباب پر ہے۔۵؍ روز سے خو ن جما دینے والی سردی سے لوگ پر یشان ہیں۔   اس دوران پٹنہ  اور دیگر اضلاع کا کم ازکم درجہ حرارت۷؍ سے۱۰؍ ڈگری سیلسیس کے آس پاس ریکارڈ کیا گیاہے  ۔اس دوران نہ صرف صبح اور رات کے وقت بلکہ دوپہر میں بھی دھند سے راحت نہیں مل رہی ہے ۔ درجہ حرارت میں مسلسل کمی ہورہی ہے اور پہاڑی علاقوں سے آنے والی پچھواہوا سے پورے دن کپکپانے والی سردی محسوس کی جارہی ہے ۔  سر د ہوائیں مسلسل چل رہی ہیں۔  اس دوران الاؤ سے گرمی حاصل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔  محکمہ موسمیات کے مطابق ، ریاست کے لگ بھگ۱۳؍ اضلاع میں کم ازکم درجۂ حرارت۱۰؍ ڈگری کے نیچے آگیاہے ۔ پٹنہ ، مظفر پور ، گیا ، پورنیہ ، بھاگلپور ، سپول ، مشرقی چمپارن ، ارریہ ، دربھنگہ اور گوپال گنج سب سے زیادہ سرد ہیں جہاں گزشتہ۴۸؍ گھنٹوں سےسردی کم نہیں ہورہی ہے  ۔  دن اور رات دونوں میں موسم انتہائی سرد رہتا ہے۔  آئندہ۴۸؍گھنٹوں تک بھی اس سے راحت کے آثار نظر نہیں آرہے ہیں۔ محکمۂ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق سردی کی  یہ صورتحال آئندہ دو دنوں تک جاری رہے گی ۔ بالخصوص پچھوا  نے سردی میں مزید اضافہ کر رہاہے ۔
 محکمہ موسمیات نے بتایاکہ شمالی ہندوستان کے جموں کشمیر ، ہماچل پردیش اور اترا کھنڈ میں ہو نے والی مسلسل برفباری کی وجہ سے ریاست بھر میں سخت سردی پڑرہی ہے ۔ کہرے اور ٹھٹھرن کی وجہ سے ریاست کا نظام زندگی درہم برہم ہو گیا ہے ۔
 ریاست  میں سخت سردی سے   انسان ہی نہیں بلکہ مویشی بھی پریشان ہیں۔ بالخصوص پٹنہ کے سنجے گاندھی  پارک میں چرند  پرند کو سردی سے بچانے کیلئے ان کے باڑوں کے آس پاس ہیٹر لگائے گئے ہیں۔ اسی طرح دیہی علاقوں کے مویشی پرور بھی سردی سے پریشان ہیں ۔   ان کی جانب سے پالتو جانوروں اور مویشیوں کو سردی سے بچانے کیلئے کئی قسم کی تدابیر کرتے دیکھا جارہاہے ۔ مویشی پر ور ا پنے جانوروں کو بورے کا کپڑا بنا کر  پہنا رہے ہیں ۔ الاؤ کے قریب اپنے جانوروں کو بھی بٹھا رہےہیں۔ بھیڑ اور بکریاں دوپہر تک پرانے سوئٹر پہنے رہتی ہیں۔   سردی کے ساتھ ساتھ کئی اضلاع میں بارش کے بھی آثار ہیں۔۲۲؍ جنوری سے موسم میں تبدیلی دیکھی جاسکتی ہے جبکہ۲۳؍ جنوری کو ریاست میں  موسلادھار بارش کے آثار بتائے جارہے ہیں، حالانکہ۲۴؍ جنوری کو ایک مرتبہ پھر موسم بدلے گا لیکن سردی سے راحت نہ ملنے کی امید ظاہر کی گئی ہے ۔
  اہم بات یہ ہے کہ جمعرا ت کو پٹنہ کا کم از کم درجۂ حرارت ۳؍ ڈگری کم ہوگیا جو  ۶ء۶؍ ڈگری ریکا رڈ کیا گیا جبکہ یہ بدھ کو ۹ء۸؍ ڈگری ریکا رڈ کیا گیا تھا۔   محکمۂ موسمیات کے مطابق جنوری میں اس سے بھی زیادہ سردی گزشتہ سالوں میں محسوس کی گئی ہے۔ اس سے قبل ۱۴؍جنوری ۲۰۲۰ءکو کم از کم درجہ حرارت گر کر ۷ء۶؍ڈگری پر آگیاتھا۔اس سے قبل ۲۰۱۹ء میں ۳؍جنوری کو کم از کم درجہ حرارت ۶ء۶؍ ڈگری سیلسیس درج کیاگیاتھا۔سال ۲۰۱۸ء میں تو ریکار ڈ سردی درج کی گئی تھی۔اس سال ۵؍ جنوری ۲۰۱۸ءکو کم از کم درجہ حرارت گر کر ۴ء۵؍ ڈگری سیلسیس پر آگیا تھا۔ اس کے علاوہ پٹنہ میں ۲۰۱۶ء اور ۲۰۱۷ءمیں کم از کم درجہ حرارت گر کر ریکارڈ ۴ء۸؍ڈگری کی سطح پر آگیاتھا۔ ۲۰۱۵ء میں ۲۱؍جنوری کو کم از کم درجہ حرارت ۴ء۵؍ڈگری درج کیاگیاتھا۔پٹنہ میں ۲۱؍ جنوری ۱۹۸۴ءکو کم از کم درجہ حرارت ریکارڈ ۱ء۴؍ ڈگری درج کیاگیاتھا۔

bihar Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK