Inquilab Logo

راجستھان میں بی جے پی کا انتخابی منشور،کئی دلکش اعلانات

Updated: November 17, 2023, 9:47 AM IST | Agency | Jaipur

کسانوں کی بہتری کیلئے ۲۷۰۰؍ روپے فی کوینٹل کے حساب سے گیہوں خریدنے کا فیصلہ، ہر بچی کی پیدائش پر۲؍لاکھ روپے کا بچت بانڈ دیا جائیگا۔

Party state president CP Joshi, Vasundhara Raje, Union Minister Gajendra Singh Shekhawat and Arjun Ram Meghwal can be seen releasing the JP Nadda manifesto. Photo: PTI
جے پی نڈا منشور کا اجراء کرتے ہوئے ،پارٹی کے ریاستی صدر سی پی جوشی، وسندھرا راجے، مرکزی وزیر گجیندر سنگھ شیخاوت اور ارجن رام میگھوال دیکھے جاسکتے ہیں۔ تصویر :پی ٹی آئی

بی جے پی نے مدھیہ پردیش کے بعد اب راجستھان کیلئے بھی اپنا انتخابی منشور(سنکلپ پتر) جاری کردیا ہے اور اس میں بھی غریبوں، کسانوں اور خواتین کو لبھانے کیلئے کئی اہم اعلانات کئے ہیں۔  پارٹی کے قومی صدر جے پی نڈا نے جمعرات کو پارٹی ہیڈکوارٹر میں منشور جاری کیا۔ اس دوران پارٹی کے ریاستی صدر سی پی جوشی، سابق وزیر اعلیٰ وسندھرا راجے، مرکزی وزیر گجیندر سنگھ شیخاوت اور ارجن رام میگھوال سمیت اہم رہنما  لیڈر تھے۔ منشور جاری کرتے ہوئے پارٹی کے قومی صدر جے پی نڈا نے کہا کہ منشور صرف کاغذ پر لکھے ہوئے الفاظ نہیں ہیں بلکہ یہ ہمارے لئے ایک جملہ ہے جسے پورا کرنے کیلئے ہم پابند عہد ہیں۔ ہماری تاریخ گواہ ہے کہ ہم نے جو وعدہ کیا تھا اسے پورا کیا اور جو نہیںکہاوہ بھی کر کے دکھایا۔ بی جےپی کے منشور کی ۱۵؍خاص باتیں درج ذیل ہیں:
۱) کسانوں کی بہتری کیلئے ۲۷۰۰؍ روپے فی کوینٹل کے حساب سےگیہوں خریدا جائے گا۔ اس کیلئے ایم ایس پی پر بونس دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ جن کسانوں کی زمینیں ضبط کی گئی ہیں۔ اسے کسانوں کو واپس کر دیا جائے گا۔
۲)خواتین کی حفاظت کے لیے ہر ضلع میں مہیلا پولیس اسٹیشن کھولے جائیں گے۔ ہر تھانے میں خواتین کا ڈیسک کھولا جائے گا۔ ہر شہر میں اینٹی رومیو اسکواڈ بنائے جائیں گے۔
۳) ’لاڈو‘ مراعاتی اسکیم لائیں گے۔اس میں حکومت ہر بچی کی پیدائش پر۲؍لاکھ روپے کا بچت بانڈ دے گی۔جب بچی چھٹی کلاس میں داخل ہوگی تو اس کے اکاؤنٹ میں سالانہ۶؍ ہزار روپے جمع ہوں گے۔ جب وہ۹؍ ویںکلاس میں پہنچ جائے گی تو اس کے اکاؤنٹ میں سالانہ۸؍ ہزارروپے جمع ہوں گے۔ ۱۰؍ویں کلاس میں جانے پر تو اس کے اکاؤنٹ میں۱۰؍ ہزار روپے،۱۱؍ ویںکلاس میں۱۲؍ ہزار روپے اور۱۲؍ویں کلاس میں ۱۴؍ ہزار روپے جمع کرائے جائیں گے۔ اس کے بعد پیشہ ورانہ کورس کیلئے ۱۵؍ ہزار روپے دیے جائیں گے۔ جب لڑکی۲۱؍ سال کی ہو جائے گی تو اس کے اکاؤنٹ میں مزید ایک لاکھ روپے جمع کرائے جائیں گے۔
۴) کے جی سے پی جی تک تعلیم کا انتظام مفت کیا جائے گا۔ نیز۱۲؍ویں پاس کرنے پر ایک اسکوٹر دیا جائے گا۔
۵) ’لکھ پتی دیدی‘ اسکیم کے تحت۶؍ لاکھ دیہی خواتین کو تربیت دی جائیگی۔  اس کے علاوہ انہیں بااختیار بنانے کیلئے خصوصی مالی امداد بھی دی جائیں گی۔
۶)اجولا اسکیم کے استفادہ کنندگان کو ہر گھریلو گیس سلنڈر پر۴۵۰؍ روپے کی سبسڈی دی جائے گی۔
۷) ماترو وندن یوجنا کے تحت حاملہ خواتین کو دی جانے والی رقم۵؍ ہزار روپے سے بڑھا کر۸؍ہزار روپے کر دی جائے گی۔
۸) ہر سال غریب اور معاشی طور پر کمزور طلبہ کے بینک کھاتوں میں۱۲۰۰؍ روپے جمع کرائے جائیں گے تاکہ وہ اسکول ڈریس اور کتابیں خرید سکیں۔
۹)ریاست میں مختلف قسم کے گھوٹالوں کی تحقیقات کے لیے ایس آئی ٹی تشکیل دی جائے گی اور مجرموں کو سزا دی جائے گی۔
۱۰)سیاحت کو فروغ دینےکیلئے۲؍ ہزارکروڑ روپے کا کارپس فنڈ بنایا جائے گا۔
۱۱)آئی آئی ٹی اور ایمس کے خطوط پر، راجستھان انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی اور راجستھان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز ہر ڈویژن میں کھولے جائیں گے۔
۱۲)۵؍ سال میں ڈھائی لاکھ نوجوانوں کو سرکاری نوکریاں دی جائیں گی۔
۱۳)۱۵؍ ہزار ڈاکٹرز اور۲۰؍ ہزار پیرامیڈیکل بھرتی کریں گے۔
۱۴) ریجنل ہیریٹج سینٹر بنایا جائے گا۔ اس کا بجٹ۸۰۰؍ کروڑ روپے ہوگا۔ اس کے تحت مقامی ثقافت، ادب، لوک رقص سے لے کر اہم علامات کو بین الاقوامی سطح پر فروغ دیا جائے گا۔
۱۵) مانگڑھ دھام کو ترقی دی جائے گی ۔  اسے آئیکون کی حیثیت سے فروغ دیاجائے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK