Inquilab Logo

بی جے پی کی شکایت کے بعد کانگریس کی ’’گھر گھر ضمانت‘‘ مہم پر الیکشن کمیشن کی روک

Updated: May 03, 2024, 5:40 PM IST | New Delhi

الیکشن کمیشن نے بی جے پی کی شکایت پر کانگریس کی گھر گھر ضمانت مہم پر یہ کہتے ہوئے روک لگا دی ہے کہ یہ سروے کی آڑ میں رائے دہندگان کو رجھانے کی ایک کوشش ہے جو رشوت کے زمرے میں آتی ہے، اوراس سے جائز سروے اور فائدہ مند اسکیموں کیلئے رائے دہندگان کا اندراج کے درمیان فرق مشکل ہو جاتا ہے۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

الیکشن کمیشن نے جمعرات کو تمام سیاسی جماعتوں کو ’’سروے کی آڑ‘‘ میں انتخابات کے بعد کی فلاحی اسکیموں کیلئے ووٹروں کا اندراج بند کرنے کی ہدایت کی۔ پولنگ باڈی نے کہا کہ کچھ سیاسی جماعتیں اور امیدوار ایسی سرگرمیوں میں ملوث رہے ہیں جو جائزہ سروے اور فائدہ مند اسکیموں کیلئے رائے دہندگان کے اندراج کی کوششوں کی درمیانی لکیر کو دھندلاکر دیتے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے کہا کہ ممکنہ فائدہ کی اسکیموں کے بارے میں ووٹروں کا اندراج بھی حکومت کی موجودہ اسکیموں یا پارٹی منشور کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کے نام پر کیا گیا ہے۔ 
سیاسی جماعتوں کو لکھے گئے خط میں ایسی مثالوں کا حوالہ دیا گیا ہے جہاں رائے دہندگان سے کہا گیا ہے کہ وہ موبائل فون پر مسڈ کال دے کر یا اخباری اشتہارات کے ذریعے ٹیلی فون نمبر پر کال کر کے فوائد کیلئے خود کااندراج کریں۔ الیکشن کمیشن نے کہا کہ اس نے ایسے واقعات کا بھی مشاہدہ کیا ہے جب ممکنہ فائدہ اٹھانے والوں کے سماجی و اقتصادی سروے کے نام پررائے دہندگان کے بینک کھاتہ نمبر اور حلقے کا نام سمیت تفصیلات طلب کرنے کیلئے فارم تقسیم کئے گئے ہیں۔ پولنگ پینل نے کہا کہ عام انتخابی وعدوں کی اجازت ہے۔ تاہم، ایسی سرگرمیاں مستند سروے اور سیاسی فائدے کیلئے پروگراموں میں ووٹروں کو شامل کرنے کی جانبدارانہ کوششوں کے درمیان فرق کو دھندلا کرسکتی ہیں۔ 
سیاسی جماعتوں سے اس طرح کی سرگرمیوں کو روکنے کیلئے کہتے ہوئے، الیکشن کمیشن نے ضلعی پولنگ افسران کو ہدایت کی کہ اگر وہ ایسے کسی اشتہار کو دیکھتے ہیں تو عوامی نمائندگی ایکٹ کی دفعہ ۱۲۷؍ اےاور۱۲۳(۱) اور ہندوستانی قانون کی دفعہ ۱۷۱(بی) کے تحت مناسب کارروائی کریں۔ عوامی نمائندگی ایکٹ کا سیکشن ۱۲۷؍ اےپمفلٹ اور پوسٹرز کی چھپائی پر پابندیوں سے متعلق ہے جبکہ سیکشن ۱۲۳(۱)رائے دہندگان کیلئے رشوت کے متعلق ہے۔ تعزیرات ہند کی دفعہ ۱۷۱(بی) رشوت خوری کی سزا سے متعلق ہے۔ 

بی جے پی کا ’’گھر گھر ضمانت‘‘ پروگرام روکنے کیلئے اقدام 
بھارتیہ جنتا پارٹی کی طرف سے کانگریس کے ’’گھر گھر ضمانت ‘‘ پروگرام کو روکنے کیلئے الیکشن کمیشن سے رجوع کرنے کے چند ہفتوں بعد یہ ہدایات سامنے آئی ہیں۔ انتخابی پینل کو دیے گئے اپنے میمورنڈم میں، بی جے پی نے کانگریس پر رشوت خوری کے بدعنوان طریقوں کا الزام لگایا۔ مرکز میں حکمراں جماعت نے کہا کہ یہ پہل کانگریس کے صدر ملکارجن کھرگے نے ۳؍ اپریل کو شروع کی تھی اور حزب اختلاف پارٹی کے کارکنان گھروں میں ’’ضمانتی کارڈ‘‘ تقسیم کر رہے تھے۔ 
میمورنڈم میں کہا گیا ہے کہ کانگریس پارٹی اپنے وعدہ کردہ فوائد تک رسائی کیلئے رائے دہندگان کو درخواستی کاغذات پیش کر رہی ہےان کاغذات پر انڈین نیشنل کانگریس کے سرکردہ لیڈروں، یعنی راہل گاندھی اور ملکارجن کھرگے، کی توثیق کے طور پر دستخط ہیں۔ بی جے پی نے الزام لگایا کہ یہ رائے دہندوں کے اعتماد کو ٹھیس پہنچانے کے مترادف ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK