Inquilab Logo

تیجسوی کی ریلیوں میں بھیڑ اورسرکارکے تئیں عوامی برہمی سےنتیش کی نیند حرام

Updated: October 21, 2020, 9:44 AM IST | Agency | Patna

آر جے ڈی کے مطابق ’’بہار کے عوام ریاستی حکومت سے ان کی حکمرانی کے ۱۵؍ برسوں کا حساب مانگ رہے ہیں لیکن وہ جواب دینے کے بجائے لالو پرساد یادو کے دنوں کی یاد دلا رہے ہیں جو ہمارے لئے سود مند ثابت ہورہا ہے۔‘‘تیجسوی نے دعویٰ کیا کہ پوری ریاست میں مہا گٹھ بندھن کے حق میں لہر چل رہی ہے اور ۱۰؍ نومبر کو ان کی حکومت کی تشکیل کا راستہ ہموار ہوجائے گا

Tejashwi Yadav - Pic : PTI
تیجسوی یادو ۔ تصویر : پی ٹی آئی

بہار میں پہلے مرحلے کی پولنگ کی تاریخ جوں جوں قریب آتی جارہی ہے، ریاست کے سیاسی درجہ حرارت میں بھی شدت آتی جارہی ہے۔ ان دنوںتیجسوی یادو کی ریلیوں میں امڈنے والی بھیڑ اور ریاستی حکومت کے تئیں پائی جانے والی عوامی برہمی سے نتیش کمار کی پریشانیوں میں اضافہ ہورہا ہے۔ آرجے ڈی لیڈروں  کے مطابق لوگ نتیش سرکار سے ان کی ۱۵؍برسوں کی سرکار کا حساب مانگ رہے ہیں لیکن یہ جواب دینے کے بجائے اس سے قبل کی لالو پرساد یادو کی حکومت یاد دلا کر آر جے ڈی کے تئیں عوام کو متنفر کرنے کی کوشش کرتے ہیں ۔ آر جے ڈی  کے مطابق نتیش سرکار کی یہ حکمت عملی آر جے ڈی کیلئے سود مند ثابت ہورہی ہے کیونکہ لوگوں کو پتہ ہے کہ ۱۵؍ سال پہلے ریاست میں کس طرح عوام کی اپنی حکمرانی تھی۔ آر جے ڈی ترجمان اور راجیہ سبھا رکن منوج جھا  کے مطابق  ریاست میںتبدیلی کی ایک لہر چل رہی ہے جس کی وجہ سے نتیش کمار کے ساتھ ہی بی جے پی لیڈروں کی بھی نیند حرام ہے۔ منوج جھا کے مطابق آر جے ڈی اس موافق صورتحال کا بہترین استعمال بھی کررہی ہے۔ تیجسوی یادو پوری توانائی سے نتیش سرکار کی خامیوں کو اجاگر کر رہے ہیں اور اپنی سرکار بننے پر کیا کچھ کریںگے، وہ بھی عوام کو بتاتے ہیں۔
 منگل کو بہار کے اورنگ آباد میں منعقدہ ایک ریلی میں اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو نے ایک بار پھر بہار کی نتیش حکومت کو گھیرا۔ انہوں نے نتیش سرکار پر ریاست کے نوجوانوں کو روزگار دینے کیلئے کوئی پہل نہ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ اسی کا نتیجہ ہے کہ آج ریاست میں بے روزگاری کی شرح میں بے تحاشا اضافہ ہواہے ۔
 اورنگ آباد کے گاندھی میدان ، گوہ اور امبا میں مہا گٹھ بندھن امیدواروں کے حق میں منعقدہ انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ریاست میں لاکھوں سرکاری عہدے خالی پڑے ہیں لیکن وزیراعلیٰ نتیش کمار کی قیادت والی حکومت نے یہاں کے بے روزگار نوجوانوں کو روزگار دینے کیلئے کوئی قدم نہیں اٹھایا۔  انہوں نے کہا کہ یہ سرکار نوجوانوں کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ کررہی ہے ۔ انہوںنےوعدہ کیاکہ اسمبلی انتخاب کے بعد بہار میں مہا گٹھ بندھن کی حکومت بنی تو وہ کابینہ کی پہلی میٹنگ میں ہی ریاست کے دس لاکھ بے روزگار نوجوانوں کو روزگار دینے کی راہ ہموار کریںگے ۔ انہوں نے کہاکہ ’’ہم نے اپنی پارٹی کے منشور میں ریاست کے دس لاکھ بے روزگار نوجوانوں کو روزگار دینے کا وعدہ کیا ہے جسے ہم ہر حال میں پورا کریںگے۔‘‘
 مہا گٹھ بندھن کی جانب سے وزیر اعلیٰ کے عہدے کے امیدوارتیجسوی  یادو نے کہاکہ این ڈی اے حکومت ترقی کا ڈھنڈھورا پیٹ رہی ہے لیکن ایسی کوئی بات نہیں ہے اور گاؤں کی بات تو دور شہروں کی صورتحال بھی ابتر ہے۔ انہوں نے کہاکہ ریاست میں مہا گٹھ بندھن کی حکومت بنی تو کانٹریکٹ اساتذہ کو بھی مساوی کام کے بدلے مساوی تنخواہ کی ادائیگی کی جائے گی ۔ 
 تیجسوی  یادو نے دعویٰ کیاکہ اس بار کے اسمبلی انتخاب میںپوری ریاست میں مہا گٹھ بندھن کی لہر چل رہی ہے اور۱۰؍ نومبر کو ہماری حکومت بننے کی راہ ہمواری ہوجائے گی ۔ انہوںنے رائے دہندگان سے ایک بار مہا گٹھ بندھن کو موقع دینے کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ ان کی حکومت بنی تو نوکری کی درخواست کیلئے کوئی فیس نہیں لی جائے گی ۔ آرجے ڈی لیڈر نے کہاکہ ساتھ ہی آشاکارکنان ، جیویکا دیدی اور ٹولہ سیوکوں کی نوکری مستقل کردی جائے گی اور ان کی تنخواہ میں بھی اضافہ کیاجائے گا۔ انہوں نے کہاکہ سینئر سٹیزن کی پنشن کی رقم کو۴۰۰؍ روپوں سے بڑھاکر ایک ہزار روپے کر دیاجائے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK