Inquilab Logo

بی جے پی میں شنکر آچاریائوں کی نہیں، ’بھرشٹاچاریوں ‘ کی قدر ہے

Updated: January 25, 2024, 9:38 AM IST | Nashik

ادھو ٹھاکرے کا مودی حکومت پر نشانہ ، دیویندر فرنویس پر بھی طنز، کہا ’’ اگر پارٹی نے وعدہ وفا کیا ہوتا تو فرنویس آج وزیر اعلیٰ ہوتے‘‘

Uddhav Thackeray and Aditya Thackeray (File Photo)
ادھو ٹھاکرے اور آدتیہ ٹھاکرے(فائل فوٹو)

ریاست کے سابق وزیراعلیٰ اور شیوسینا(ادھو) کے سربراہ اُدھو ٹھاکرے نے ناسک کے اننت کانہرے میدان میںمنعقدہ جلسہ عام سے خطاب  کے دوران جم کر مودی حکومت کو نشانہ بنایا۔انہوں نےکہا کہ ’’کام تو کچھ کیاہی نہیں اب رام کے نام پر ووٹ مانگنے نکلیں گے۔ ‘‘  ادھو کے مطابق ’’بالاصاحب ٹھاکرے کے بعددہلی میںشیوسینا کو ختم کرنے کی سازش رچی گئی۔سینا کے ۶۳؍ اراکین  اسمبلی سابقہ الیکشن میں منتخب ہوئے۔ حکومت سازی کیلئے بی جے پی نے شیوسینا کو دی گئی زبان کا پاس نہیں رکھا۔وعدہ وفا نہیں کیا۔ ڈھائی سال وزیراعلیٰ دیویندرفرنویس رہ سکتے تھے۔‘‘ یاد رہے کہ اگر ڈھائی ڈھائی سال کی میعاد والے فارمولے پر حکومت بنی ہوتی تو  پہلے شیوسینا کا وزیراعلیٰ ہوتا جو یقیناً شندے ہوتے اور اگلے ڈھائی سال کیلئے فرنویس ۔ ادھو کا اشارہ اسی طرف تھا۔  انہوں نے کہا’’   رام مندر کی تعمیر اور کشمیر کااختصاص ختم کرنے کیلئے سینا نے بی جے پی کا ساتھ دیا تھا۔ جس نے ساتھ نبھایا اسی کو ختم کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی۔‘‘ ادھوکے مطابق ’’عوام کا یہ جم غفیر اس بات کی دلیل ہے  کہ شیوسینا  کی مقبولیت آج بھی عوام میں برقرار  ہے۔ عوام کا اعتماد ہمارے ساتھ ہے ۔‘‘
 ٹھاکرے نے کہا کہ ’’ شنکر آچاریائوں  نے ایودھیامیں رام مندر کے افتتاح میں آنے سے انکار کردیا مگرسیاسی لوگ برابر پہنچے ۔بی جے پی میں شنکر آچاریائوں کی نہیں بھرشٹا چاریوں کی قدر ہے۔کسی نے سناتن دھرم پر کچھ بولا سب اسکے پیچھے لگ جاتے ہیں اور تمہاری (بی جے پی)پارٹی کے وزیرنے سناتن دھرم پر بولاتو کسی نے کچھ نہیں کیا۔‘‘ بڑے بڑے پروجیکٹوں کے ریاست سے باہر جانے کے معاملے پر ادھو ٹھاکرے نے کہا ’’مہاراشٹر کی معیشت کو نقصان پہنچانے کیلئے کئی بڑے ترقیاتی منصوبے گجرات منتقل کردئے گئے ۔ معاشی طور سے ممبئی اور مہاراشٹر کو نقصان پہنچایا جارہاہے ۔ ریاست کے رائے دہندگان اور عوام سب دیکھ رہے ہیں۔‘‘
 انڈیا الائنس  کے تعلق سے اُدھونے کہا کہ ’’سب کو نابود کرنے کی سازشوں پر عمل آوری ہو رہی  ہے۔اِس لئے بالکل ہوشیار رہیں۔کسی کے بہکاوے میں بالکل نہ آئیں۔ استعمال کرو اور پھینکو یہ بی جے پی پالیسی ہے۔شیوراج سنگھ چوہان (مدھیہ پردیش )   اور وسندھراراجے ( راجستھان)  اس کی مثالیں ہیں۔ اترپردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ بھی بہت زیادہ خوش فہمیوں میں مبتلا نہ رہیں۔‘‘اس جلسہ عام میں پارٹی  ترجمان سنجے رائوت اورشعلہ بیان خاتون مقرر سشما اندھارے سمیت کئی لیڈران نے  اپنے روایتی انداز میں مجمع سے خطاب کیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK