Inquilab Logo

متحد ہوکر ہی بی جےپی کو ہرایا جاسکتاہے: نتیش

Updated: December 12, 2022, 10:34 AM IST | patna

بہار کے وزیراعلیٰ نے اتحاد کی صورت میں  ۲۰۲۴ءمیں  اپوزیشن کو ’بھاری اکثریت ‘ سے جیت کی پیش گوئی کی، میڈیا پر مرکزی حکومت کے کنٹرول پر بھی تنقید کی

Nitish Kumar addressing party workers
نتیش کمار پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے

 بہار کے وزیر اعلی اور جنتا دل (یونائیٹڈ) کے لیڈر نتیش کمار نے اتوار کو یہاں سری کرشن میموریل ہال میں پارٹی کے کھلے اجلاس  سے خطاب کرتے ہوئے  ۲۰۲۴ء میں اپوزیشن کی بھاری اکثریت سے کامیابی کیلئے اس کے اتحاد کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ  ۲۰۲۴ء میں  جو اتحاد بنے وہ تھرڈ فرنٹ نہ ہو بلکہ ’’اصل فرنٹ‘‘ ہو۔  اس کے ساتھ ہی انہوں نے میڈیا پر مودی حکومت کے کنٹرول پر بھی تنقید کی۔ 
 انہوں نے اپنی تقریر شروع کی توسب سے پہلا وارپریس پر ’قبضہ‘ کرنے والوں پر کیا۔  انہوں  نے   وزیر اعظم نریندر مودی کا نام لیے بغیر کہا کہ’’ملک کی ترقی کی تو بات کرتے رہتے ہیں ،لیکن ملک کی غریب ریاستوں کے فروغ کیلئےکام کیوں نہیں کرتے ہیں؟‘‘انہوں نے کہا کہ جہاں پیدا ہوئے (گجرات) وہ پہلے ہی سے آگے ہے، وہ انگریزوں کے زمانے ہی سے آگے ہے۔اور آپ بات کررہے ہیں!‘ انہوں نے کہا کہ پہلے کئی ریاستوں کو خصوصی ریاست کا درجہ ملا۔ اگر اسی طرح سے بہار اور دیگر کئی ریاستیں جو پسماندہ ہیں،اگر انہیں خصوصی ریاست کا درجہ مل گیا ہوتا تو آج تصویر الگ ہوتی۔ 
 نتیش کمار نے اپوزیشن کے اتحاد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اگر سب متحد ہوگئے تو ۲۰۲۴ء میں زبردست اکثریت کے ساتھ جیت حاصل کریں گے۔ ہم تو یہی کوشش کررہے ہیں۔ تیسرا مورچہ نہیں ، اصل مورچہ بنے گا۔ انہوں نے اتحاد میں رکاوٹ پیداکرنے والی اپوزیشن جماعتوں کو بھی خبردار کرتے ہوئے کہا کہ’’ اگر بات مانیں  لیں گے تو جیت جائیں گے ، نہیں مانیں گے تو ہم کیا کریں ۔ہم تو صرف صلاح دے سکتے ہیں۔ ‘‘وزیر اعلی نے اس کے ساتھ ہی سب سے مل جل کر آپس میں پیار محبت سے رہنے کی اپیل کی ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK