Inquilab Logo

بہار: اسمبلی اسپیکرلالو یادو سے ملنے اُن کی رہائش گاہ پہنچے

Updated: January 01, 2024, 9:58 AM IST | Shahid Iqbal | Patna

میٹنگ میں تیج پرتاپ بھی موجود رہے،وزیر قانون شمیم اقبال اور سابق وزیر شیام بہاری پرساد نے بھی آر جے ڈی سربراہ سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔

The Bihar Speaker met Lalu Prasad Yadav at his residence on Sunday afternoon. Photo: INN
بہار کے اسپیکر نے اتوار کی دوپہر لالو پرساد یادو سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ تصویر : آئی این این

بہار کی سیاست میں اتوار کو اچانک اس وقت ہلچل تیز ہوگئی جب اسمبلی کے اسپیکر اودھ بہاری چودھری لالو پرساد یادو سے ملنے کی رہائش گاہ پہنچے۔ واضح رہے کہ اودھ بہاری چودھری کا تعلق بھی آرجے ڈی سے ہے مگر ان کے اس طرح لالو کی رہائش گاہ پہنچنے کے بعد میڈیا نے قیاس آرائیوں  کا بازار گرم کردیاہے۔ 
اس ملاقات کوجمعہ کو دہلی میں  جنتادل متحدہ کی مجلس عاملہ میں  پارٹی کی صدارت نتیش کمار کو سونپ دیئے جانے کے پس منظر میں  دیکھا جا رہا ہے۔ میڈیا کا ایک طبقہ یہ باور کرانے کی کوشش کررہاہے کہ جنتادل متحدہ اور آر جے ڈی میں سب کچھ ٹھیک نہیں چل رہا ہے۔ دوسری طرف ایک حلقہ یہ بھی کہہ رہاہے کہ نتیش کمار جنتادل متحدہ کے صدر بن جانے کے بعد انڈیا اتحاد می سرگرم رول ادا کرنا چاہتے ہیں اس لئے ریاست میں وزارت اعلیٰ کی ذمہ داری تیجسوی یادوکو سونپی جاسکتی ہے۔ 
ان قیاس آرائیوں  کےبیچ بہار اسمبلی کے اسپیکر اودھ بہاری چودھری کا اچانک آر جے ڈی سپریمو لالو یادو کے گھر پہنچ جانے کو اہم سمجھا جارہا ہے۔ لالو اور اودھ کمار کے درمیان ۳۰؍ سے ۴۰؍ منٹ کی میٹنگ میں بہار کے وزیر ماحولیات تیج پرتاپ یادو بھی موجود تھے۔ اس سے قبل بہار کے وزیر قانون شمیم اقبال اور سابق وزیر شیام بہار پرساد نے بھی لالو یادو سے الگ الگ ملاقاتیں  کیں۔ اہم بات یہ ہے کہ میڈیا یہ دعوے کررہاہے کہ نتیش کمار ایک بار پھر این ڈی اے سے ہاتھ ملا سکتے ہیں تاہم ان کی قیادت میں  جمعہ کو جنتادل متحدہ نے بی جےپی کے خلاف سخت قرار دادیں  منظور کی ہیں۔ بہرحال بہار میں  جنتادل متحدہ، آر جے ڈی اور کانگریس کے اتحاد کے تعلق سے بی جےپی کی بیان بازی تیز ہوگئی ہے جسے قومی میڈیا اہمیت کے ساتھ پیش کررہاہے۔ بہار بی جے پی کے لیڈر اور مرکزی وزیر گری راج سنگھ نے دعویٰ کیا ہے کہ نتیش کمار کیلئے اب وزارت اعلیٰ کے عہدہ پر برقراررہنا مشکل ہے کیوں  کہ لالو یادو اپنےبیٹے تیجسوی کو وزارت اعلیٰ کے عہدہ پر فائز کرنے کیلئے سرگرم ہوگئے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK