Inquilab Logo

بی جے پی لیڈر اننت کمارہیگڑے کی اشتعال انگیزی، بی ایس این ایل ملازمین کو غداربتایا

Updated: August 13, 2020, 7:55 AM IST | Agency | New Delhi

رکن پارلیمان نے ۸۸؍ ہزار ملازمین کو برطرف کرنے کی دھمکی دی اور سرکاری مواصلاتی کمپنی کی نجکاری کا راستہ صاف کرنے بات بھی کہی

Anant Kumar Hegde - Pic : INN
اننت کمار ہیگڑے ۔ تصویر : آئی این این

بی جے پی کے ممبر پارلیمنٹ اننت کمار ہیگڑے نے ایک بار پھر متنازع بیان دیا ہے۔ ہیگڑے نے سرکاری ٹیلی کام کمپنی’ بی ایس این ایل ‘کے ملازمین کو غدار قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ملازمین بحران میں کمپنی کی ترقی کیلئے کام نہیں کرنا چاہتے ہیں۔ ایک طرح سےملازمین کو دھمکاتے ہوئےبی جے پی کے ممبر پارلیمنٹ نے کہا کہ حکومت بی ایس این ایل کی نجکاری کرے گی، جس کیلئے ۸۸؍ ہزار ملازمین کو ملازمت سے فارغ کردیا جائے گا۔ بی جے پی کے ممبر پارلیمنٹ کے  مذکورہ بیان کا ایک ویڈیو ان دنوں خوب وائرل ہو رہا ہے۔
 کرناٹک کے اتر کنڑ ضلع کے کمٹا میں گزشتہ روز منعقدہ ایک پروگرام میں بی جے پی کے اشتعال انگیز لیڈر ہیگڑے  نے کہا کہ  بی ایس این ایل کا پورا نظام غداروں سے بھرا ہوا ہے۔  مَیں ان کیلئے صحیح الفاظ استعمال کر رہا ہوں۔ حکومت نے  انہیں رقم دی ، ان کے پاس  انفراسٹرکچر دستیاب ہے اور لوگ خد مات چاہتے ہیں لیکن بی ایس این ایل ملازمین کام نہیں کرنا چاہتے ہیں۔ ہیگڑے کے مطابق وزیر اعظم ڈیجیٹل انڈیا کی بات کررہے ہیں۔  اس کیلئے وہ  ٹیکنالوجی اور فنڈز مہیا کرتے ہیں لیکن وہ( بی ایس این ایل ملازمین)  کام کرنے کی طرف مائل نہیں ہیں۔ ہیگڑے نے کہا کہ مرکزی حکومت بی ایس این ایل کی نجکاری کرکے اس سروس کو بحران سے نکالے گی۔ ہیگڑے نے مزید کہا کہ بی ایس این ایل پورے ملک پر سیاہ  دھبہ بن گئی ہے،اسلئے ہم اسے ختم کردیں گے۔ انہون نے کہا کہ مرکزی حکومت ایک انویسٹمنٹ پالیسی لائے گی، جس کے تحت بی ایس این ایل کو بند کر دیا جائے گا۔ آنے والے دنوں میں نجی کمپنیاں بی ایس این ایل  کے بند ہونے  پر خالی جگہ کو پُر کریں گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK